نہیں جانتا جج کی ویڈیو کتنی سچ ہے لیکن دال میں کچھ تو کالا ہے: بلاول

سکھر: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نہیں جانتا جج ارشد ملک کی ویڈیو کتنی سچ ہے لیکن یہ جج نوازشریف اور آصف زرداری کا کیس سن رہا ہے، دال میں کچھ تو کالا ہے۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹانے کے فیصلے سے متعلق کہنا تھا کہ سب سیاسی جماعتوں نے اعلیٰ عدلیہ سے جج کی ویڈیو کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اس جج کو ہٹادیا گیا ہے اور امید ہے کہ اسے اپنی صفائی کا موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ ویڈیو کتنی سچ ہے، کتنی نہیں لیکن یہ پوچھنے پر مجبور ہوں کہ یہ جج نوازشریف کا کیس بھی سنے اور آصف زرداری کا بھی تو کیا یہ اتفاق ہے؟ دال میں کچھ تو کالا ہے، یہ اداروں کے لیے بڑا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بلاول کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اراکین کی تعداد زیادہ ہے اور چیئرمین سینیٹ اپوزیشن کا ہی بنے گا۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں الیکشن کو سلیکشن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، پیپلزپارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم بھرپور انداز سے چلائی گئی، عوام نے پی پی کے امیدوار کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے لیکن عوام کا فیصلہ سلیکٹیڈ کو پسند نہیں آیا، جیت واضح دکھائی دی تو دباؤ شروع کرایا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست سلیکشن پر یقین رکھتی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرادیں گے مگر ہم ان کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس بار محمد بخش مہر کا فارم قبول کیا، اب عدالت میں کیس چل رہا ہے، 18 جولائی کو الیکشن ہے مگر فیصلہ سنانے کے بجائے 16 جولائی کو جب انتخابی مہم ختم ہوگی تب فیصلہ سنایا جائے گا، اس سے بہت سے سوالات جنم لیتے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ وفاق صوبے کا معاشی قتل کررہا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرح سندھ کے حقوق پر بھی ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، پیسےکم ملنے سے بجٹ اور معیشت پر اثر پڑرہا ہے لیکن ہم پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے کوشش کررہے ہیں کہ کم پیسے میں منصوبے مکمل کیے جائیں۔

یاد رہے کہ ویڈیو اسکینڈل کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور وزرات قانون نے بھی ان کی خدمات لاہور ہائیکورٹ کو واپس کردیں ہیں۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک اہم کیسز کی سماعت کررہے تھے جن میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس اور سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف ریفرنس بھی شامل ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے