آزاد کشمیر: مسافر وین کھائی میں جاگری، 8 افراد ہلاک

آزاد جموں اور کشمیر کے ضلع حویلی میں مسافروین کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 خواتین سمیت 8 افراد ہلاک جبکہ 4 خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔

ضلع حویلی کے ڈپٹی کمشنر کاشف حسین نے ڈان کو بتایا کہ متاثرہ وین حالان گاؤں میں ایک شادی کی تقریب سے واپس کہوٹہ آرہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔

یاد رہے کہ حالان گاؤں ضلع حویلی کے ضلعی ہیڈکوارٹر کہوٹہ سے 7 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم ہے یہ علاقہ لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے۔

حادثے کے متاثرین میں بیشتر آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات چوہدری محمد عزیز کے رشتہ دار بتائے گئے ہیں جبکہ ضلع حویلی ان کے حلقے میں شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ‘کہوٹہ کے قریب متاثرہ وین اس وقت ڈرائیور سے بے قابو ہوکر 500 فٹ گہری کھائی میں جاگری جب وہ ایک موڑ کو عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 5 خواتین موقع پر ہی ہلاک جبکہ دیگر شدید زخمی ہوگئیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دو خواتین اور ڈرائیور راستے میں ہی زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی۔

ڈپٹی کمشنر نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت بتاتے ہوئے کہا کہ وین کا ڈرائیور محمد آصف ولد دریا محمد، سائمہ کوثر اہلیہ چوہدری محمد حیسن، تنویر بیگم اہلیہ چوہدری محمد رفیق، تعظیم اختر اہلیہ چوہدری محمد مقصود، فاریشا بی بی اہلیہ محمد بشیر کاتاریہ، فضل جان اہلیہ چوہدری محمد یونس، نسرین اہلیہ چوہدری طالب حسین اور سلیم اختر اہلیہ چوہدری اختر دین شامل ہیں۔

حادثے کے زخمیوں میں سرور جان، نسرین اختر، تصویر جان اور شاہین شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حادثے کے 3 زخمیوں کو علاج کیلئے روالا کوٹ میں قائم شیخ خلفیہ بن زیاد النہیان ہسپتال جبکہ دیگر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حویلی منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہی ہے لیکن سول سوسائٹی نے آزاد کشمیر میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی حالت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

سول سوسائٹی کے رضاکار راجا منصور نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کی تصویر یہ ظاہر کرتی ہے کہ اس کے ٹائروں کی معیاد مکمل ہوچکی تھی جس کی وجہ سے وہ حادثے کا شکار ہوئی۔

اس کے علاوہ سول سوسائٹی کے ایک اور رضاکار خواجہ غلام جیلانی کا کہنا تھا کہ ‘یہ مسئلہ آزاد کشمیر کے تقریبا تمام دیہی علاقوں میں موجود ہے جہاں اپنی معیاد پوری کرنے کے باوجود گاڑیاں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال کی جارہی ہیں، جو مسافروں کی جان کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ ہے’۔

تاہم ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کیونکہ حویلی ایک پہاڑی علاقہ ہے اس لیے یہاں فور بائے فور جیپس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے