’عمران خان کی سیاست ہی تبدیلی میں سب سے بڑی رکاوٹ‘آصف علی زرداری

پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سیاست میں غیر سیاسی زبان کو فروغ دے رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی فیصلے لینے سے مبرا ہیں اور ان کا خیبر پختونخوا میں تبدیلی کا نعرہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا طریقہ ہی ان کے لیے تبدیلی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

آصف علی زرداری نے مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنما سید ناصر عباس شیرازی کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو اس کا ذمہ دار قرار دے دیا اور ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ بھی کیا۔

لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے جھوٹے دعوے
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے جھوٹے دعوے کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شہریوں کو 20 گھنٹے تک کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے لیکن حکمران کرپشن کے ذریعے دولت مند بنانے میں مصروف ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ناکام حکومت اور ملک کے تقریباً تمام شعبوں میں کرپشن کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن نواز شریف کی حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف کے تینوں دورِ حکومت میں پاکستان پیپلز پارٹی کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا لیکن ہمیں صرف عدالتوں نے تکلیف سے نجات دی۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان بے بنیاد بہانے کر کے احتساب سے بچنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کے ان حربوں سے باخوبی واقف ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے