سماجی رابطے کی ویب سائٹس استعمال کرنے والے صارفین کینڈی کرش گیم کے نام سے بخوبی واقف ہوں گے جسے مقبول ترین آن لائن گیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے تاہم صارفین کے لیے نئی خبر یہ ہے کہ ایک امریکی ویڈیو گیمنگ کمپنی ایکٹیوژن بلزرڈ نے سویٹ کینڈی گیم بنانے والی کمپنی کو خریدنے کا اعلان کیا ہے ۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق کال آف ڈیوٹی نامی مشہور ویڈیو گیم بنانے والی امریکی کمپنی ایکٹیو یژن بلزرڈ نے مقبول موبائل فون اور انٹرنیٹ پر کھیلی جانے والی گیم کینڈی کرش ساگا کی خالق کمپنی کنگ ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کو 5.9 ارب ڈالر میں خریدنے کا سودا کیا ہے۔
کمپنی ایکٹیو یژن بلزرڈ 2014ء میں منافع کمانے کے اعتبار سے پانچویں بڑی گیمنگ کمپنی تھی جس نے روایتی کنسول اور پی سی ویڈیوز گیم بنانے کی حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے موبائل فون گیمز میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اب کنگ کمپنی کو اس کے مقبول ترین موبائل گیمز کینڈی کرش ساگا کی ملکیت سمیت خریدنے کا معاہدہ کرنے جا رہی ہے۔
کینڈی کرش گیم 2012ء میں اپنی ریلیز کے بعد کنگ ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کا سب سے معروف موبائل گیم ہے جس سے کمپنی نے کروڑوں ڈالر کمائے ہیں جبکہ کمپنی کے دو سو سے زائد عنوانات کے موبائل گیمز کے باوجود کینڈی کرش گیم کے جیسی مقبولیت کسی دوسری گیم کو حاصل نہیں ہو سکی ہے۔
اس معاہدے کے تحت 18 ڈالر فی شیئر ادا کیے گئے ہیں جبکہ کمپنی کو موجودہ منیجمنٹ کے تحت چلایا جائے گا۔
معاہدے سے قبل کینڈی کرش ساگا کی خالق کمپنی کی مالیت کا اندازا سات ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔
2014ء میں کمپنی نے اپنے حصص کی فروخت سے 50 کروڑ ڈالر کمائے تھے جبکہ نیو یارک اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں اس کے حصص کی قیمت22 ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
گرافکس، کارٹون اور صوتی اثرات پر مبنی کینڈی کرش ساگا گیمز تین یکساں چیزوں کو ملانے کے معمے پر مشتمل ایک ویڈیو گیم ہے اسے 12 اپریل2012 ء میں فیس بک کے لیے اور اسی سال کے آخر میں موبائل فونز کے لیے ریلیز کیا تھا۔
مارچ 2013ء میں کینڈی کرش نے مقبول موبائل گیم فارم ویلیج کو مقبولیت کے اعتبار سے پیچھے چھوڑ دیا تھا اور 46 کروڑ صارفین کے ساتھ مقبول ترین کھیل کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
یہ نصف ارب صارفین کی طرف سے ڈاون لوڈ کی جانے والی مقبول ترین موبائل فون اپلیکیشن ہے جسے دنیا بھر میں انتہائی مقبولیت حاصل ہے جبکہ کمپنی کے 200 ممالک میں 500 ملین سالانہ فعال صارفین ہیں۔
کنگ کمپنی کا قیام 2003ء میں سویڈن میں ہوا تھا اس کے دفاتر دنیا بھر میں موجود ہیں جبکہ صدر دفتر آئر لینڈ اور لندن میں اس کا مرکزی دفتر واقع ہے۔
یہ موبائل گیمز کی آمدنی عالمی گیمز کی مارکیٹ کی مجموعی آمدنی 75ارب ڈالر میں سے لگ بھگ 14.5 ارب ڈالر کے برابر ہے۔