چینی کمپنی سے لاہور ایئرپورٹ کی تعمیرِنو کا معاہدہ

حکومتِ پاکستان نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیرِ نو کے لیے چینی کمپنی سے 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کا معاہدہ کرلیا۔

منگل کے روز چین کے سرکاری اخبار ‘پیپلز ڈیلی’ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو نامی کمپنی لاہور ایئرپورٹ کی انجینئرنگ، سامان کی خریداری اور تعمیرِ نو کا معاہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تعمیرِ نو مکمل ہونے کے بعد یہ ایئرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ بن جائے گا۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان اخبار کی رپورٹ میں مزید درج ہے کہ ‘تھرڈ انجینئرنگ بیورو کی جانب سے کسی غیر ملک میں حاصل کیا جانے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے، اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کی ایک اہم کامیابی بھی’۔

یاد رہے کہ اس سے قبل، یہ چینی کمپنی پاکستان میں اور بھی کئی میگا پراجیکٹس حاصل کرچکی ہے جن میں سکھر اور ملتان کے درمیان کراچی-لاہور ایکسپریس وے، لاہور کا عارفہ سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور سینٹورس ہوٹل کا معاہدہ شامل ہے۔

واضح رہے کہ ایشیاء، افریقہ اور یورپ کو ایک نئے سلک روڈ سے جوڑنے کے لیے چین کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ سرمایہ کاری کے ایک اہم پروگرام کے طور پر سامنے آیا ہے جس میں ریلوے، بندرگاہیں، اور پاور گرڈز وغیرہ شامل ہیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) بھی ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا اہم جز ہے جبکہ گوادر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر سی پیک میں شامل ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے