خیبرپختونخوا: لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج، ایک شخص ہلاک

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف دوسرے روز بھی لوگ سراپا احتجاج ہیں اور مالاکنڈ میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو مشکلات کا شکار کردیا جس کے باعث خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

شہریوں نے دوسرے روز بھی واپڈا اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کے دفاتر پر حملے کیے اور دفاتر پر قبضہ کرکے ان میں توڑ پھوڑ کی۔

ملاکنڈ کے علاقے درگئی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے واپڈ ہاؤس پر دھاوا بول دیا اور توڑپھوڑ کی جبکہ مظاہرین نے واپڈا کا دفتر اور تھانے کو نذر آتش کردیا۔

اس دوران پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کو شش کی گئی تاہم ہوائی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو علاج کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

پشاور میں احتجاج

دوسری جانب اچینی بالا کے مکینوں نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف ایم پی اے فضل الٰہی کی قیادت میں احتجاج کیا۔

ایم پی اے فضل الہیٰ کی قیادت میں مظاہرین نے رنگ روڈ بند کردیا جبکہ واپڈا آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران ایم پی اے فضل الہیٰ کی حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ادھر ترجمان پسکو کے مطابق احتجاج کرکے حالات کو دانستہ خراب کرنے کی کوشش کی گئی، روزانہ کے احتجاج سے ہمارا کام کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے