پیر: 02 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین کے لیے روسی گیس پائپ لائن کی تعمیر کا افتتاح[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی موجودگی میں دو دسمبر کو روس سے چین کے لیے گیس کی ترسيل ممکن بنانے کے مقصد سے پائپ لائن کی تعمیر کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ پائپ لائن منصوبے کو چین اور روس کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری کا ثبوت قرار ديا گیا ہے۔ اس کی تعمیر مکمل اور فعال ہونے پر روس کو چین سے چار سو بلین ڈالر کی خطیر رقم حاصل ہو گی۔ روسی علاقے سائبیریا سے جنوب مغربی چین تک اس پائپ لائن کی لمبائی تین ہزار کلومیٹر ہو گی اور اس کی تعمیر تقریباً تین برسوں میں مکمل ہو گی۔ سن 2025 میں اس پائپ لائن سے چین کو گیس کی فراہمی میں اڑتیس فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]مخلوط حکومت کی ڈیل پر دوبارہ بات چیت ممکن نہیں، سی ڈی یو[/pullquote]

جرمنی کی مخلوط حکومت کی بڑی سیاسی جماعت کرسچیئن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) نے کہا ہے کہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ طے پانے والی حکومتی ڈیل کو دوبارہ زیر بحث نہیں لایا جا سکتا۔ یہ بات سی ڈی یو کی سربراہ اناگریٹ کرامپ کارین باؤر نے پیر دو دسمبر کو کہی۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی اتوار پہلی دسمبر کو منتخب ہونے والی نئی قیادت نے حکومتی ڈیل کو از سر نو زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے داخلی انتخابات میں نئی قیادت نوربیرٹ والٹر بورژانس (Norbert Walter-Borjans) اور سسکیا ایسکین (Saskia Esken) کو منتقل ہوئی ہے۔ یہ لیڈر شپ اپوزیشن میں بیٹھنے کے حق میں ہے۔ ایس پی ڈی کے داخلی انتخابات میں مخلوط حکومت کے حامی امیدواروں کو شکست ہوئی ہے۔

[pullquote]امریکی بحريہ حکام کا دورہ ہانگ کانگ منسوخ کر ديے جانے کی دھمکی[/pullquote]

چینی حکومت نے امریکی بحریہ کی ایک ٹیم کے ہانگ کانگ کے دورے کو منسوخ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ چینی حکومت نے ہانگ کانگ ميں جمہوریت نوار غیر سرکاری تنظیموں پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کے روز کہا کہ امریکی کانگریس کا منظور کردہ ہانگ کانگ ہیومن رائٹس اور ڈیموکریسی ایکٹ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے برابر ہے۔ ترجمان کے مطابق اس ایکٹ سے ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری امریکا کو اٹھانی پڑے گی۔ چینی وزارت خارجہ نے امریکی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس تناظر میں اپنی غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کرے۔

[pullquote]یورپ کلائمیٹ چینج کے لیے عملی اقدامات میں پہل کرے، فرانسیسی وزیراعظم[/pullquote]

فرانس کے وزیراعظم ایڈوارڈ فليپے نے کہا ہے کہ یورپ کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات ميں کمی لانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ فليپے کے مطابق انہی اقدامات سے یورپ ماحول کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے عالمی اقدامات کی رہنمائی کر سکے گا۔ فرانسیسی وزیراعظم نے یہ بیان ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں آج سے شروع ہونے والی عالمی ماحولیاتی سمٹ کے موقع پر دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح زمین کا درجہٴ حرارت بڑھ رہا ہے، اُس تناظر میں اقوام کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلیاں لانے پر لازماً اتفاق کرنا ہو گا۔

[pullquote]الجزائر میں صدارتی انتخابات[/pullquote]

شمالی افریقی ملک الجزائر میں صدارتی انتخابات کے لیے انتخابی مہم مشکلات کی شکار ہو گئی ہے۔ انتخابات بارہ دسمبر کو ہوں گے۔ الیکشن سے الجزائر ميں طویل عرصے تک برسراقتدار رہنے والے ڈکٹیٹر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی حکومت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ الجزائر میں نو ماہ سے جاری جمہوریت نواز تحریک کی وجہ سے صدارتی انتخابات کے پانچ امیدواروں کو مناسب عوامی رابطہ کاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جمہویت نوازوں کی عوامی تحریک حراک موومنٹ کے نام سے مشہور ہے۔ علیل سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ نے رواں برس بیس اپریل کو عوامی احتجاج میں تسلسل کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ احتجاجی تحریک انتخابی عمل میں انقلابی تبدیلیوں کا مطالبہ کرتی ہے۔ ایسا اندازہ ہے کہ سابق وزیراعظم علی بن فلیس انتخابات میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]گیارہ شمالی کوریائی منحرفین کو ویت نام نے روک لیا[/pullquote]

جنوبی کوریائی انسانی حقوق کے ایک سرگرم گروپ نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا سے منحرف ہونے والے گیارہ باشندوں کو ویت نامی حکومت نے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔ ان کے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ آیا وہ رہا ہو کر جنوبی کوریا پہنچ سکیں گے۔ یہ شمالی کوریائی باشندے تیئس نومبر سے ویت نام میں زیر حراست ہیں۔ جنوبی کوریا کے انسانی حقوق کے گروپ جسٹس فار نارتھ کوریا نے ان شہریوں کو واپس شمالی کوریا کے حوالے نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ شمالی کوریا کے منحرفین میں آٹھ خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ انہیں شمالی ویت نامی سرحد پر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ چین سے داخل ہونے کی کوشش ميں تھے۔

[pullquote]اردن میں تیرہ پاکستانی ہلاک[/pullquote]

اردن کے محکمہٴ شہری دفاع کے مطابق ایک زرعی رقبے پر لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آنے سے کم از کم تیرہ پاکستانی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔ وادیٴ اردن کے علاقے میں لگنے والی آگ سے وہاں موجود ايک عارضی رہائش گاہ جل کر رہ گئی۔ اس رہائشی علاقے میں آگ نصف شب کے وقت بھڑکی۔ تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی کلائمیٹ سمٹ آج سے شروع[/pullquote]

ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں آج دو دسمبر سے اقوام متحدہ کی عالمی کلائمیٹ سمٹ کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ سمٹ تیرہ دسمبر تک جاری رہے گی۔ اس میں تقریباً دو سو ممالک کے وفود اور کئی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ یہ پچیسویں کانفرنس آف پارٹیز یا COP25 ہے۔ آج سے شروع ہونے والی کانفرنس چلی میں منعقد ہونی تھی لیکن آخری وقت میں لاطینی امریکی ملک کی حکومت نے سیاسی انتشار کے تناظر میں اس کی میزبانی سے معذرت کر لی تھی۔ چلی کے انکار کے بعد اسپین نے کانفرنس منعقد کرانے کی حامی بھری تھی۔ میڈرڈ کلائمیٹ کانفرنس چلی کی صدارت میں ہو گی۔ اس کے مختلف اہم اجلاسوں کی صدارت چلی کی وزیر ماحولیات کیرولینا شمٹ کریں گی۔

[pullquote]صدر یا وکیل مواخذے کی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کے اندر صدر کے ممکنہ مواخذے کے سلسلے ميں جاری کارروائی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا اُن کے وکیل شریک نہیں ہوں گے۔ بیان کے مطابق مواخذے کی کارروائی میں مبينہ عدم شفافیت کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ابھی تک گواہوں کے ناموں کا بھی اعلان نہیں کیا گیا اور یہ بھی واضح نہیں کہ آیا متعلقہ کمیٹی صدر کو اضافی سماعت کا موقع دے گی۔ کانگریس کی کمیٹی نے صدر یا اُن کے وکیل کو اتوار کی شام چھ بجے تک کارروائی میں شریک ہونے کی تصدیق کرنے کی مہلت دی تھی۔ ایوانِ نمائندگان کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بدھ چار دسمبر کو ہو گا۔

[pullquote]بھارت: دیوار گرنے سے تقریباً ڈیڑھ درجن افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کی جنوبی رياست تامل ناڈو میں آج دو دسمبر کی صبح ایک دیوار گرنے سے کم از کم سترہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے دیوار جب گری تو ہلاک شدگان سوئے ہوئے تھے اور وہ دیوار کے ملبے تلے دب کر رہ گئے۔ امدادی کارروائی شروع ہونے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکے تھے۔ پولیس کے مطابق بیس فٹ یا چھ میٹر بلند دیوار مختلف مکانات کے اندر گری تھی۔ یہ واقعہ پیر کی صبح تامل ناڈو کے ایک بڑے شہر کوئمبٹور کے شمال میں واقع ایک گاؤں میں پیش آیا۔ خیال رہے رواں برس جولائی میں بارش کے دوران ممبئی شہر میں ایک عمارت گرنے کے واقعے میں تیس انسانی جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔

[pullquote]نیٹو سمٹ منگل تین دسمبر سے شروع ہو گی[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا سربراہی اجلاس منگل تین دسمبر سے برطانوی دارالحکومت لندن میں شروع ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ کانفرنس کے ایجنڈے میں رکن ملکوں کے معاملات کے علاوہ کئی اہم بین الاقوامی امور بھی شامل ہیں۔ شریک رہنما کانفرنس کے حاشیے میں ملاقاتیں بھی کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سمٹ میں شریک ہونے کے لیے واشنگٹن سے روانہ ہو گئے ہیں۔ اُدھر یونان نے کہا ہے کہ وہ اس سربراہی اجلاس میں رکن ممالک کی توجہ ترکی اور لیبیا کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے پر مبذول کرانے کی کوشش کرے گا۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب برطانیہ میں عام پارلیمانی انتخابات دس دن بعد ہو رہے ہیں۔ اس اتحاد کی سابقہ سمٹ بیلجیم میں طلب کی گئی تھی۔

[pullquote]امریکا میں گن کنٹرول، سپریم کورٹ ميں کيس کی سماعت[/pullquote]

امریکی سپریم کورٹ آج پیر دو دسمبر سے گن گنٹرول کے سنگین ہوتے معاملے کی سماعت شروع کرے گا۔ عدالت عظمیٰ میں گن کنٹرول پر کسی بھی قسم کی کارروائی دس سال کے بعد ہو رہی ہے۔ سن 2008 میں سپریم کورٹ نے ہر امریکی شہری کو یہ حق دیا تھا کہ وہ بندوق یا کوئی اور ایسا ہتھیار رکھ سکتا ہے۔ آج سے شروع ہونے والی عدالتی کارروائی میں امریکی دستور میں کی جانے والی دوسری ترمیم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ یہ دوسری ترمیم ہر امریکی شہری کو آتشیں اسلحہ رکھنے کا حق فراہم کرتی ہے۔ سن 2010 کے بعد سے سپریم کورٹ گن کنٹرول کی اپیلوں کو سننے سے انکار کرتی رہی ہے۔ امریکا میں آتشین اسلحے کے غیر ضروری استعمال سے سالانہ بنیاد پر چالیس ہزار انسانی اموات ہوتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے