ُپیاری شہزادی،ابھی نہ جانا

پیاری شہزادی یہیں رہ جاؤ

پیاری شہزادی ابھی نا جانا،
ابھی تو تم نے اسلام آباد کے
سرکاری اسکول دیکھے ہیں
سرکاری اسکول جہاں
تمھارے آنے سے مہینوں پہلے
رنگ روغن، گملے وغیرہ
لگائے گئے ہیں
تاکہ تمھے سب اچھا نظر آئے
حیران ہوں کیسے تم نے
ذہنی صحت کی کمی بھامپ لی !

پیاری شہزادی
پختونخواہ کا بھی دورہ کرنا
وہاں آٹھویں جماعت کی
خاکی ٹوپی برقع اوڑھے بچیاں
تم کو قومی لباس میں ملبوس
دیکھنے کو بےچین ہیں

پیاری شہزادی،
پنجاب کی شہزادیوں کی قبور بھی
تمھاری راہ تک رہی ہیں
زینب کی ننگی پنڈلی پر
اپنی اوڑھنی کا ایک ٹکڑا
بطور مرہم رکھ آنا

پیاری شہزادی،
سندھ کی شہزادیاں بھی
ننگے پاؤں گدلا پانی تھامے
کشکول آنکھوں سے
تمھاری راہ تک رہی ہیں

پیاری شہزادی،
بلوچستان کی شہزادیاں
جنکے مرد خاکی آندھیوں نے
اڑا دیئے ہیں
گوادر کی ریت تم پر نچھاور
کرنا چاہتی ہیں

ہم غلام ابن غلام ہیں بھولے نہیں
تمھارا نائب وحشی درندہ ہے
مار مار کر بھی مرنے نہیں دیتا
لو پھر سے غلامی کا طوق ڈالو
پیاری شہزادی یہیں رہ جاؤ
پیاری شہزادی یہیں رہ جاؤ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے