نواز شریف سمیت تمام قیدیوں سے جیل مینوئل کے مطابق سلوک ہوگا:وزیراطلاعات پنجاب

پنجاب کے وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف سمیت تمام قیدیوں سے جیل مینوئل کے مطابق ہی سلوک ہوگا، میاں نواز شریف کیلئے وہ کھانے جاتے رہے ہیں جو ایک صحت مند آدمی بھی نہیں کھا سکتا، مریم صفدر جھوٹی ٹوئٹ سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ عوام نے اپوزیشن کی کال مسترد کر دی، تمام مارکیٹیں کھلی ہیں کاروبار چل رہا ہے، اپوزیشن سے بندے اکٹھے نہیں ہو رہے، اپوزیشن مجھے کہے میں بندے بھیج دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کرپشن کے خلاف احتجاج کرے ان کے ساتھ ہیں، ریجیکٹڈ اور ڈیفیکٹڈ دونوں فارغ ہیں، عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن منفی ہتھکنڈوں کی سیاست کر رہی ہے، کھسیانی بلی کھمبا نوچے کا مقولہ اپوزیشن پر فٹ بیٹھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف ہو گا تو ایک ترازو سے ہو گا اور انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا، قیدی کے ساتھ جیل مینوئل کے مطابق سلوک ہونا چاہیے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ میاں نواز شریف کیلئے وہ کھانے جاتے رہے ہیں جو ایک صحت مند آدمی بھی نہیں کھا سکتا۔ مریم صفدر جھوٹی ٹوئٹ کے ساتھ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی عادت رہی ہے کہ پہلے گریبان پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں، گریبان نہ پکڑا جائے تو پاؤں پکڑ لیتے ہیں، خادم اعلیٰ نے امداد کھائی، کہاں گئے پیسے، ابھی بہت کیسز ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کی بلڈ شوگر 10 روز سے چیک ہی نہیں کی گئی۔

نواز شریف کی صاحبزادی کے مطابق جیل حکام نے میاں نواز شریف کے ڈاکٹر اور فیملی کو بتائے بغیر نہ صرف ان کی انسولین بند کردی ہے بلکہ انہیں نئی گولیاں دے دیں اور نئی انسولین شامل کی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے