جاپان کے مشرقی شہر اوساکا میں 6.1 شدت کا زلزلہ، 2 افراد ہلاک

ٹوکیو: جاپان کے مشرقی شہر اوساکا میں 6.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں رائٹرز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 80 سالہ شخص اور ایک 9 سال کی بچی شامل ہے۔

جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 1 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز جاپان کا شمالی علاقہ تھا، زلزلے کے نتیجے میں سونامی کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔

زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل کر کھلی جگہوں پر آگئے۔

زلزلے سے متاثرہ شہر میں پانی کی لائنیں ٹوٹ گئیں اور گھروں کو آگ کے شعلوں میں لپٹا ہوا دیکھا گیا۔

جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے مطابق حکومت نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ حکومت کی پہلی ترجیح شہریوں کی حفاظت ہے۔

کنسائی الیکٹرک پاور کمپنی کا کہنا ہے کہ زلزلے سے می ہاما، تاکا ہاما اور اوہی نیوکلیئر پلانٹس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم اوساکا اور ہیوگو کے علاقوں میں سیکڑوں گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

‘پوری دنیا بری طرح لرز رہی تھی’

ایک عینی شاہد کیٹ کلپیٹرک نے بتایا کہ وہ ہوٹل میں تھیں، جب زلزلہ آیا۔

19 سالہ کیٹ نے کہا، ‘میں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ زلزلہ دیکھا ہے، یہ بہت خوفناک تھا، مجھے یہ ڈراؤنا خواب لگ رہا ہے، پوری دنیا بری طرح لرز رہی تھی۔’

11 مارچ 2011 کو بھی جاپان میں 9.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں آنے والے سونامی سے 18 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ٹوکیو الیکٹرک پاور کے فیوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ میں بھی تاریخ کی بدترین تباہی واقع ہوئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے