برطانیہ میں بغیر دستاویز مقیم پاکستانیوں کی واپسی کا معاہدہ

اسلام آباد: پاکستان نے بغیر دستاویزات برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی کے حوالے سے برطانیہ کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔

اسلام آباد میں برطانوی وزیرداخلہ امبر رُڈ سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ برطانوی وزیرداخلہ سے ملاقات کافی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

چوہدری نثار نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دو معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں سے ایک برطانیہ میں بغیر دستاویزات مقیم پاکستانیوں کی واپسی کا معاہدہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ایک سمجھوتے کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کے شعبوں کی نشاندہی اور وضاحت کی گئی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سال میں کم سے کم ایک بار برطانیہ اور پاکستان کے وزرائے داخلے کے درمیان وزارتی سطح کی ملاقات ہونی چاہیے جس کے ایجنڈے میں سیکیورٹی سے لے کر انسداد دہشت گردی، منشیات، منظم جرائم، خفیہ معلومات کا تبادلہ وغیرہ شامل ہوں۔

چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کے دوران مزید بتایا کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے جلد دورہ پاکستان کی توقع ہے، ایسے کوئی مسائل نہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں رکاوٹ ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے مستحکم تعلقات ہیں،برطانوی وزیر داخلہ سے خوشگوار اور مثبت بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے لیے خوشحالی کے مشترکہ مواقع موجود ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

دہشت گردی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے برطانوی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے، پاکستان کی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانی ایم کیوایم کے معاملات برطانوی پولیس دیکھ رہی ہے اس معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے