بھارت:اسکول میں 7 سالہ بچے کی ہلاکت پر شدید احتجاج

بھارت کےدارالحکومت نئی دہلی کے قریب واقع ایک بین الاقوامی اسکول کی انتظامیے کے رکن کی جانب سے سات سالہ بچے کو چھری کےوار سے قتل کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا جبکہ مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔

گرگاؤں میں واقع ریان انٹرنیشنل اسکول کے باتھ روم سے سات سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے بعد اسکول انتظامیہ کے ایک رکن کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر اسکول بس کے منتظم نے جنسی زیادتی کی کوشش کی تاہم بچے کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس کے بعد ان پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔

اےایف پی کو گرگاؤں پولیس کے ڈپٹی کمشنرسمر دیپ سنگھ نے بتایا کہ ‘تفتیش کے دوران ملزم نے جرم کا اعتراف کیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے نے جنسی زیادتی کی کوشش پر مزاحمت کی جس پر حملہ آور نے اپنے جرم کو چھپانے کے لیے انھیں قتل کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ملزم گزشتہ آٹھ ماہ سےاسی اسکول میں کام کررہے تھے۔

مذکورہ واقعے کے بعد اسکول کے ایک ہزار کے قریب بچوں کے والدین نے ادارے کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسکول کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اوراسکول کی عمارت کو گھیرے میں لے کر مزید کسی نقصان سے بچالیا۔

اسکول کی انتظامیہ نے پرنسپل کو معطل کرتے ہوئے تفتیش میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ریان انٹرنیشنل اسکول کا شمار بھارت کے سرفہرست تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے اور ملک بھر اور متحدہ عرب امارات میں ریان انٹرنیشنل کے 150 کے قریب اسکول قائم ہیں۔

نئی دہلی میں قائم شاخ میں گزشتہ سال اس وقت ایک تنازع سامنے آیا تھا جب 6 سالہ بچے کی لاش پانی کی ٹینکی سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اسکول کے پرنسپل اور انتظامیہ کے دیگر اراکین سمیت ایک استاد کو گرفتار کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے