بے بنیاد پروپیگنڈہ اور سازشیں دینی مدارس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،رجوع الی اللہ اور تقویٰ کے ذریعے دنیا آخرت کی فلاح ممکن ہے،دینی مدارس کے خلاف کسی کو کسی مہم جوئی کی اجازت نہیں دی جائے گی،تحفظ ناموس رسالت ہمارے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس بارے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وطن عزیز کا استحکام وسالمیت ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے مدارس کو ہدف بنا کر ملک دشمن عناصر کو رعایت نہ دی جائے
ان خیالا ت کا اظہار مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاوری،مولانا سعید یوسف،مولانا مفتی محمد، مولانا فضل الرحمن خلیل،مولانا ظہور احمد علوی،مولانا قاری احمد میاں تھانوی،مولانا نذیر فاروقی،مولانا عبدالغفار توحیدی،مولانا قاضی شفیق الرحمن،مولانا قاضی شبیر عثمانی،چودھری ناصر محمود،سینیٹر طلحہ محمود اور دیگر نے دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی میں ختم بخاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا قاضی عبدالرشید کی میزبانی میں جامعہ دارالعلوم فاروقیہ راولپنڈی میں عظیم الشان سیرت معلم کائنات کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں علماء کرام،عوام الناس،طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ دینی مدارس کو بدترین پروپیگنڈے اور سازشوں کا سامنا ہے لیکن کوئی پروپیگنڈہ اور سازشیں دینی مدارس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈے کے باوجود عوام الناس کے دینی مدارس کی طرف رجوع میں اضافہ ہوا ہے۔
مولانا مفتی تقی عثمانی نے زور دے کر کہا کہ ہمیں ہر مرحلے پر اپنی آخرت کی زندگی کو سامنے رکھنا چاہیے اور اللہ رب العزت کی خشیت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانان چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رجوع الی اللہ،تقویٰ اور اپنے محاسبہ کے ذریعے دنیا اور آخرت کی زندگی میں فلاح وکامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔سیرت معلم کائنات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف کسی کو کسی قسم کی مہم جوئی کی اجازت نہیں دی جائے گی یہ مدارس ہمارے ایمان اور عقیدے کے محافظ ہیں اور ہم ان اداروں کی پاسبانی کو اپنا ایمانی فریضہ سمجھتے ہیں۔
سیرت معلم کائنات کانفرنس کے شرکاء نے اپنے اس دیرینہ عزم کا اظہار کیا کہ تحفظ ناموس رسالت کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر مقررین نے واضح کیا کہ ملکی سلامتی اور استحکام ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے دینی مدارس کو بلاوجہ ہدف بنا کر ملک دشمن عناصر اور قوتوں کو رعایت نہ دی جائے۔اس موقع پر جامعہ الرشید کراچی کے شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا اوردرس نظامی کی تکمیل کرنے والے خوش قسمت فضلاء کرام کی دستار بندی اور دینی علوم حاصل کرنے والی طالبات کی چادر پوشی کی گئی۔