پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک خواجہ سرا کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق خواجہ سرا ساجد عرف نازو کو باڑا گیٹ کے علاقے میں اس کی رہائش گاہ پر قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق نازو کی لاش پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔
پولیس نے قتل کے شبہ میں 2 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ گرفتار افراد میں مقتول خواجہ سرا کا مالک مکان بھی شامل ہے۔
خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ٹرانس ایکشن پاکستان نے نازو کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 2015 کے بعد سے خیبر پختونخوا میں یہ خواجہ سراؤں کے قتل کا 62واں واقعہ ہے
تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس اب تک خواجہ سراؤں پر تشدد کے 478 کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں بھی پشاور کے نواحی علاقے سربند میں نامعلوم افراد نے 3 خواجہ سراؤں کو خنجر کے وار سے زخمی کر دیا تھا۔
اس سے قبل مارچ میں پشاور کے رِنگ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں رکشے میں سوار ایک خواجہ سرا اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگیا تھا۔