جمعرات: 26 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فلپائن میں سمندری طوفان سے تباہی، 16 افراد ہلاک ہوگئے[/pullquote]

فلپائن میں رواں سال کے 21 ویں سمندری طوفان ‘فان فون’ نے تباہی مچادی ،طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 16 افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان گذشتہ روز کرسمس کے دن فلپائن کے وسطی حصے سے ٹکرایا۔طوفان کے باعث 195 کلومیٹر فی گھنٹے سے چلنے والی ہواؤں نے بڑی تباہی مچائی، تیز ہواؤں کے باعث سیکڑوں درخت جڑ سے اُکھڑ گئے اوربجلی کے کھمبے بھی گر گئے جب کہ متعدد گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بھی تباہ ہوگیا، ہنگامی صورتحال کے باعث ائیر پورٹ پر پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔کرسمس منانے کے لیے بڑی تعداد میں مسافر سفر کررہے تھے تام ہنگامی صورتحال کے باعث 115 پروازیں منسوخ کردی گئیں اور 15 ہزار سے زائد افراد مختلف ائیر پورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں۔طوفانی بارشوں کے باعث متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں جس کے باعث امدادی کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ علاقے میں اکثریت کیتھولک عیسائیوں کی ہے اور جس وقت طوفان ٹکرایا سب لوگ کرسمس کی تیاریوں میں مصروف تھے۔حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں کرنٹ لگنے، درخت گرنے اور گھروں کی چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں ہیں جب کہ 5 مچھیرے بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی فلپائن کے مطابق طوفان کے نتیجے میں 2 ہزار 351 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1500 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے جب کہ 58 ہزار سے زائد افراد طوفان سے پہلے ہی علاقہ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

[pullquote]افغانستان کے کئی حصوں ميں طالبان کے حملے[/pullquote]

افغانستان کے چار صوبوں ميں طالبان کے منظم حملوں ميں متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ شمالی صوبہ بلخ ميں ايک فوجی چيک پوائنٹ پر بم دھماکے ميں چھ فوجی جاں بحق ہوئے۔ مشرقی صوبہ خوست ميں سڑک کنارے نصب ايک بم پھٹنے سے پانچ شہری زخمی ہوئے۔ اسی طرح غزنی ميں بھی طالبان نے ايک حفاظتی چوکی کو نشانہ بنايا، جس ميں دو فوجی ہلاک ہوئے۔ قندوز ميں سکيورٹی فورسز اور باغيوں کے درميان فائرنگ کے تبادلے ميں ايک فوجی مارا گيا۔ ان مختلف حملوں ميں درجنوں فوجی اور شہری زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]سن 2004 کے سونامی کو پندرہ برس بيت گئے، يادگاری تقاريب کا انعقاد[/pullquote]

بر اعظم ايشيا کے کئی حصوں ميں مقامی افراد نے سن 2004 ميں سونامی کے سبب ہلاک ہونے والے 230,000 افراد کی ياد ميں آج بروز جمعرات تقاريب منعقد کيں اور سوگ منايا۔ اس سلسلے ميں بالخصوص انڈونيشيا کے صوبے آچے ميں ايک بڑی تقريب منعقد ہوئی، جہاں سونامی لہریں پورے پورے ديہاتوں کو بہا کر لے گئی تھیں۔ تھائی لينڈ ميں بھی کئی مقامات پر يادگاری تقاريب منعقد ہوئيں۔ سن 2004 ميں آنے والی اس قدرتی آفت نے بھارت، سری لنکا، انڈونيشيا اور تھائی لينڈ کے کئی علاقوں میں شدید تباہی پھیلائی تھی۔

[pullquote]ليبيا ميں ترک دستوں کی تعيناتی آئندہ ماہ ممکن، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے عنديہ ديا ہے کہ طرابلس حکومت کی درخواست پر آئندہ ماہ تک ترک فوجی دستوں کو ليبيا روانہ کيا جا سکتا ہے۔ ايردوآن نے يہ بيان اپنی پارٹی کے ارکان سے بات چیت کے بعد آج ہی ديا ہے۔ اس تعيناتی سے متعلق بل پر ترک پارليمان ميں آئندہ ماہ آٹھ يا نو تاريخ کو ووٹنگ ممکن ہے، جس کے بعد ہی حتمی فيصلہ سامنے آ سکے گا۔ ترک صدر نے ليبيا کی صورتحال پر تبادلہ خيال کے ليے گزشتہ روز تيونس کا دورہ کيا تھا۔ ترکی نے ليبيا کی بين الاقوامی طور پر تسليم شدہ حکومت کو فوجی ساز و سامان کی شکل ميں معاونت کی تھی تاہم ترک فوج کی ليبيا ميں باقاعدہ تعيناتی خطے کے ليے ايک بڑی پيش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

[pullquote]روسی اپوزيشن رہنما کی گرفتاری اور رہائی[/pullquote]

روسی اپوزيشن رہنما اليکسی ناوالنی کو آج کچھ دير کے ليے حراست ميں ليے جانے کے بعد رہا کر ديا گيا۔ ماسکو ميں ان کی اينٹی کرپشن فاؤنڈيشن کے ہيڈ کوارٹر پر آج چھاپا مارا گيا اور اسی دوران انہيں گرفتار کر ليا گيا۔ تاہم نالوالنی کو کچھ دير بعد رہا کر ديا گيا اور اس کی تصديق ان کی ترجمان نے کر دی ہے۔ ناوالنی نے گزشتہ روز ہی اپنے ايک ساتھی کی قطب شمالی کے ايک بيس پر تعيناتی کو اغواء اور غير قانونی حراست سے تعبير کيا تھا۔ يہ روسی اپوزيشن رہنما صدر ولاديمير پوٹن کے بڑے ناقد کے طور پر جانے جاتے ہيں۔

[pullquote]چين، ايران اور روس کی مشترکہ جنگی مشقيں[/pullquote]

چين، ايران اور روس کی بحری افواج جمعے سے مشترکہ جنگی مشقوں ميں حصہ لے رہی ہيں۔ اس امر کی تصديق چينی وزارت دفاع نے کر دی ہے اور يہ مشقيں خليج عمان ميں ستائيس تا تيس دسمبر جاری رہيں گی۔ مشترکہ جنگی مشقوں کا مقصد ان ملکوں کے مابين تعاون بڑھانا اور اعتماد سازی ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ خليج عمان آبنائے ہرمز سے بھی ملتا ہے، جہاں ايران اور امريکا کے مابين ان دنوں شديد کشيدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]کشمير: پاکستان و بھارت کا ايک دوسرے پر بلا اشتعال فائرنگ کا الزام[/pullquote]

ہمالیہ کے متنازعہ علاقے کشمير ميں پاکستان و بھارت نے ايک دوسرے کی فوج پر بلا اشتعال فائرنگ کا الزام لگايا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درميانی شب ہونے والی جھڑپوں ميں کم از کم دو پاکستانی اور ايک بھارتی فوجی کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ پاکستانی فوج کے مطابق رات گئے ديوا سيکٹر کے علاوہ حاجی پير کے علاقوں ميں بھی اس کے فوجی فائرنگ کی زد ميں آئے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجيش کاليا نے بتايا کہ پاکستانی فوجيوں کی فائرنگ سے رامپور سيکٹر ميں ان کا ايک فوجی مارا گيا۔ پاکستانی وزير خارجہ شاہ محمود قريشی نے لائن آف کنٹرول کے پار فائرنگ کے تازہ واقعے کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]ترکی: کشتی ڈوبنے کے واقعے ميں سات افراد ہلاک[/pullquote]

ترکی کے مشرقی حصے ميں مہاجرين سے لدی ايک کشتی ڈوبنے سے کم از کم سات مہاجرين ہلاک ہو گئے ہيں۔ کشتی ڈوبنے کا يہ واقعہ وان نامی نہر ميں جمعرات کی صبح پيش آيا۔ پانچ مہاجرين نہر ميں ڈوب کر ہلاک ہوئے جبکہ دو ہسپتال ميں دم توڑ گئے۔ ريسکيو کارروائی ميں چونسٹھ افراد کو بچا بھی ليا گيا۔ اس کشتی پر اکثريتی طور پر پاکستانی اور افغان تارکين وطن و مہاجرين سوار تھے۔ ايران کی سرحد کے پاس واقع اس علاقے سے مہاجرين عموماً پيدل راستہ طے کرتے ہيں۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ يہ مہاجرين کشتی کے ذريعے کيوں سفر کر رہے تھے۔

[pullquote]کرسمس کے موقع پر فلپائن ميں سمندری طوفان[/pullquote]

فلپائن ميں مسيحی تہوار کرسمس کے موقع پر آنے والے سمندری طوفان ’فنفون‘ کے نتيجے ميں پيش آنے والے حادثات ميں کم از کم دس افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ اب تک چھ افراد لاپتہ بھی ہيں۔ ’فنفون‘ گزشتہ روز فلپائن کے مشرقی و وسطی علاقوں سے ٹکرايا۔ اس سمندری طوفان کے نتيجے ميں چوبيس ہزار سے زائد افراد کرسمس کے ليے اپنے گھروں تک نہ پہنچ سکے جبکہ ايک سو سے زائد پروازيں منسوخ بھی ہوئيں۔ اٹھاون ہزار افراد کو اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔

[pullquote]اسرائيل ميں حکمران جماعت کی قيادت کے ليے اليکشن[/pullquote]

اسرائيل کی حکمران جماعت ليکوڈ پارٹی کی قيادت کے تعين کے ليے آج اليکشن جاری ہے۔ گڈيون سار موجودہ پارٹی ليڈر اور وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو کے مرکزی حريف ہيں۔ نيتن ياہو لگ بھگ ايک دہائی سے اقتدار ميں ہيں اور يہ ان کے ليے پہلا بڑا چيلنج ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق قوی امکان ہے کہ وہ اليکشن جيت کر ليکوڈ پارٹی کی رہنمائی سنبھالے رکھيں گے۔ اسرائيل ميں دو مارچ کو عام انتخابات ہونا ہيں۔

[pullquote]غزہ سے راکٹ حملہ، اسرائيلی وزير اعظم کی ريلی متاثر[/pullquote]

بدھ کی شب پيش آنے والے ايک واقعے ميں مبينہ طور پر غزہ سے اسرائيلی علاقوں کی جانب ايک راکٹ فائر کيا گيا، جس کے نتيجے ميں وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو کی ايک ريلی متاثر ہوئی۔ ٹيلی وژن پر نشر ہوہنے والی رپورٹوں کے مطابق ہنگامی سائرن بجنے کے بعد نيتن ياہو کو ريلی کے مقام سے فوری طور پر ہٹا ليا گيا۔ وہ دو مارچ کو ہونے والے انتخابات ميں پارٹی کی قيادت کے ليے جاری مہم کے دوران ايک تقرير کر رہے تھے۔ راکٹ حملے کے بعد تمام سرحدی ديہات ميں انتباہی سائرن بجنے لگے اور خوف کی فضا طاری ہو گئی۔ حملے ميں کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہيں۔

[pullquote]برکينا فاسو ميں حملے کی مذمت جاری[/pullquote]

پاپائے روم فرانسس اور اقوام متحدہ نے برکينا فاسو ميں پچھلے پانچ سال کے سب سے خونريز حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرين کے ساتھ اظہار يکجہتی کيا ہے۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے جمعرات کو جاری کردہ بيان ميں متاثرين کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کيا۔ پوپ فرانسس نے کرسمس کے اپنے خصوصی خطاب ميں افريقہ ميں مسيحيوں پر حملوں کی مذمت کی اور دنيا بھر ميں مسلح تنازعات و قدرتی آفات کے متاثرين کے ليے دعا کی۔ منگل کو برکينا فاسو کے شمالی حصوں ميں تازہ منظم جہادی حملوں ميں کم از کم بياليس افراد ہلاک ہوئے۔

[pullquote]ايران کے کئی صوبوں ميں انٹرنيٹ سروس معطل[/pullquote]

ايران کے چند صوبوں ميں گزشتہ رات سے انٹرنيٹ کی سروس معطل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔نيم سرکاری النا نيوز ايجنسی کے مطابق حکام نے سکيورٹی خدشات کی بناء پر يہ قدم اٹھايا ہے۔ اس رپورٹ ميں وزارت مواصلات کے ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر مزيد صوبوں ميں بھی يہ قدم اٹھايا جا سکتا ہے۔ يہ پيش رفت ايک ايسے موقع پر ہوئی ہے جب بيرون ملک سے کام کرنے والے اپوزيشن گروپوں نے آج بروز جمعرات احتجاجی ريليوں کی کال دے رکھی ہے۔ تہران حکومت نے پہلے بھی مظاہروں کے دوران انٹرنيٹ بند کر ديا تھا۔

[pullquote]شام ميں دو لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور[/pullquote]
شام ميں حکومتی فورسز کی کارروائيوں کی وجہ سے حالیہ ہفتوں کے دوران دو لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہيں۔ صدر بشار الاسد کی حامی افواج نے جنوبی و مشرقی ادلب کے کئی علاقوں پر شدید بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔ پچھلے ہفتے سے جاری زمينی کارروائی ميں اب بھی اب تک چاليس سے زائد ديہات کو شدت پسندوں کے قبضے سے چھڑايا جا چکا ہے۔ ادلب شام کا وہ واحد صوبہ ہے، جہاں اب بھی شدت پسند باغی سرگرم ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے