امریکی فوجی گاڑیاں افغانستان جانے کیلئے کراچی پورٹ پہنچ گئیں

افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کے استعمال کے لیے 600 مزید فوجی گاڑیوں کو لیکر ایک بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا۔

امریکی فوجی سامان کی کھیپ تقریباَ 6 ماہ کے وقفے کے بعد کراچی پہنچی، یہ سامان جنگ سے متاثرہ افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں تک پہنچایا جائے گا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق ‘ایم وی گلوویس سن’ اور دیگر فوجی سامان کو لیکر یہ بحری جہاز امریکی بندر گاہ ولمینگٹن سے کراچی کے لیے روانہ ہوا تھا جو گذشتہ ماہ کراچی پہنچا۔

ان گاڑیوں کی ساخت کے بارے میں دستاویزات میں کچھ نہیں بتایا گیا تاہم بندرگاہ میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ ان میں ہموی ساختہ گاڑیاں ہیں جو افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کے استعمال میں ہیں۔

امریکی بحری جہاز 6 ماہ قبل بھی ‘ہموی’ گاڑیاں لے کر کراچی کی بندرگاہ پہنچا تھا۔

دستاویزات سے تصدیق ہوئی ہے کہ اس سامان کو امریکی فوج نے درآمد کیا جبکہ ان دستاویزات میں تاریخ اپریل اور مئی کی درج ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت 8 ہزار 5 سو امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں اس کے باوجود امریکا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے مزید 4 ہزار 5 سو فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان کرچکا ہے۔

امریکی فوجی افغان سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے، ان کی ٹریننگ اور جنگی حالات میں ان کی مشاورت کے لیے افغانستان میں موجود ہیں۔

رواں سال مئی میں امریکا نے داعش کے خطرے کے پیش نظر 1 ہزار 5 سو خصوصی فوجی اہلکاروں کو افغانستان میں تعینات کیا تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں امریکی فوجی سامان کی افغانستان میں ترسیل کا مطلب یہ ہے کہ امریکا افغانستان میں اپنی موجودگی کو طویل عرصے تک بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے