[pullquote]بھارت: پانچویں جماعت کی طالبہ کو اجتماعی زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا گیا[/pullquote]
۔
آسام: بھارتی ریاست آسام میں ایک کم سن بچی کو اجتماعی زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا گیا۔انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق آسام کے وسطی ضلع ناگاؤں میں گاؤں دھانیا بھیٹی لالونگ کی رہائشی پانچویں جماعت کی طالبہ کو 3 ملزمان نے اس کے گھر میں اجتماعی طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعدازاں مٹی کا تیل چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔واقعے کے وقت بچی اپنے گھر میں اکیلی تھی، اسے شدید زخمی حالت میں ناگاؤں کے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
[pullquote]امریکا میں بولٹن کی تقرری کے بعد ایران روس اور چین سے تعلقات بڑھائے، ایرانی رہنما[/pullquote]
ایران کے ایک سینئر رکن پارلیمان علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جان بولٹن کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کرنے پر تہران حکومت کو روس اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط تر کرنا چاہیے۔ جان بولٹن کی تقرری کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی موقف مزید سخت ہو جائے گا۔ ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے کہا کہ امریکا، ایران کے حوالے سے اپنی پالیسیاں سخت سے سخت تر بناتا جا رہا ہے اور ایسے میں ایران کو روس اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو زیادہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
[pullquote]چین اور امریکی حکام تجارتی معاملات پر رابطہ کاری جاری رکھیں گے[/pullquote]
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا اور چین کے اعلیٰ اقتصادی حکام نے تجارتی معاملات پر رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ شہنوا نیوز ایجنسی کے مطابق چین میں اقتصادیات کے شعبے کے نائب سربراہ لیو ہی نے امریکی سیکریٹری خزانہ سٹیون منوچن سے کہا ہے کہ دونوں ممالک استدلال سے کام لیتے ہوئے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی درآمدات پر ساٹھ بلین ڈالر کا ٹیکس عائد کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ امریکا کا کہنا تھا کہ ٹیکس اُن مصنوعات پر عائد کیا جائے گا جن میں مبینہ طور پر چین نے امریکی ٹیکنالوجی چرائی ہے۔
[pullquote]صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹرانسجینڈر فوجیوں کی خدمات پر پابندی[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ماسوائے مخصوص حالات کے زیادہ تر ٹرانسجینڈر فوجیوں پر امریکی فوج میں خدمات انجام دینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فوجی ایک طرح کی صنفی بے چینی کی بیماری کا شکار ہیں جنہیں طبی علاج کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ نے گزشتہ برس ہی ٹرانسجینڈر افراد کے فوج میں ملازمت پر پابندی کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
[pullquote]روسی ایجنٹ پر حملہ، یورپی یونین کے موقف سے مطمئن نہیں، ماسکو[/pullquote]
ماسکو حکومت نے کہا ہے کہ وہ دہرے روسی ایجنٹ سیرگئی سکرپل اور اُن کی صاحبزادی پر برطانیہ میں ہوئے کیمیائی حملے کے تناظر میں یورپی یونین ممالک کے مؤقف سے مطمئن نہیں ہے۔ روسی نیوز ایجنسی ریا نے کریملن حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف کے حوالے سے لکھا ہے کہ روس اس بارے میں یورپی بلاک پر اپنا نقطہ نظر واضح کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز یورپی یونین کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں ہوئے اس حملے میں بظاہر روس ملوث دکھائی دیتا ہے۔
[pullquote]پاپوآ نیوگنی کے قریب شدید زلزلہ[/pullquote]
پاپوآ نیوگنی کے قریب ہفتے کے روز شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کا مرکز پاپوآ نیوگنی کے علاقے راباؤل سے ایک سو اسّی کلومیٹر دور جنوب مغرب میں تھا۔ اطلاعات ہیں کہ یہ زلزلہ زمین میں ساٹھ کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں کسی تباہ کن سونامی کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔
[pullquote]عالمی سائبر حملوں کے امریکی الزام کی ایران کی جانب سے مذمت[/pullquote]
تہران حکومت نے امریکا کی جانب سے نو ایرانی باشندوں اور ایک ایرانی کمپنی کو دنیا بھر میں سائبر حملوں کا ملزم ٹھہرانے کی مذمت کی ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ یہ واشنگٹن کے جارحانہ رویے کی ایک اور مثال ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام غاسمی نے آج ہفتے کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں امریکی الزامات کی مذمت کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ نے نو ایرانی باشندوں اور ایک ایرانی کمپنی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ایران کے ایما پر سینکڑوں امریکی اور دیگر بین الاقوامی یونیورسٹیوں، درجنوں کمپنیوں اور امریکی حکومت کے بعض اداروں کو ہیک کرنے کی کوشش کی ہے۔
[pullquote]مصری شہر اسکندریا میں دھماکا، ایک شخص ہلاک[/pullquote]
مصر کے شمالی ساحلی شہر اسکندریہ میں ہفتے کے روز ایک بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک جب کہ دیگر چار زخمی ہو گئے ہیں۔ مصری وزارت داخلہ کے مطابق یہ بم سڑک کے کنارے کھڑی ایک گاڑی کے نیچے چھپایا گیا تھا اور اسے اس وقت تباہ کیا گیا جب وہاں سے شہر کے سکیورٹی سربراہ جنرل مصطفٰی النمرکا قافلہ گزر رہا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں جنرل مصطفیٰ النمر محفوظ رہے ہیں۔ مقامی میڈیا پر جنرل النمر کو جائے واقعہ کا جائزہ لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
[pullquote]اٹلی میں پارلیمانی اسپیکروں کے ناموں پر اتفاق کی توقع[/pullquote]
اٹلی میں قانون ساز ہفتے کے روز اس ڈیل کے قریب ہیں، جس کے تحت ایوانِ زیریں اور ایوانِ بالا میں اسپیکروں کے ناموں پر اتفاق ممکن ہے۔ اس طرح نئی حکومت کے قیام کی راہ بھی ہم وار ہو جائے گی۔ رواں برس مارچ میں اٹلی میں ہونے والے عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی ہے اور اب وہاں مخلوط حکومت سازی کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ چار مارچ کو ہونے والے انتخابات میں دائیں بازو کے اتحاد کو 37 فیصد ووٹ ملے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ مشکل مذاکرات کے بعد سینیٹ کی سربراہی کے لیے ایلیزبیٹا البیٹا کاسِیلیاتی کا نام سامنے آیا ہے۔
[pullquote]یرغمالیوں کو بچانے کے لیے جان دینے والا فرانسیسی پولیس سکیورٹی اہلکار ’ہیرو‘[/pullquote]
فرانسیسی وزیرداخلہ نے پولیس افسر کرنل ارناؤ بیلترام، جس نے گزشتہ روز جنوبی فرانس میں ایک سپرمارکیٹ میں بنائے گئے یرغمالیوں کو رہا کرانے کی کارروائی میں اپنی جان دی، کو ہیرو قرار دیا ہے۔ جمعے کے روز ایک مسلح حملہ آور نے ایک سپرمارکیٹ میں داخل ہو کر متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس واقعے میں چار افراد مارے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس پولیس افسر نے رضاکارانہ طور پر ایک خاتون یرغمال کی جگہ اپنے آپ کو پیش کیا اور دانستہ طور پر اپنا فون آن رکھا تاکہ باہر پولیس والوں کو سنائی دیتا رہے کہ مارکیٹ کے اندر کی صورت حال کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کا تعلق دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے تھا۔
[pullquote]دنیا میں 124 ملین افراد بھوک سے مر سکتے ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا میں قریب ساڑھے بارہ کروڑ افراد خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کے مطابق ان افراد کو اگر فوری طور پر خوراک نہ پہنچائی گئی، تو ان کا زندہ رہنا ممکن نہیں۔ عالمی ادارے کے مطابق متعدد مقامات پر حالات ایسے ہیں کہ لوگ خوراک کے لیے ایک دوسرے کو قتل کر سکتے ہیں۔ عالمی ادارے کے مطابق صومالیہ، یمن، جنوبی سوڈان اور شمال مشرقی نائجیریا میں فوڈ سکیورٹی انتہائی خوف ناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے اس ادارے کے مطابق زیادہ تر مقامات پر خوراک کی اس قلت کی وجہ مسلح تنازعات ہیں۔
[pullquote]برطانیہ یورپی اتحادیوں پر روسی سفیروں کی بے دخلی کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، ماسکو[/pullquote]
ماسکوحکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ برطانیہ یورپی ممالک پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ روسی سفارت کاروں کو بے دخل کریں۔ روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن حکومت کے اقدامات ’اشتعال انگیزی‘ پر مبنی ہیں۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں ایک سابقہ روسی جاسوس کی مبینہ کیمیائی حملے میں ہلاکت کے بعد برطانیہ نے روسی سفارت کاروں کی بے دخلی کا اعلان کیا تھا۔ یورپی یونین کے متعدد ممالک نے بھی برطانیہ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے ہی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ روس تاہم کیمیائی حملے میں ملوث ہونے کے برطانوی الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
[pullquote]افغان اسٹیڈیم میں بم دھماکا، کم از کم 14 ہلاکتیں[/pullquote]
جنوبی افغانستان میں کُشتی کے مقابلوں کے ايک مقام پر ہوئے ایک کار بم حملے میں کم ازکم 14 افراد ہلاک جب کہ درجنوں ديگر زخمی ہو گئے ہیں۔ افغان حکام نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ باردو سے لدی گاڑی ہلمند صوبے کے دارالحکومت لشکر گاہ میں کُشتیوں کے ایک اسٹیڈیم کے قریب دھماکے سے اڑائی گئی۔ اس سے قبل افغان دارالحکومت کابل میں ہوئے ایک بم دھماکے میں بھی متعدد افراد مارے گئے تھے۔ کابل حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی تھی۔
[pullquote]سوچی کے ایک قریبی ساتھی صدارتی امیدوار[/pullquote]
میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی کے ایک قریبی رفیق وِن مینِت صدر بننے کے قریب ہیں۔ جمعے کے روز ایوان زیریں میں اس سلسلے میں ہونے والی ووٹنگ میں ارکانِ اسمبلی کی ایک بڑی تعداد نے ان کے حق میں رائے دی۔ 66 سالہ مینِت کو سوچی کے قریبی ساتھی ہتین کیاؤ کے مستعفی ہو جانے کے بعد صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز ہونے والی ووٹنگ میں ایوانِ زیریں کے 273 اراکین نے ان کے حق میں جب کہ 27 نے ان کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔
[pullquote]امریکا میں نو ایرانیوں کے خلاف ہیکنگ اسکیم الزام پر مقدمات[/pullquote]
امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ نو ایرانی شہریوں کے خلاف ہیکنگ کے ایک معاملے میں ملوث ہونے کے الزام پر مقدمات قائم کیے جائیں گے اور ان پر پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہيں۔ ان نو ملزمان پر الزام ہے کہ وہ ایران کے انقلابی گارڈز سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے امریکا کی متعدد جامعات، نجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کی حساس معلومات چرانے کی کوشش کی۔ اسی تناظر میں امریکی محکمہء خزانہ نے ایک ایرانی کمپنی اور دس اشخاص پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
[pullquote]مشرقی غوطہ کا ایک حصہ باغیوں نے خالی کر دیا[/pullquote]
زیر محاصرہ شامی علاقے مشرقی غوطہ کے ایک حصے سے باغی نکل گئے ہیں، جس کے بعد سرکاری فورسز اس علاقے پر قابض ہو گئی ہیں۔ شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں مشرقی غوطہ میں اب فقط دوما کا علاقہ باغیوں کے قبضے میں ہے جب کہ باقی تمام علاقوں سے باغی نکل چکے ہیں۔ مشرقی غوطہ کو ایک طویل عرصے سے حکومتی فورسز نے اپنے محاصرہ میں لے رکھا ہے، جب کہ گزشتہ ایک ماہ سے اس علاقے پر قبضے کے لیے اسد حکومت کی حامی فورسز بڑی کارروائی میں مصروف ہیں۔ دسمبر 2016 میں حلب کے علاقے سے باغیوں کے انخلاء کے بعد مشرقی غوطہ سے باغیوں کی پسپائی کو اسد حکومت کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔