‘را’ افغانستان سے بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے: جنرل زبیر حیات

کراچی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ افغانستان اور دیگر علاقوں سے پاکستان بھر اور بالخصوص بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے.

پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل زبیر حیات نے کہا کہ پاکستان، خفیہ ایجنسیوں بالخصوص ‘را’ کے مذموم عزائم سے اچھی طرح آگاہ ہے۔

کراچی میں بحریہ افسران کی 107 ویں مڈ شپ مین اور 16 ویں شارٹ سروس کمیشن کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے خلاف ‘را’ کی سازشوں سے بھی واقف ہیں۔

جنرل زبیر کے مطابق ‘بھارتی خفیہ ایجنسی ملک میں بے چینی اورعدم استحکام پیدا کرکے اربوں ڈالر مالیت کے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان نیوی کی شاندار تاریخ ہے اور ہمارے سیکیورٹی دفاعی آپریشنز، میری ٹائم کاؤنٹر ٹیرارزم، اینٹی پائریشن آپریشنز میں مزید بہتری آئی ہے’۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے جبکہ افغانستان میں استحکام، سلامتی اور سیکیورٹی قائم ہونا پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی ضروری ہے’۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان کی دو طرفہ اور کثیرالجہتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر تشویش ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘سیکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مقامی پراکسیز کے ذریعے فعال بیرونی اسٹیٹ اسپانسرڈ عناصر کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے’۔

جنرل زبیر نے کہا کہ ‘پاکستان کو علیحدہ کرنے کی کوششیں ماضی میں ناکام ہوئیں اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا، ہم مربوط اجتماعی کوششوں کے ذریعے تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی امن اور استحکام کی خواہش ون وے ٹریفک نہیں جبکہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے پاکستان کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

جنرل زبیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اورطاقت کا مظہر ہیں اور مسلح افواج نے پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔

انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی سے 100ا فسران پاس آؤٹ ہو رہے ہیں جن میں سے 72 پاکستانی اور 28 برادر ممالک کے افسران شامل ہیں۔

پاس آؤٹ ہونے والے غیر ملکی کیڈٹس میں بحرین ، قطر اور سعودی عرب کے کیڈٹس شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے