رحیم یار خان: ریپ مزاحمت پر خاتون کا قتل

صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے گلشن اقبال میں مبینہ طور پر ریپ مزاحمت پر ایک شخص نے خاتون کو قتل کردیا۔

مقتولہ کی شناخت شمیم کے نام سے ہوئی جو شیخ زید میڈیکل کالج ہسپتال میں ملازمہ تھی۔

اطلاعات کے مطابق ملزم منیر چوہدری اکرم نامی شخص کا ڈرائیور تھا اور مالکان کی غیر موجودگی کے باعث ان کا بنگلہ خالی تھا۔

ملزم نے خاتون کو ہسپتال سے اس کے گھر چھوڑنے کے بہانے اپنے ساتھ لیا لیکن اسے گھر چھوڑنے کے بجائے خالی بنگلے کی جانب لے گیا اور گھر میں داخل ہونے سے قبل گلی میں ہی خاتون سے مبینہ طور پر ریپ کی کوشش کی، جس پر شمیم نے سخت مزاحمت کی اور آس پاس کے لوگوں کو مدد کے لیے پکارا۔

خاتون کی چیخ پکار کے بعد منیر نے اس پر چھری کے وار کیے، جس سے شمیم موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جبکہ کسی راہ گیر نے خاتون کی مدد نہیں کی۔

اس حوالے سے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس کے ترجمان ذیشان رندھاوا نے بتایا کہ ملزم منیر واقعے کے بعد فرار ہوگیا تھا لیکن اس کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی گئی ہے، جبکہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مار رہی ہے۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ شمیم کے لواحقین میں اس کے سابق شوہر سے ایک بیٹا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے