’تحریک انصاف کے رہنماؤں کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس دوں گا‘

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے ‘تہلکہ خیز انکشافات’ کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے خود پر لگائے گئے جھوٹے الزامات پر 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا عندیہ دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ ان کی عائشہ گلالئی سے کوئی ملاقات یا فون پر گفتگو نہیں ہوئی، ہاں رکن اسمبلی کی پریس کانفرنس کے بعد ان سے تھوڑی دیر کے لیے فون پر گفتگو ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ عمران خان اخلاقی پستی جبکہ ان کی پارٹی بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

تحریک انصاف کی سابق رہنما عائشہ گلالئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ انہوں نے سچائی ظاہر کرکے بہاردی کا مظاہرہ کیا۔

ن لیگ کے رہنما نے عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کے خلاف الزامات کی چھان بین ہونی چاہیے۔

امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف بات کی جائے تو عمران خان انہیں نمبر ون وزیراعلیٰ کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں کیا ضرورت ہوگی کہ وہ عائشہ گلالئی کو کروڑوں روپے کے عوض عمران خان کے خلاف بات کرنے کے لیے تیار کریں جبکہ عمران خان کے بارے میں امریکا سے بنی گالہ تک سب جانتے ہیں۔

ن لیگ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت میں کرپشن کا بازار گرم ہے جو عمران خان کو نظر نہیں آتی اور جس کا اعتراف ان کے اپنے صوبائی وزراء کر رہے ہیں۔

امیر مقام نے عمران خان کو پاکستان کی سیاست میں ’گندا انڈا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی سیاست کو خراب کیا۔

ن لیگی رہنما نے سوال کیا کہ عمران خان آرٹیکل 62، 63 کی بات کرتے ہیں لیکن جو بھی سیاست دان ان کی جماعت میں شامل ہو جاتا ہے تو کیا اس پر آئین کا یہ آرٹیکل لاگو نہیں ہوتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں سے جس نے بھی ان پر عائشہ گلالئی کو پیسے دینے کا الزام لگایا وہ ان کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ تحریک انصاف میں خواتین کی کوئی عزت نہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو نفسیاتی مسائل کا شکار اور جعلی پٹھان قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان پاکستان میں غیر ملکی ثقافت لانا چاہتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کی جانب سے نامناسب پیغامات بھیجنے کا بھی الزام لگایا تھا۔

بعد ازاں تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر انہیں 3 کروڑ ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ عائشہ گلالئی، عمران خان پر لگائے گئے الزامات کو 10 دن کے اندر ثابت کریں، بصورت دیگر معافی مانگیں اور 3 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں۔

واضح رہے کہ گذشتہ راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وکیل راجا محمود بشارت نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے