عام طور پر اداکارائیں اپنی عمر چھپانے اور ہمیشہ دلکش دکھنے کی خواہاں ہوتی ہیں لیکن سپر اسٹار ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی بڑھتی عمر کی خود ہی نشاندہی کردی۔
ماہرہ خان نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے اپنی بڑھتی عمر کا تذکرہ کیا۔
ادکارہ نے لکھا کہ ’میں نے یہ تصاویر دیکھ کر سوچا کہ مجھ پر بڑھاپا آرہا ہے، جسے میں چہرے اور اپنی ہڈیوں میں محسوس کرتی ہوں، بالوں میں سفیدی بھی ہے‘۔
ماہرہ نے مزید لکھا کہ ’جتنا زیادہ مجھے اپنے اندر کا بچہ پسند ہے یہ اتنا ہی آتا جارہا ہے‘۔
اداکارہ کی بڑھتی عمر والی پوسٹ پر مداحوں نے بھی تبصرے کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کو قابل ستائش قرار دیا جب کہ دیگر شوبز سے وابستہ خواتین نے بھی ماہرہ کی تعریف کی۔
تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ زارا نور، ایمن خان، مینال خان، ماڈل علیزے گبول نے کہا کہ آپ (ماہرہ) بہت خوبصورت ہیں اور آپ کی خوبصورتی ہمیشہ قائم رہے گی۔
حمزہ نامی مداح لکھتے ہیں سرجریز اور بوٹوکس کے دور میں سب کے سامنے حقیقت کو تسلیم کرنا ہمت کا کام ہے۔
فبیحہ خلیل نامی مداح لکھتی ہیں کہ عمر کا بڑھنا قدرتی عمل ہے اس میں کوئی گھبرانے کی بات نہیں آپ بہت خوبصورت ہیں۔
جب کہ ایک بھارتی مداح روہینا نے کہا کہ آپ ایک سب سے زیادہ بہادر اداکارہ ہیں جس نے اپنے بارے میں یہ خود کہا ہے لیکن پھر بھی آپ بہت دلکش ہیں، امید ہے کہ آپ بھارت لوٹیں گی اور جلد ہی ہم اپنی فلموں میں آپ کو دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی کو انسٹاگرام پوسٹ پر صارف کی جانب سے عمر رسیدہ ہونے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کا انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ افسوس ہوتا ہے کہ بڑھتی عمر کے طعنے ہیمشہ خواتین سے ہی ملتے ہیں۔