سر رہ گزر ام الخبائث بھارت

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی:بھارت دہشت گردی کا بانی، سب سے بڑی جمہوریت، سب سے بڑی منافق ۔ پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ میں بھارت کو کرارا جوا ب دیا۔ مودی کو مزا تو آیا ہوگا لیکن وہ مائنڈ سیٹ جو تقسیم ہند کے وقت سے ان بھارتی نیتائوں کا بن چکا تھا وہ آج بھی قائم ہے اور سچی بات یہ ہے کہ بھارت نے روز ِ اول سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔ یہی اندر کی بات ہے جس پر بھارت کی ہر پارٹی کے قائدین کا دوام رہا ہے۔ بھاتی جارحیت کے کئی منہ ہیں ان کو بند کرنے کا ایک ہی دیرپا حل ہے کہ پاکستان اپنےنظام کو مزید بیمار نہ رہنے دے۔قومی مفادات کے بل بوتے پر ذاتی مفادات کو غالب نہ ہونے دیا جائے دفاع کو اس حد تک مضبوط کیاجائے کہ بھارت جس کی کمزوری خوف ہے لرزتا رہے۔ اکانومی کو وہاںلے جایاجائے جہاں سے بھارت کو فقط کمتری کااحساس ملے۔ جمہوریت کے پرچم تلے شاہی نہ کی جائے۔ کسی کو اپنی خودمختاری سے نہ کھیلنےدیا جائے۔ اگر کوئی بھی ہمسایہ یا ہمارے ہمسایوں کا ماں جایا ہمارے ریاستی حدود و قیود کا احترام نہ کرے تو اس کو طاقت کے ذریعے پیچھے دھکیل دیا جائے۔ سفارتکاری کو اہلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر اس قدر تیزرفتار بنادیاجائے کہ بھارت جیسے ملک کو کہیں اپنا ناپسندیدہ چہرہ، پسندیدہ بنانے کا موقع ہی میسر نہ آئے۔ ملک سے اقتدار کی دلکشی اور اس سے رومانس کا خاتمہ کیا جائے۔ شاہانہ پروٹوکول کی لعنت ختم کی جائے۔وزرا کو آسمانی مخلوق بنانے کی تمام مراعات و سہولیات سلب کرلی جائیں تاکہ ہوس اقتدار کاخاتمہ ہو۔ ہم حلفاً یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہمارے ہاں اعلیٰ عہدوں اور منصبوں کی منصوبہ بندی خود کو ماورائی مخلوق بنانے کے لئے کی جاتی ہے۔ رعونت کا غازہ رخسار ِ اقتدار کو بہت دلفریب بنا دیتا ہے۔ ہمیں اس مقام کو پانا ہوگا کہ بھارت دوستی کی بھیک مانگے۔ کہیں کوئی کمی کوئی کمزوری کوئی نااہلی کوئی سقم ہے جو بھارت ہمہ وقت پاکستان کے خلاف خباثت سے باز نہیں آتا۔
٭ ٭ ٭ ٭
عبرتناک خبر ناک!
خبر ہے کہ ملک بھر میں بجلی صارفین سے 14قسم کے مختلف ٹیکس وصول کئے جانے کا انکشاف۔پہلے جب کتا کاٹتا تھا تو پیٹ میں 14ٹیکے لگتے تھے اب صرف ایک ٹیکہ لگتا ہے مگر بجلی صارف کے بل کو ہنوز 14ٹیکس کے ٹیکے لگتے ہیں، بجلی کی فی یونٹ قیمت کا تعین اجزائے ضربی سے کیا جاتا ہے ہر روز کوئی بھدا سا کوئی گدلا سا کوئی کُبا سا انکشاف ہوتا ہے کبھی یہ نہیں ہوتا کہ وطن عزیز میں تیل نکل آیا، سونا دریافت ہوا، بجلی کے بل کو کسی بائولے جانور نے نہیں کاٹا کہ اس پر 14ٹیکسز کا گوٹا کناری چڑھا کر نذر صارفین کیا جائے، کیا کوئی بھی عدالت از خود یا کوئی جی دار پاکستانی بصورت پٹیشن اس گناہ بے لذت کے خلاف در انصاف پر دستک نہیں دے سکتا۔حکومت اپنے بجلی کے نام نہاد منصوبوں کیلئے پیسے بجلی کے بلوں کے ذریعے اکٹھا کرتی ہے۔ کم از کم بجلی کے بل کو تو دشمن دل نہ بنایا جائے عرض کیا ہے ؎
بل کو بل ہی رہنے دو کو ئی نام نہ دو
نام خدا دل مفلس کو موت کا پیغام نہ دو
اب خیر کچھ افاقہ ہے مرض لوڈشیڈنگ کو مگر جب 14گھنٹے تک بجلی غائب رہتی تھی تب بھی بل ان 14ٹیکسوں سمیت حاضر رہتا تھا ہم نے یہ خونچکاں انکشاف مذاق ہی مذاق میں خوشنما الفاظ کے لفافوں میں بند پیش کر دیا، اور محکمہ بجلی کے وزیر نامدار کوئی ایک ٹیکہ تجویز کریں اور وہ بھی صرف شدہ بجلی کی قیمت کی صورت بمعہ غریب کی پسلی کے مطابق جی ایس ٹی کے ساتھ ،اگر ایسا نہ کیا گیاتو پھر ہم یہی تڑی لگا سکتے ہیں کہ قیامت تو ہے سارا حساب چکتا کر دینگے اور سوئے دوزخ چلتا کر دینگے۔
٭ ٭ ٭ ٭
یہ وطن تمہارا ہے
نواز شریف ، ڈار وطن واپس، نیب عدالتوں میں پیش ہونگے یہ کس قسم کا احتساب ہے فیصلہ دینے والے اور اپیل سننے والے جج ہی مقدمے کی نگرانی کرینگے :نواز شریف ، واپسی ہو گئی جی آیاں نوں، ان کا اپنا ملک ہے، اپنے لوگ ہیں، اپنی عدالتیں ہیں، شکر کریں کہ وہ امریکی، برطانوی، جرمن، چینی حکمران نہیں، ورنہ وہ کبھی کوچہ اقتدار میں قدم نہ رکھتے یہ تو پاکستان ’’ نمانڑا‘‘ ہے کہ جہاں پورا سانس آتا ہے اور سیاہ کرو سفید کرو، فائدہ ہی فائدہ، کوئی رکاوٹ آئے تو قانون سازی کرکے اٹھا پھینکو، اپنا ملک اپنا ہی ہوتا ہے جو چاہو کرو، بس کرسی پر جمے رہو مگر شرط یہ ہے کہ یہ ملک، پاکستان ہو، پاکستانی اپنے ملک میں آزادی کا جو عقیدہ رکھتا ہے جمہوریت کا جو مسلک رکھتا ہے دوسرے ملکوں یعنی برطانیہ وغیرہ میں کہاں، ساری دنیا کی جمہوریت ایک ہے ہماری والی وکھری ٹائپ کی،گویا یہ گھاگرا ہے جس ڈمی کو چاہے پہنا دو کہیں زہر کو قند سمجھ کر تو نہیں کھا رہے؟ نواز شریف اپنی ذات کی حد تک اگر چاہیں تو اپنی موجودہ صورتحال میں بھی اس مملکت خداداد کیلئے بہت کچھ کر سکتے ہیں، لیڈر کو منصب کی، کرسی کی، اختیارات کی ضرورت نہیں ہوتی وہ اپنی ذات میں ایک جہان فکر وعمل ہوتا ہے، ن لیگ کو ملک کے لائق فائق اور جذبہ خدمت سے سرشار، ہوس اقتدار سے پاک افراد سے بھر دیں، سارے کفارے ادا ہو جائیں گے، عزت ناموس میں اضافہ ہو گا۔ آخری سانس تک توجہ کا دروازہ کھلا رہتا ہے بہت سی باتیں ایسی ہوتی ہیں کہ انسان اپنی خلوتوں میں سچ مانتا ہے مگر جلوتوں میںجھوٹ جانتا ہے ۔
٭ ٭ ٭ ٭
دہشت گردی کا برآمد کنندہ بھارت
*…عمران نے قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کر دیا۔
دو اہم کام انہوں نے پہلے بھی قبل از وقت کئے دونوں ناکام ثابت ہوئے ۔
*…مریم نواز :نواز شریف کو علم ہے ان کے ساتھ جو ہو رہا ہے احتساب نہیں،
آپ کو کیسے علم ہوا؟ آپ جیسی بیٹی خدا سب کو دے جو باپ کے علم کا سرچشمہ بنے ۔
*…بلاول زرداری کے جنوبی پنجاب میں جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ۔
اکلوتے بیٹے پر اتنے جلسے لادیں جو وہ اٹھا بھی سکے۔
*…خواجہ آصف :بھارت دوسرے ملکوں کو دہشت گردی برآمد کرتا ہے،
دوسرے ملک کیوں درآمد کرتے ہیں ؟بائیکاٹ کر دیں۔
*…اعتزاز احسن :سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی۔
ہارس ٹریڈنگ کی اصل وجہ ’’کھوتا ٹریڈنگ ‘‘ ہے۔
*…آرمی چیف :ہر قیمت پر ملک کے دفاع کا حلف لیا ہے ۔
ہم ملکی دفاع کو مضبوط بنانے پر کیوں سو رہے ہیں ؟ فوج اور فوجی سازوسامان میں اضافہ ناگزیر ہے، قرآن حکیم کا یہی حکم ہے کہ ’’دشمنوں کیلئے جو ممکن ہے کرو‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے