اتوار:03 جون 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین میں اصلاحات، فرانسیسی صدر کو رعائتیں دینے پر میرکل رضامند[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کو یورپی یونین اور خاص طور پر یورو زون میں اصلاحات کے معاملے پر رعایتیں دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی صدر گزشتہ برس سے یورپی یونین میں اصلاحات کے ایجنڈے کی ترویج کر رہے ہیں۔ یورو زون میں ماکروں کی تجویز کے حوالے سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ وہ ’سرمایہ کارانہ بجٹ‘ کی حمایت کرتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تجویز اگر نافذ ہو جاتی ہے تو یورپی یونین کے امیر اور غریب ملکوں کے مفاد میں ہو گی۔ میرکل کے مطابق یہ ممالک بھی جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات سے مستفید ہو سکیں گے۔ میرکل نے ان خیالات کا اظہار الگمائن زونٹاگ سائٹنگ کو ایک انٹرویو میں کیا۔

[pullquote]ایران کے ساتھ کسی تنازعے میں نہیں الجھا جائے گا، قطر[/pullquote]

قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ نے کہا ہے کہ اُن کی ریاست ایران کے ساتھ کسی تنازعے میں الجھنے کی خواہش نہیں رکھتی۔ العطیہ نے سنگا پور میں جاری سالانہ سکیورٹی کانفرنس میں واضح کیا کہ ایران اور قطر کے درمیان بہت سے اختلافی معاملات ہیں لیکن وہ خطے میں جنگ کو ہوا دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کے خطے میں کسی تیسرے فریق کی جانب سے جنگ بہت ہی خطرناک ہو سکتی ہے۔ قطری وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب سعودی عرب نے اپنی ہمسایہ ریاست کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اُس نے روسی میزائل حاصل کیے تو اُس کے خلاف عسکری کارروائی ممکن ہے۔

[pullquote]تیونسی ساحل کے پاس مہاجرین کی کشتی غرق، تین درجن کے قریب ہلاکتیں[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس کی وزارت دفاع کے مطابق جنوبی ساحل کے قریب سمندر میں مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم پینتیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کشتی تیونس کے صفاقس صوبے کے ساحل کے قریب ڈوبی۔ ڈوبنے والے پینتیس مہاجرین کی نعشیں سمندر میں سے نکالی جا چکی ہیں۔ قبل ازیں تیونسی وزارتِ داخلہ نے ان ہلاکتوں کی تعداد گیارہ بتائی تھی۔ تیونسی کوسٹ گارڈز نے کشتی کے 67 مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔ ان مہاجرین کا تعلق تیونس، مالی، مراکش، کیمرون اور آئیوری کوسٹ سے بتایا گیا ہے۔

[pullquote]اٹلی کے نئے وزیر داخلہ مہاجرین کے گڑھ سسلی پہنچ گئے[/pullquote]

اٹلی کے مہاجرین مخالف نئے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے سِسلی کا دورہ کیا ہے۔ یہ اطالوی جزیرہ اس یورپی ملک پہنچنے والے مہاجرین کی پہلی اہم منزل قرار دیا جاتا ہے۔ سخت نظریات کے حامل سیاستدان سالوینی کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی پارٹی ’لیگ‘ مہاجرت مخالف مہم کے باعث ہی عوامی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیابی ہوئی ہے۔ انہوں نے جمعہ پہلی جون کو اپنے منصب کا حلف اٹھایا۔ وہ نئے وزیراعظم جُوزیپے کونٹے کی مخلوط حکومت کرنے والی دائیں بازو کی سیاسی جماعت لیگ کے لیڈر بھی ہیں۔ اطالوی وزیر داخلہ سالوینی منگل کے دن لکسمبرگ میں یورپی یونین رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں شریک ہوں گے۔

[pullquote]سعودی عرب میں ڈیڑھ درجن کے قریب مشتبہ افراد کی گرفتاریاں[/pullquote]

سعودی دفتر استغاثہ کے مطابق ایسے سترہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جو ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن رہے تھے۔ اتوار تین جون کو جاری کیے گئے بیان میں گرفتار شدہ افراد کے نام اور وابستگی والی تنظیموں کا کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔ یہ ضرور بتایا گیا کہ ان افراد کے رابطے اُن تنظیموں کے ساتھ تھے جو ملکی سلامتی کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ چند روز قبل نسائی حقوق کی سرگرم کچھ خواتین کارکنوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ ان میں سے تین کو رہا کر دیا گیا ہے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق ابھی بھی چار خواتین زیر حراست ہیں۔

[pullquote]افغانستان کے نصف بچے اسکول سے محروم ہیں[/pullquote]

افغان بچوں کے بارے میں امدادی اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق اسکولوں سے محروم بچوں کی تعداد 37 لاکھ کے قریب ہے۔ ان بچوں کی عمریں سات سے سترہ برس کے درمیان ہے۔ یہ تعداد افغانستان کے تمام بچوں کا چوالیس فیصد بنتی ہے۔ یہ رپورٹ یونیسیف، یو ایس ایڈ اور بین الاقوامی تھنک ٹینک سیموئیل ہال نے تیار کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت افغانستان کے بچوں کو پرتشدد حالات کے علاوہ، خاندانی و علاقائی تنازعات، غربت، کم عمری کی شادیوں کا سامنا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق سن 2002 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسکولوں سے محروم بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

[pullquote]کنٹرول لائن پر پاکستان اور بھارت کی فوجوں کے درمیان شیلنگ، دو بھارتی فوجی ہلاک[/pullquote]

بھارتی عسکری ذرائع کے مطابق کشمیر کی کنٹرول لائن پر پاکستان اور بھارت کے فوجیوں کے درمیان ہونے والی دو طرفہ فائرنگ سے دو بھارتی فوجی ہلاک اور آٹھ شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس سے بتایا گیا ہے۔ یہ جھڑپ اکھنور کے سرحدی مقام پر ہوئی۔ بھارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔

[pullquote]مالیاتی منڈیوں کا استحکام ضروری ہے، مے کی محمد بن سلمان سے بات چیت[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اپنی ٹيلی فونک گفتگو میں مالیاتی منڈیوں کے استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اتوار کے روز مے کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ دونوں رہنماؤں نے روس اور سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں ممکنہ اضافے کے موضوع پر بات چیت کی۔ ہفتے کے روز ٹیلی فون پر ہونے والی اس بات چیت میں دونوں نے اتفاق کيا کہ مالیاتی منڈیوں کا استحکام صارفین اور پروڈیوسرز دونوں کے فائدے میں ہے۔

[pullquote]امریکا نے محصولات عائد کیں تو تجارتی معاہدے خطرے میں ہوں گے، چینی انتباہ[/pullquote]

چین نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کیں، تو اس کے ساتھ تجارتی معاہدے خطرات کا شکار ہو جائیں گے۔ اتوار کے روز یہ بیان امریکی وزیرمعیشت وِلبُر روس اور چینی نائب وزیراعظم لیو ہی کے درمیان ایک ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارت کے موضوع پر کشیدگی کے تناظر میں امریکی وزیرمعیشت چین کے دورے پر ہیں۔

[pullquote]بین الاقوامی تجارتی کشیدگی پر ایئرلائنز کی جانب سے انتباہ[/pullquote]

عالمی فضائی کمپنیوں نے دنیا بھر میں تجارت کے موضوع کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی سے خبردار کیا ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن IATA کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس صورتحال سے ہوابازی کی صنعت اور عالمی تجارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس بیان کے مطابق ہوابازی کی صنعت افراد اور سامان کے لیے کھلی سرحدوں پر انحصار کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تجارت میں کمی، مسافروں کی کمی کی جانب مائل ہو گی اور یہ عالمی تجارت کے لیے ایک بری خبر ہو گی۔

[pullquote]چھاتی کے سرطان کا علاج کیموتھراپی کے بغیر[/pullquote]

اتوار کے روز امریکی محققین نے کہا ہے کہ چھاتی کا سرطان اپنے ابتدائی مراحل میں ہو اور رسولیاں نکال لی جائیں، تو ستر فیصد خواتین کیموتھراپی کے بغیر ہی صحت یاب ہو سکتی ہیں۔ نیویارک کے میموریل سلوان کیٹرنگ کینسر سینٹر سے وابستہ ڈاکٹر لیری نورٹن کے مطابق اس تحقیق کی بنا پر امریکا میں چھاتی کے سرطان میں مبتلا قریب ایک لاکھ خواتین کو کیموتھراپی نہیں کرانا پڑے گی۔

[pullquote]داعش کی رکنیت پر عراق میں فرانسیسی خاتون کو عمر قید[/pullquote]

ایک عراقی عدالت نے اتوار کے روز ایک فرانسیسی خاتون کو دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کی رکنیت کے جرم میں عمر قید سنا دی ہے۔ میلینا بوغیدر نامی یہ خاتون چار بچوں کی والدہ ہیں اور انہیں فروری میں غیرقانونی طور پر عراق میں داخل ہونے کے جرم میں سات ماہ کی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم اس 27 سالہ فرانسیسی خاتون پر ایک اور عدالت نے دوبارہ مقدمہ چلانے کا حکم دیا تھا اور اس نئے مقدمے میں اس خاتون کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

[pullquote]لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ[/pullquote]

بھارتی حکام کے مطابق متنازعہ علاقے کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ایک سینیئر بھارتی پولیس افسر کے مطابق پاکستانی فوج کی فائرنگ اور شیلنگ کے باعث آٹھ عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ اس بیان کے مطابق بلٹ پروف گاڑیوں کے ذریعے زخیموں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اس واقعے سے صرف ایک ہفتہ قبل جوہری ہتھیاروں کے حامل ان دونوں ہم سایہ ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر فائربندی کا احترام کیا جائے گا۔

[pullquote]یورو زون خسارے کی یونین نہیں ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا ہے کہ یورو زون کو خسارے کی یونین نہیں بننے دیا جائے گا۔ ہفتے کے روز انہوں نے اٹلی کے بجٹ خسارے میں کمی کے لیے مدد دینے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یوروسنگل کرنسی بلاک ہے اور اسے خسارہ بانٹنے کا بلاک نہیں بننے دیا جائے گا۔ جرمن اخبار فرانکفٹر الگمائنے زونٹاگ سائٹنگ سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ یوروزون میں یک جہتی ضروری ہے، تاہم اس کا مطلب اپنی مدد آپ کر کے دوسروں کی مدد کرنا ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ افطار کی میزبانی کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ٹرمپ پہلی مرتبہ مسلم برادری کے لیے افطار کا انعقاد کریں گے۔ بدھ کے روز امریکی میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے اعزاز میں اس افطار ڈنر کا اہتمام اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ گزشتہ برس ٹرمپ نے امریکی صدور کی جانب سے مسلم برادری کے لیے افطار کا اہتمام کرنے کی ایک طویل روایت سے انحراف کرتے ہوئے افطار نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ پر اسرائیلی بمباری[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے مطابق فلسطینی عسکری تنظیم حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ فوجی بیان کے مطابق اتوار کی صبح غزہ میں حماس کے عسکری کمپاؤنڈز اور بحری فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی بیان کے مطابق غزہ سے داغے گئے راکٹوں میں سے زیادہ تر کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا، جب کہ کچھ غزہ ہی میں گرے۔ ان راکٹوں کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے ماہر ’جہنم میں جائیں‘، ڈوٹیرٹے[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے آزادیء عدلیہ ڈیوگو گارسیا سایان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’جہنم میں جائیں‘۔ عالمی ادارے کے مبصر نے فلپائنی سپریم کورٹ کی جانب سے چیف جسٹس کی برخاستی کے حق میں فیصلہ دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلپائن میں آزادیء عدلیہ خطرات کا شکار ہے۔ عالمی مبصر کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو اس طرح برخاست کرنے سے ججوں اور عدلیہ کے دیگر ارکان کو سخت پیغام جائے گا۔ ڈوٹیرٹے نے کہا کہ عالمی مبصر فلپائن کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔

[pullquote]مظاہروں کے باوجود اردن کے وزیراعظم ٹیکس قانون ختم نہیں کریں گے[/pullquote]

اردن کے وزیراعظم ہانی الملقی نے ملک میں ٹیکس اصلاحات سے متعلق قانون کے خاتمے کے مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ایما پر اردن نے ملک میں ٹیکس اصلاحات سے متعلق ایک قانون متعارف کروایا ہے، جس کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے مسلسل تیسرے دن دارالحکومت عمان میں مظاہرے کیے۔ یہ افراد شاہ عبداللہ سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ وزیراعظم الملقی کو برطرف کر دیں۔

[pullquote]جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے تک شمالی کوریا کو نوازا نہیں جائے گا، میٹِس[/pullquote]

امریکی وزیردفاع جیمز میٹِس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق ٹھوس اور ناقابل تبدیل اقدامات تک اسے کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سنگاپور میں ملاقات تک کا راستہ کٹھن ہے۔ میٹِس نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلی مذاکرات کے ذریعے معاملے کو بہتر انداز سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

[pullquote]عالمی کپ فٹبال سے قبل فٹ بال ٹرافی روس پہنچ گئی[/pullquote]

عالمی کپ فٹبال 2018 کے آغاز سے قبل فٹ بال ٹرافی روس پہنچ گئی ہے۔ روس پہنچنے سے قبل اس ٹرافی نے دنیا کے پچاس ممالک کا سفر کیا۔ ماسکو کے میئر نے ٹرافی کی وصولی کے وقت کہا کہ اس کے ساتھ ہی ماسکو فٹ بال کا مرکز بن گیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی کپ فٹ بال مقابلے گیارہ روز بعد شروع ہو رہے ہیں۔ پیر سے جمعرات تک یہ ٹرافی عوامی نظارے کے لیے ماسکو کے گورکی پارک میں رکھی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے