سرگودھا: جوہر کالونی کی 18 سالہ ثنا نے 5 ماہ میں 7 شادیاں کیں اور اپنے شوہروں کے گھروں کا صفایا کرکے غائب ہوگئی۔
میڈیا کے مطابق سرگودھا کے علاقے جوہر کالونی کی رہائشی 18 سالہ ثنا نے 5 ماہ میں 7 نوجوانوں کو بے وقوف بنایا اور ان سے شادی کرکے لوٹنے کے بعد فرار ہوگئی تاہم ثنا اب قانون کے شکنجے میں آ گئی ہے اور اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوشیزہ نے ایک گروپ بنا رکھا تھا جس میں اس کے جعلی ماں باپ، بھائی اور رشتہ دار شامل تھے، ثنا کے جھوٹے رشتے دار کنوارے لڑکوں کو شادی کا جھانسہ دے کر جہیز کی تیاری کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرتے تھے جب کہ لڑکی شادی کرنے کے بعد اپنے شوہروں کے گھروں کا قیمتی سامان چوری کرکے غائب ہوجاتی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوسرباز گروہ کا انکشاف اس وقت ہواجب لڑکی سے شادی کرنے اور لٹنے والے 2 نوجوانوں نے پولیس کو درخواست دی اور سیشن کورٹ میں اپنے اپنے نکاح نامے پیش کئے۔ پولیس نے ثنا کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے جیل بھجوا دیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے اور لٹ جانے والے نوجوانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔