زیبرے کا نایاب ’’چتکبرا‘‘ بچہ

کینیا: زیبرے ہیں سب دیکھے بھالے، کالی سفید دھاریوں والے… لیکن کینیا کے ’’ماسائی مارا نیشنل ریزرو‘‘ میں وائلڈ لائف فوٹو گرافروں راہول سچدیو اور انتونی ٹیرا نے زیبرے کے ایک ایسے بچے کی تصاویر کھینچی ہیں جو ’’چتکبرا‘‘ ہے؛ یعنی اس کے جسم پر سفید نشانات ہیں جو دوسرے زیبروں سے بالکل الگ ہیں۔

صرف دو دنوں میں زیبرے کے اس چتکبرے بچے کی تصویریں اور مختصر ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔ بعض لوگ انہیں جعلی قرار دے رہے ہیں لیکن جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر اصلی ہیں اور لاکھوں میں سے کوئی ایک زیبرا اس طرح کا ہوسکتا ہے۔

البتہ، دوسرے زیبروں سے مختلف دکھائی دینا کوئی اچھی بات نہیں کیونکہ اس کی وجہ زیبرے میں موروثی خرابی ہوتی ہے جس کے نتیجے میں اس کے جسم پر کالی سفید دھاریاں ٹھیک سے نہیں بن پاتیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ جنگل کے کھلے ماحول میں شکاری جانور بھی آزاد ہوتے ہیں جو دوسروں سے مختلف نظر آنے والے زیبرے کی طرف متوجہ ہو کر اسے جلد ہی شکار کرسکتے ہیں۔ اسی بناء پر انہیں خدشہ ہے کہ زیبرے کا یہ چتکبرا بچہ صرف چھ ماہ تک ہی زندہ رہ پائے گا اور بالغ ہونے سے پہلے ہی کسی شکاری جانور کا نوالہ بن جائے گا۔

بائیس سیکنڈ کی ویڈیو میں اس ننھے زیبرے کو واضح دیکھا جاسکتا ہے:

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے