شریف خاندان کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت جاری

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر3 نیب ریفرنسز کیس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت پہنچ گئے۔

میڈیا کے مطابق شریف خاندان کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کیس کی سماعت شروع ہوگئی ہے، سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کررہے ہیں۔ اس موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ نواز شریف کے عدالت پہنچنے پر کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا۔نواز شریف کو عدالت کی جانب سے 7 روز کے لیے استثنیٰ حاصل تھا تاہم پروگرام میں تبدیلی کے باعث وہ آج عدالت میں پیش ہورہے ہیں ۔عدالت نے استغاثہ کے چار گواہان کو طلب کررکھا ہے، گواہان میں ملک طیب، شہباز، مظہر بنگش اور راشد شامل ہیں۔ جب کہ نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دئیے جانے کا فیصلہ بھی آج ہوگا۔

احتساب عدالت کےجج محمد بشیر نے استفسار کیا وکیل خواجہ حارث کہاں ہیں جس پر مریم نواز کےوکیل امجد پرویز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ حارث راستے میں ہیں، کچھ مہلت دیں موکل سے ہدایت لے لوں۔ سماعت کے دوران نواز شریف اور مریم نواز نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں میں تبدیلی کی درخواست جمع کرادی، مریم نواز نے ایک ماہ کی حاضری سےاستثنیٰ کی مدت میں تبدیلی کی درخواست جمع کرائی ہے، درخواست میں مریم نواز نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاضری سے استثنیٰ کی مدت 5 دسمبر سے 5 جنوری کی جائے۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اورپی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے خلاف بھی کرپشن کے اسکینڈل ہیں، ہمارے خلاف تو فیصلے جلدی آجاتے ہیں ان کے خلاف فیصلے کب آئیں گے۔ عدالت کو معلوم ہے ہماری طرف پیمانہ کچھ اور ہے، رولز آف دی گیم تو مساوی ہونے چاہیئں۔

نواشریف نے کہا کہ گاڈ فادر اور سسلین مافیا کے الفاظ عدلیہ کو زیب نہیں دیتے ۔ ججوں نے پانامہ کے بجائے اقامہ پر سزا دی۔ دھرنوں کے باوجود ہم نے عوام کو ڈلیور کیا ہے بجلی فراہم کی ہے، جی ڈی پی 3 سے 5 فیصد تک لے گئے تاہم دوہرا معیار سامنے آرہا ہے۔دھرنے 2014 سے جاری ہیں اور کسی نہ کسی شکل میں چلتے رہے، حکومت کو چین سے کام کرنے نہیں دیاگیا۔ خیبرپختونخوا حکومت کا وزیرا علیٰ سرکاری خرچ پر جلوس کی قیادت کرنے آتا ہے ۔ کرپشن کے بڑے اسکینڈل عمران خان، جہانگیر ترین اور علیم خان کے خلاف ہیں۔

نواز شریف سے ایک صحافی نے سوال کیاکہ آپ استثنیٰ ملنے کے باوجود آج عدالت کے سامنے پیش ہوگئے جس کے جواب میں نواز شریف نے کہا حکومت کو چین سے کام کرنے نہیں دیا گیا میں خاص طور پر پی ٹی آئی کی بات کررہاہوں، دیکھیں کیسے کیسے دور سے گزرے ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے بجلی آئی اور بے روزگاری ختم ہوئی ہے، عدلیہ کے فیصلوں کی وجہ سے معیشت پر ضرب پڑی ۔

واضح رہے کہ نواز شریف نیب ریفرنسز کیس میں ساتویں مرتبہ اور ان کی صاحبزادی مریم نوازاور کیپٹن صفدر نویں باراحتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے