تحریک انصاف نے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 7 برسوں کے دوران ملنے والی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پارٹی رہنما نعیم الحق اور تحریک انصاف کے سیکرٹری فنانس اظہرطارق بھی موجود تھے۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے پارٹی کو ملنے والے چندے کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں، 5 جلدوں پر مشتمل تفصیلات میں 2010 سے 2017 تک ملنے والے چندے کے کوائف ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے تفصیلات کی رسید مانگے جانے پر پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر کو جھاڑ پلا دی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہمیں پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کی رسید دی جائے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے غصے میں آکر جواب دیا کہ کیا ہم یہاں کوئی آڑھتی بیٹھے ہوئے ہیں، یہ ریکارڈ جمع کرانا ہماری ذمہ داری تھی یا آپ کی، آپ ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہیں، اس کی کوئی رسید نہیں ملے گی، جس پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سے معذرت کرلی۔

پی ٹی آئی کے وکیل کی الیکشن کمیشن سے اکاؤنٹس کی تفصیلات مخالف فریق کو نہ دینے کی درخواست کی۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی رولنگ ہے کہ ویب سائیٹ پر اثاثوں کی تفصیلات شائع ہونی چاہئے، ہم سے تو گزشتہ دنوں میں بہت سے لوگوں کے اثاثوں کی نقول حاصل کی ہیں.

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آج لڑنے کا دن نہیں ،صرف تفصیلات جمع کروانے کا دن ہے، کیا یہ وہی تفصیلات ہیں جو سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کو ہدایت کی کہ پارٹی کی جانب سے مجاز نمائندہ متعلقہ حکام کے ساتھ بیٹھ کر دستاویزات کی تصدیق کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے دوبارہ استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس اب کب لگا ہے ؟ جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں 10 اکتوبر کو سماعت ہے، اس لیے یہاں سماعت کی تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی جائے، جس پر کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے