عوام کے ووٹ کا تقدس بحال ہو کر رہے گا، نواز شریف

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران مریم نواز پر پھول برسانے والوں پر خود پھول برسانے کا دل چاہتا ہے جبکہ کارکنوں کا یہی جذبہ رہا تو ملک آگے بڑھتا رہے گا اور عوام کے ووٹ کا تقدس بحال ہو کر رہے گا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں جماعت کی کامیابی پر شریف خاندان کی طرف سے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہویے کہا کہ کارکنوں نے صرف این اے 120 کا انتخاب نہیں جیتا بلکہ ثابت کردیا کہ اصل فیصلہ ان کا ہے، حلقے کے عوام نے میرا مان رکھا، انتخابی مہم کے دوران مریم نواز پر پھول برسانے والوں پر خود پھول برسانے کا دل چاہتا ہے، کارکنوں کا یہی جذبہ رہا تو ملک آگے بڑھتا رہے گا جبکہ عوام کے ووٹ کا تقدس بحال ہو کر رہے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’2013 میں ملک میں 18، 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے، اب یہ وعدہ پورا ہونے کے قریب ہے۔‘

نواز شریف نے کارکنوں سے سوال کیا کہ ’ہم سے پہلے کیا کسی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے، 20، 20 ماہ میں بجلی کے کارخانے لگائے، آج لوڈشیڈنگ ہچکولے کھا رہی ہے، آج گھر گھر میں بجلی آرہی ہے، کارخانے چل رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، کراچی کی رونقیں بحال کیں، پیٹرول کو سستا کیا، پاکستان میں سی پیک لے کر آئے لیکن پھر یکایک نااہلی کی تلوار چلا دی گئی کہا گیا کہ نواز شریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس لیے چلو چھٹی کرو گھر جاؤ، بیٹے سے تنخواہ نہ لی تو نااہل قرار دیا گیا، یہ بات کسی کو سمجھ آتی ہے۔‘

انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ ’بتاؤ اب کیا کرنا چاہیے؟ جو کروں گا میرا ساتھ دو گے، نواز شریف کو نکالا گیا کیا صحیح کیا یا غلط، مجھے تو سمجھ نہیں آتی ، آپ کو سمجھ آتی ہے تو بتائیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟ جبکہ کارکنوں کا یہی جذبہ رہا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے