آج ملک بھر میں 52واں یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے

1965ءکی جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں یوم دفاع کی خصوصی تقریبات جاری ہیں۔

نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا ءپر ڈپٹی نیول چیف ایئر ایڈمرل فرخ احمد نے پھول رکھے۔

ادھرکراچی میں بھی مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ، جس میں پاک فضائیہ کےکیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

مزار قائد پر پاک بحریہ کےکیڈٹس گارڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ائیروائس مارشل عمران خالد تھے۔

کراچی میں ملیر گیریژن میں 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر تقریب منقعد کی جارہی ہے ۔ تقریب میں آرمی افسران کے اہلخانہ بڑی تعداد میں شریک ہیں۔

پشاور کے کرنل شیرخان شہید اسٹیڈیم میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش کی جارہی ہے۔کوئٹہ میں پی اے ایف بیس سمنگلی ایئربیس پر تقریب سجائی گئی ہے۔

یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں آج رات ہو گی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

یوم دفاع پاکستان پر شہدا کو بھی یاد کیا جارہا ہے۔

لاہور میں میجر شبیر شریف شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب ہوئی ۔صدر ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور آرمی چیف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول رکھےگئے۔

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے میجر شبیر شریف شہیدکی قبرپر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی ۔

اِس موقع پر میجرشبیر شریف شہید کے گھر والوں کا کہنا تھا شہید نے اپنی زندگی بہادری ،عزم و ہمت اور لگن سے گزاری اور اپنی جان اپنے وطن پر قربان کی۔

غذر کی تحصیل یاسین کے گاؤں ہندور میں شہید لالک جان کے مزار پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاک فوج کے افسران، جوانوں اوراسکول کے بچوں اورعام افراد نے شرکت کی ۔

شہید کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انہیں لالک جان کی شہادت پر فخر ہے ۔ اس موقع پر لالک جان شہید کے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور سلامی پیش کی گئی ۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے موجود طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے ۔

لاہور میں یوم دفاع کے موقع پر مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، رینجرزکےچاق و چوبند دستے نے گارڈز کےفرائض سنبھال لیے۔

گیریژن کمانڈر میجرجنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، پاکستان رینجرزکے چاق وچوبند دستے نےسلامی دی اور گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کئے۔

[pullquote]یوم دفاع پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات[/pullquote]

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔

دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے 6ستمبر کی اصل روح برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

صد مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ 6ستمبر کو اہل پاکستان نے بےمثال قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا جو دشمن کی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔

یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارا عزم مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ردالفساد ملک کےمختلف حصوں میں کامیابی سےجاری ہے اور یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ دنیا کی کسی قوم نےدہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان جتنی قیمت ادانہیں کی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج نے دہشت گردی کے خلاف دُنیا کا سب سے بڑا اور مشکل معرکہ لڑ کر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے جبکہ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور خیبر 4نے دشمن کی کمر توڑ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دن دنیا کو پیغام دیا پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت سےنمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس روز پاک فوج نے بےمثال جرأت و بہادری سے دشمن کی آرزوؤں پر پانی پھیر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، ہماری افواج پہلے سے زیادہ تربیت یافتہ اور چوکس ہیں جبکہ ہماری معیشت کا شمار دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں ہورہا ہے۔

[pullquote]یوم دفاع پر سروسز چیفس کے خصوصی پیغامات[/pullquote]

یوم دفاع پر سروسز چیفس نے خصوصی پیغامات دئیے ہیں ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے کہ دشمنوں کی گولیاں ختم ہوجائیں گی لیکن ہمارے جوانوں کی چھاتیاں ختم نہیں ہوں گی۔

سربراہ پاک فضائیہ سہیل امان نے یوم دفاع پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب یک جان ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کر یں گے۔

خطےمیں تبدیلیوں اورچیلنجز سے با خبر رہنے کی ضرورت ہے۔

قوم مادروطن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنیوالوں کو سلام، خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ شہدا نے بلاشبہ، جرات و بہادری کے شاندار کارنامے سر انجام دیکر قربانی کی لازوال مثالیں قائم کیں، شہدا نےتاریخ کے نئے باب رقم کیے جو آنیوالی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں، ملک کو درپیش غیر معمولی مشکلات اسی جذبہ قومیت کی احیاء کے متقاضی ہیں۔

ہم سب یک جان ہو کر ان حالات کا مردانہ وار مقابلہ کر یں گے۔

نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ذکاء اللہ کا کہنا تھا کہ پُرامن بقائے باہمی کی خواہش کے ساتھ خطے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں، چیلنجز سے با خبررہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ارض پاک کے دفاع کے لئے بے لوث ولولے اور قربانی کے جذبے کے احیاءکا تقاضا کرتا ہے، آج پاکستان ہر محاذ پر ثابت قدمی اور پُرعزم انداز سے ترقی کر رہا ہے، پاک نیوی اپنی بندرگاہوں، ساحلی پٹی اور سمندری راہداریوں کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لئے ہردم تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن اپنے غازیوں اور شہداءکے بے مثال حوصلے، شجاعت اور ثابت قدمی کے نام کرتے ہیں، اس سے قبل ریئرایڈ مرل فرخ احمد نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔

[pullquote]دہشت گردی کی حالیہ لہر ایک چیلنج ہے، وزیراعلیٰ سندھ[/pullquote]

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے اس جنگ میں بہادری کی تاریخ رقم کی، پی اے ایف ہیروز آج بھی ہماری دلوں میں زندہ ہیں جبکہ حالیہ دہشت گردی کی لہر ہمارے لیے ایک چیلنج ہے۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پرشہداء کوخراج تحسین پیش کرنے کےلیے پاک فضائیہ کی مسرور بیس پر پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی مسرور بیس پر یوم دفاع تقریب میں شرکت کی۔

یہ پروگرام ایئرفورس کے شہداء کی یاد میں منایا گیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے پہنچنے پر ایئر وائس مارشل محمد حسیب پراچہ نے استقبال کیا، تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر، آرمی، ایئر فورس کے افسران اور سویلین نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا،اس کے بعد قومی ترانا پیش کیا گیا جبکہ پاکستان ایئر فورس اسکول کے بچوں نے ایئرفورس کے شہداء کو خراج تحسین دینے کی لیے قومی نغمے پیش کیے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے تمام آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا۔ پی اے ایف نے لاہور کا بہادری سے دفاع کیا۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف اسٹال کا دورہ کیا،جہاں انہیں مختلف اشیاء کے بارے میں بتایا گیا۔

[pullquote]1965 کے واقعات قابل فخر ہی نہیں ایمان افروزاورسبق آموز بھی ہیں، صدرآزادکشمیر[/pullquote]

آزاد کشمیر: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قوم کے اتحاد کا نشان بن چکا ہے جب کہ 1965 کے واقعات قابل فخرہی نہیں ایمان افروز اورسبق آموز بھی ہیں۔

یوم دفاع پاکستان پر آزادکشمیر کے صدر آزاد کشمیرسردار مسعود کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قوم کے اتحاد کا نشان بن چکا ہے، ستمبر 1965 کے واقعات قابل فخرہی نہیں ایمان افروزاورسبق آموزبھی ہیں، کشمیری عوام بھارتی مظالم کا بڑی پامردگی سے مقابلہ کر رہے ہیں اور کشمیریوں پر ظلم و ستم بند ہونے تک پاک بھارت مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔

وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر مثبت پیش رفت ہوئی لیکن بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا ہے۔

وزیراطلاعات مشتاق منہاس نے کہا کہ وطن عزیز کیلئے قربانیاں پیش کرتے رہیں گے، کشمیری عوام اپنی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں اور بھارت جتنا بھی ظلم کرے کشمیری منزل حاصل کر کے رہیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے