سی ویو پر گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے بچہ جاں بحق، ساحل پر گوکارٹ پر پابندی عائد

کراچی کے ساحلی مقام سی ویو پر چلنے والی گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جس کے بعد سی ویو پر چلنے والی گاڑیوں پر فی الوقت پابندی عائد کردی گئی۔

گزشتہ رات سی ویو پر 10 سالہ بچے کی ہلاکت کا واقعہ گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا جو اہلخانہ کے ہمراہ ساحل پر تفریح کے لیے آیا ہوا تھا۔

گو کارٹ گاڑی کا ڈرائیور بچے کو ٹکر مار کر فرار ہوگیا جب کہ پولیس کی جانب سے ڈرائیور کے ساتھی اور ٹھیکے دار کو زیرحراست لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق سی ویو پر گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے ہونے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد سے مفرور ڈرائیور کی تفصیلات لی جارہی ہیں اور وہ جن افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں اس کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز کی جانب سے سی ویو پر گو کارٹ گاڑی چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے بعد غروب آفتاب کے بعد گوکارٹ گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایس پی سوہائے عزیز کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی فٹنس اور رجسٹریشن سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اور گوکارٹ سروس کا معاہدہ چیک کیا جائے گا جب کہ گوکارٹ چلانے والے تمام ڈرائیوروں کے پاس پکا لائسنس ہونا ضروری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے