عالمی ریکارڈ یافتہ سابق پاکستانی سفیر جمشید مارکر انتقال کرگئے

کراچی: پاکستان کے سابق سفیر جمشید مارکر طویل علالت کے بعد 96 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔

جمشید مارکر کو دنیا میں طویل ترین مدت تک سب سے زیادہ ممالک میں سفیر رہنے کا اعزاز حاصل تھا، جس پر ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

جمشید مارکر نے 1964 میں افریقی ملک گھانا میں بطور سفیر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ 1986 تا 1988 تک امریکا میں پاکستان کے سفیر رہے جبکہ 1994 تک وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی رہے۔

جمشید مارکر 24 نومبر 1922 کو ایک پاکستانی پارسی گھرانے میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم بھارتی ریاست اترکھنڈ کے علاقے ڈھیرا دون میں واقع دون اسکول سے حاصل کی اور بعدازاں لاہور میں واقع فورمین کرسچیئن کالج یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم رہے۔

جمشید مارکر کو کرکٹ سے بھی خصوصی لگاؤ تھا اور سفارت کاری کے شعبے میں آنے سے قبل وہ عمر قریشی کے ساتھ کرکٹ کے ابتدائی کمنٹیٹر بھی ہے۔ انہوں نے پہلی کمنٹری 1954 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان کے موقع پر باغ جناح (لارنس گارڈن) سے کی۔

انہیں فرانسیسی، جرمن اور روسی زبان بولنے پر بھی عبور حاصل تھا۔

جمشید مارکر نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارت کاری پر مختلف اداروں میں متعدد لیکچرز دیئے جبکہ ان موضوعات پر انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔

جمشید مارکر کے سوگواران میں ایک بیٹی اور اہلیہ شامل ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جمشید مارکر کی آخری رسومات پارسی عبادت گاہ محمودآباد میں ادا کی جائیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے