امریکہ کے جوناتھن کارپینٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی ادائیگی جاری رہے گی۔ وہ برائے افغانستان اور پاکستان کے معاون نمائندہٴخصوصی ہیں۔ ضرب عضب سے وزیرستان اور خیبر ایجنسی محفوظ علاقے بن گئے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں جوناتھن کارپینٹر نے دہشت گردی کے خلاف جاری پاکستان کی کارروائی کو سراہا۔ اُنھوں نے کہا کہ پاک فوج نے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں بہت اہم کام کیا ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ اِن علاقوں میں اب وہاں استحکام آیا ہے اور یہ طویل مدت کے لیے محفوظ علاقہ بن گیا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کی حکمت عملی پر عمل درآمد اور پیش رفت میں امریکہ کو نہ صرف خاص دلچسپی ہے بلکہ امریکہ پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔
ایک سوال پر جوناتھن کارپینٹر نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران کولیشن فنڈ کی ادائگیاں جاری ہیں۔ حکومت پاکستان نے یقین دلایا ہے کہ تمام شدت پسند گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک درست انداز ہے جس کی ہم حمایت کرتے ہیں۔