گلگت: استاد کے مبینہ تشدد سے 11 سالہ بچی جاں بحق

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ایک 11 سالہ بچی سرکاری اسکول کی خاتون استاد کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگئی۔

غذر پولیس نے خاتون استاد کو گرفتار کرکے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) غذر فیصل ظہور نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ضلع غذر کے علاقے شیر قلع سے تعلق رکھنے والی مذکورہ بچی کے والدین نے گاہکوچ ویمن پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کروائی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کی بیٹی اپنی ٹیچر کے تشدد کی وجہ سے جاں بحق ہوئی.

والدین نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو اسکول ٹیچر نے کلاس کے دوران لوہے کی سلاخ سے مارا، جس سے بچی کی ٹانگوں پر شدید زخم آئے اور بعدازاں ٹانگوں کی ہڈیوں میں انفیکشن ہوگیا.

درخواست کے مطابق والدین کا کہنا تھا کہ بچی کو علاقے کے نجی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے علاج کی غرض سے گلگت کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لے جانے کی تجویز دی، لیکن پیر (12 جون) کی صبح بچی کا انتقال ہوگیا.

ایس پی ظہور نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی اس بات کی تحقیقات کی جانی ہیں کہ بچی کی موت استاد کے مبینہ تشدد سے ہوئی یا اس کی وجہ کچھ اور تھی.

انھوں نے مزید بتایا کہ غذر پولیس کے اہلکار مذکورہ خاتون استاد کو گرفتار کرنے کے لیے جب شیر قلع پہنچے تو علاقے کے کچھ لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا.

پولیس نے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرلی.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے