کتابی سلسلے’کراچی ریویو‘ کا پہلا شمارہ شائع ہو گیا

کتاب دوستی کو پروان چڑھانے اور مطالعے کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے کتابی سلسلے ’کراچی ریویو‘ کا پہلا شمارہ شائع ہو گیا ہے۔

یہ سید کاشف رضااور ان کے دوستوں کا آئیڈیا تھاکہ ایک ایسا پرچہ بھی ہونا چاہیے جس کے ذریعے باذوق افراددیگر لوگوں کو بھی اپنے مطالعاتی تجربات میں شامل کرسکیں۔

کاشف رضا نے پہلے شمارے کے اداریے میں مقصد کو واضح کرتے ہوئے لکھا :’’تخلیقات کے مطالعے میں صرف ادبیات کا مطالعہ شامل نہیں۔ دنیا بھر کے فنون لطیفہ کا مطالعہ اس میں شامل ہے جس سے کسی شخص کو کسی بھی سطح کی دلچسپی ہو سکتی ہے۔فلم، مصوری کے فن پارے اور رقص وموسیقی، فنون لطیفہ میں شامل ہیں۔ فطرت ، سیاحت ، حسن ، کھیل اور کسی ذاتی شوق کو بھی زندگی گزارنے کا ایک احسن انداز گردانا جا سکتا ہے۔ تخلیق سے ایسے شغف میں دوسروں کو شریک کرنے سے اس شغف سے حاصل مسرت فراواں ہو سکتی ہے۔ یہ کتابی سلسلہ اسی مسرت میں اپنے دوستوں کو شریک کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ‘‘

کاشف رضا نے یہ خوش کن اطلاع بھی دی کہ ’’اس کتابی سلسلے کا ہر شمارہ کسی ایک ادیب اور تخلیق کار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خاص طور پر مختص ہوگا‘‘ ۔پہلے شمارے میں ممتاز تُرک ادیب اورحان پامُک کے لیے ایک گوشہ مخصوص کیا گیا ہے۔ اس گوشے میں پامُک کا ایک دلچسپ انٹرویو اور ان کے چند اہم ناولوں ، جن میں ’میرا نام سُرخ ہے‘ ، ’برف‘، ’معصومیت میوزیم‘، ’لال بالوں والی عورت‘ پر لکھے گئے مضامین یا تبصرے بھی شامل ہیں۔ شیخ نوید نے پامُک کے انٹرویو کا اچھا ترجمہ کیا ہے ۔ اس انٹرویو کو پڑھ کر پامُک کی شخصیت ،زندگی ، خیالات اورتخلیقی رجحانات کو سمجھنے میں کافی مدد ملتی ہے۔ پہلے شمارے میں عربی کے عالم اور اردو کے ادیب محمد کاظم کا نیّرمسعود کی کتاب ’’منتخب مضامین ‘‘ پر ایک تبصرہ بھی شامل ہے جو پہلی بار شائع ہو رہا ہے۔

اس کے علاوہ مرزا اطہر بیگ کے ناول ’غلام باغ‘ پر رفاقت حیات کا تبصرہ ، اختر رضا سلیمی کے ناول ’جندر‘ پر خضر حیات کا تبصرہ ، رحمان عباس کے ناول ’روحزن‘ پر شیخ نوید کا تبصرہ ۔ ایران کے مشہور ہدایت کار، اسکرین رائٹر، شاعر ، فوٹو گرافر اور فلم پروڈیوسر عباس کیا رُستمی کے بارے میں ایک مضمون ’عباس کیا رُسمتی اور ان کی چھ مشہورِ عالم فلمیں‘ کا ترجمہ۔ ڈوائٹ گارنر کا تحریر کردہ امریکا کے معروف ناول نگار فلپ روتھ کا وفات نامہ، ممتاز ادیب سلیم الرحمان کاعمر میمن کے بارے مضمون ،ممتاز بھارتی صحافی اور دانشور کلدیپ نیر کے بارے میں آئی اے رحمان کا مضمون بھی اس شمارے میں شامل ہے ۔ اسٹیفن ہاکنک کی کتابوں پر دو دلچسپ تبصرے ، گارڈین کی آن لائن بکس ایڈیٹر سیان کین کا دلچسپ مضمون ’’ایک کتب فروش کی بپتا ‘‘بھی آپ ’کراچی ریویو‘ کے پہلے شمارے میں پڑھ سکتے ہیں۔ آخر میں انقلابِ روس پر وہاں کے منحرف ادیب الیگزینرر سولژے نیتس کے متعدد جلدوں پر مشتمل رزمیہ ناول’’ سُرخ پہیہ ‘‘ (The Red Wheel) کے بارے میں ایک خوشخبری بھی دی گئی ہے۔

’کراچی ریویو‘ کا پہلا بھرپور شمارہ دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ یہ کتابوں سے محبت کرنے والوں کو ایک دوسرے کے مطالعاتی تجربات میں شامل کرنے میں بھرپور حصہ ڈالے گا ۔ اس کتابی سلسلے کی تیاری میں سید کاشف رضاکے معاونین کی فہرست میں رفاقت حیات ، ابوعمش، شیخ نوید، محمودالحسن اور خضر حیات شامل ہیں۔ایسے وسیع المطالعہ تخلیق کاروں کی موجودگی اور تعاون یقیناًہر شمارے کومتنوع اور دلچسپ مواد سے بھرپور بنانے کردار ادا کرے گا ۔ کاشف رضا اس لیے بھی زیادہ تحسین کے لائق ہیں کہ اس شمارے میں اہم ترین تبصروں اور مضامین کے ترجمے کا زیادہ بوجھ انہوں نے خود اٹھایا اوربہ خوبی نبھایا۔

کراچی ریویو کا شمارہ حاصل کرنے کے لیے

’کراچی ریویو‘ کے ایک شمارے کی قیمت 200روپے رکھی گئی ہے ۔ ایک سال میں چار شمارے شائع ہوں گے ۔ اگر آپ سالانہ خریدار بننا چاہتے ہیں تورعایت یہ ہے کہ صرف 500 روپے میں یہ چاروں شمارے آپ کے ایڈریس پر پہنچ جایا کریں گے۔ ’کراچی ریویو‘ کے خریدار بننے کے لیے عامر انصاری سے اس نمبر 03003451649 پر رابطہ کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے