پاکستان کا مستقبل کیسا ہوگا ؟ ملک بھر کی اہم ترین مختلف الخیال شخصیات کی کل اسلام آباد میں بڑی بیٹھک ہوگی
اپنی نوعیت کے پہلے قومی سطح کے مکالمے ” ڈائیلاگ پاکستان” کا انعقاد 26 جنوری کو مارگلہ ہوٹل اسلام آباد ہوگا . مکالمے کا اہتمام پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹدیز نے کیا ہے ۔ مکالمہ صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہے گا جس میں شہریوں ، طلبہ ، پالیسی ساز اداروں سے وابستہ افراد سمیت موضوع سے متعلق افراد کو شرکت کی عام دعوت ہے .

یہ مکالماتی پروگرام پانچ مکالموں پر مشتمل ہو گا جن میں ریاست میں مذہب کے کردار، قومی سلامتی کے تصور، پارلیمانی بالادستی کے تصور، پڑوسی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اور شناخت اور قومی یکجہتی جیسے موضوعات پر بات کی جائے گی۔

پروگرام میں سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل (ر) اطہر عباس،پیپلز پارٹی کے رہنماسابق سینیٹر فرحت اللہ بابر،اے این پی کے سابق سینیٹر افراسیاب خٹک،مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر شیری رحمان، سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد، سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبد المالک بلوچ، اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی اورچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سمیت مختلف سیاسی وسماجی رہنما، سفارتکار، سماجی ماہرین اور پارلیمنٹیرین شرکت کریں گے۔