جمعرات : 08 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کشمیر داخلی معاملہ ہے، بھارت کا پاکستان کو جواب[/pullquote]

بھارت نے ایک بیان میں جموں کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 کے خاتمے کو بھارت کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے پاکستانی ردعمل کو ضرورت سے زیادہ شور مچانے سے تشبیہ دی ہے۔ جمعرات کو بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ پاکستان نے گذشتہ روز بھارت سے کہا کہ وہ اسلام آباد سے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بلا لے اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ وہ بھی نئی دہلی میں اپنا ہائی کمشنر تعینات نہیں کرے گا۔ پاکستان نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بند کی جا رہی ہے اور باہمی متفقہ معاملات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کو کشمیر پر ’گہری تشویش‘[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں لاگو تازہ پابندیوں سے وہاں انسانی حقوق کی صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔ ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے کے ترجمان نے کہا کہ تازہ پابندیوں کے بعد صورتحال نہایت سنگین ہو گئی ہے اور مواصلاتی نظام پر اس قدر مکمل پابندی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اس طرح کی پابندیاں لوگوں کو جموں اور کشمیر کی مستقل حیثیت پر بات کرنے کے ان کے جمہوری حق سے محروم کرتی ہیں۔ کشمیر میں پچھلے چار روز سے کرفیو جیسا ماحول ہے اور بھارت نے تمام مواصلاتی نظام بند کر رکھا ہے۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پانچ سو سے زائد افراد گرفتار[/pullquote]

بھارتی سکیورٹی فورسز نے وادی کشمیر میں پانچ سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے۔ کشمیر میں آج مسلسل چوتھے روز لوگ گھروں میں بند ہیں اور اس متنازعہ خطے کا رابطہ دنیا سے کٹا ہوا ہے۔ حکام نے انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس معطل کر رکھی ہے۔ بھارت کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے گزشتہ روز کشمیر کا دورہ بھی کیا۔ ادھر بھارتی سپریم کورٹ میں جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف ایک آئینی پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔

[pullquote]امریکا امن بات چیت کے بارے میں بے یقینی پیدا کر رہا ہے: طالبان[/pullquote]

افغان طالبان کے سربراہ مُلا ہیبت اللہ اخونزادہ نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اپنے قول وفعل سے افغانستان میں جنگبندی کے بارے میں شکوک و شبہات اور پیدا کر رہا ہے۔ عید سے پہلے اپنے ایک پیغام میں مُلا ہیبت اللہ نے کہا کہ امریکی حکام کی طرف سے متضاد بیانات اور اندھادھند بمباری سے اس کی نیت پر شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کا یہ بیان کابل میں طالبان کے خودکش حملے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ اس حملے میں کم از کم چودہ لوگ مارے گئے اور ایک سو پینتالیس زخمی ہوئے۔

[pullquote]بھارتی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بھارتی حکومتی فیصلے کے ردعمل میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی بھارتی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کے ساتھ تمام طرح کے تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

[pullquote]اسرائیلی فوجی کو چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا گیا[/pullquote]

مقبوضہ فلسطینی علاقے غرب اُردن میں ایک یہودی بستی کے باہر ایک اسرائیلی فوجی کی لاش ملی ہے۔ یہ یہودی آبادی فلسطینی شہر ہیبرون کے قریب واقع ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس فوجی کو چاقو کے وار کر کے قتل کیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس فوجی کو بظاہر اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔ فوجی بیان میں تاہم اس طرح کی کوئی تفصیل نہیں دی گئی اور نہ ہی قتل کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے۔

[pullquote]شام میں ایک لاکھ لوگ گرفتار یا لاپتہ: اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں گزشتہ آٹھ برس سے جاری تنازعے کے دوران ایک لاکھ سے زائد لوگ کو حراست میں لیا گیا، اغوا کیا گیا یا وہ غائب کر دیےگئے۔ اقوام متحدہ کے سیاسی معاملات سے متعلق ادارے کی سربراہ روز میری ڈی کارلو نے کہا کہ یہ اعداد و شمار مختلف ذرائع سے اکھٹی کی گئی معلومات پر مبنی ہیں اور ان کی تصدیق مشکل کام ہے۔ تاہم انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ حراست میں موجود لوگوں کو رہا کرنے اور ان کے بارے میں معلومات ان کے اہل خانہ کو فراہم کرنے کے سلامتی کونسل کے مطالبے پر عمل کریں۔

[pullquote]ترکی اور امریکا شمالی شام میں ’سیف زون‘ کے قیام پر متفق[/pullquote]

ترکی اور امریکا شام کے شمالی حصے میں ایک ’جوائنٹ آپریشن سنٹر‘ قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس کا مقصد ایک محفوظ علاقے کا قیام ہے تاکہ ترکی اور امریکی حمایت یافتہ کرُد ملیشیا کے درمیان کشیدگی قابو میں رہے۔ تین روز تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد طے پانے والے اس معاہدے میں اس بات کی کوئی تفصیل موجود نہیں کہ مجوزہ سیف زون یا محفوظ علاقہ کس نوعیت کا ہو گا یا کتنا بڑا ہو گا۔ تاہم خیال ہے کہ اس معاہدے کے بعد ترکی کی طرف سے وائی پی جی کرُد ملیشیا کے خلاف کسی کارروائی کا امکان اب کم ہو گیا ہے۔

[pullquote]وینزویلا: مادورو نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات ختم کر دیے[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اپوزیشن کے ساتھ طے شدہ مذاکرات منسوخ کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری امریکا پر عائد کی ہے۔ پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا حکومت کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی وینزویلا حکومت کو تمام ادائیگیوں کا سلسلہ بھی روک دیا تھا۔ امریکی فیصلے کے ردعمل میں مادورو نے بارباڈوس میں جمعرات اور جمعہ کے لیے طے شدہ مذاکرات میں حکومتی وفد نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مذاکرات ناروے کی کوششوں سے ہو رہے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے