اتوار:05 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت؛ ایران میں انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا[/pullquote]

عراق میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں قتل کے بعد خطے میں کشیدگی کی صورتحال ہے اور ایران نے امریکا سے بدلہ لینے کی دھمکی بھی دی ہے۔ایران بھر میں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت پر سوگ منایا جارہا ہے جب کہ ایران کے مذہبی اہمیت کے حامل اہم شہر قُم کی مسجد جُمکران میں ایرانی روایات کے مطابق انتقام کی علامت سرخ پرچم بھی لہرادیا گیا ہے۔

[pullquote]ایرانی ہیکرز کا سائبر حملہ؛ امریکی حکومتی ایجنسی کی ویب سائٹ ہیک کر لی[/pullquote]

ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ایران کی جانب سے مسلسل جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا جارہا ہے تو وہیں اب یہ تنازع سائبر جنگ کی صورت اختیار کرتا جارہا ہے۔ اسی کشیدگی کے بعد ماہرین کا خیال تھا کہ ایران اور اس کی پراکسیز کے پاس بہترین سائبر ہتھیار موجود ہیں جو کہ جدید اور بے آہنگ سائبر لڑائی میں استعمال کیے جا سکتے ہیں اور ان کے حقیقی دنیا پر گہرے اثرات ہو سکتے ہیں۔لیکن اب یہ سائبر جنگ بھی شروع ہوچکی ہے اور ایرانی ہیکرز نے امریکی حکومتی ایجنسی کی ویب سائٹ ہیک کر لی۔امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی فیڈرل ڈیپوزیٹری لائبریری پروگرام کی ویب سائٹ کو ہیک کیا گیا۔ ہیکرز نے ویب سائٹ کے ہوم پیج پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر کے ساتھ ساتھ امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ایڈٹ شدہ تصویر بھی لگائی اور لکھا کہ ایران کی سائبر طاقت کا یہ صرف چھوٹا سا مظاہرہ ہے۔

[pullquote]کینیا میں الشباب کے جنگجوؤں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا[/pullquote]

کینیا کے ایک حکومتی عہدیدار نے کہا ہے کہ صومالی عسکری تنظیم الشباب کے جنگجوؤں کی جانب سے لامو خطے میں امریکا اور کینیا کی فوجوں کے مشترکہ طور پر زیراستعمال فوجی اڈے پر حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ لامو خطے کے کمشنر اروگو ماچاریا کے مطابق اس فوجی اڈے پر حملہ ہوا تھا تاہم حملہ آوروں کو پسپا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ سِمبا نامی فوجی اڈے پر ہوئے اس حملے کے بعد آس پاس کے علاقے میں سکیورٹی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے البتہ یہ نہیں بتایا کہ اس واقعے میں مجموعی طور پر کتنے افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے وابستہ صومالی عسکری گروپ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں امریکا اور کینیا کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]اٹلی میں ایک گاڑی جرمن سیاحوں پر چڑھ دوڑی، چھ ہلاکتیں[/pullquote]

اٹلی میں ایک گاڑی نے نوجوان جرمن سیاحوں کے ایک گروپ کو روند دیا۔ اس واقعے میں چھ افراد ہلاک جب کہ دیگر گیارہ زخمی ہو گئے ہیں۔ اطالوی حکام کے مطابق یہ واقعہ ملک کے شمالی علاقے لوتاچ میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایک تیز رفتار گاڑی اس وقت سیاحوں کے اس گروپ پر چڑھ دوڑی، جب یہ نوجوان سیاح اپنی بس میں سوار ہونے کے لیے جمع تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور ایک مقامی شخص ہے اور اس کے خون میں الکوحل کی بھاری مقدار کا پتا چلا ہے۔

[pullquote]ایران میں 52 مقامات نشانے پر ہیں، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں 52 مقامات امریکی نشانے پر ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں یا تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو ’تیز رفتاری اور نہایت سختی‘ کے ساتھ اس کا جواب دیا جائے گا۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ان میں سے بعض ایرانی مقامات نہایت اعلیٰ سطح اور اہم طرز کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بعض ثقافتی اعتبار سے اہم ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکا ایران کی جانب سے کسی قسم کی دھمکیاں قبول نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ جمعے کو بغداد کے ہوائی اڈے کے قریب ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ایک امریکی فضائی کارروائی میں ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔

[pullquote]چاقوحملہ کرنے والا انتہا پسند نظریات کا حامل تھا، فرانسیسی استغاثہ[/pullquote]

فرانس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق محکمے نے پیرس کے قریب ہوئے ایک چاقو حملے کی تفتیشی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ استغاثہ کا کہنا ہےکہ اس حملے میں ملوث مشتبہ شخص کے شدت پسندانہ نظریات سے جوڑ کے شواہد ملے ہیں۔ استغاثہ کے مطابق یہ مبینہ حملہ آور نہایت احتیاط سے اس حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف رہا اور اس کا مقصد دہشت پھیلانا تھا۔ واضح رہے کہ جمعے کے روز ناتھن سی نامی مشتبہ ملزم نے پیرس کے جنوب میں واقع ویلیجوئی کے ایک پارک میں چاقو کے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک جبکہ دیگر دو کو زخمی کر دیا تھا۔ یہ حملہ آور پولیس کی گولی لگنے سے مارا گیا تھا۔

[pullquote]ٹوکیو میں ٹيونا مچھلی پوے دو ملین ڈالر میں فروخت[/pullquote]

نیلے پروں والی ايک ٹيونا مچھلی ٹوکیو میں ایک سو ترانوے اعشاریہ دو ملین ین یعنی ایک اعشاریہ آٹھ ملین ڈالر میں نیلام ہوئی ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق قیمت کے اعتبار سے اب تک ٹوکیو کی تویوسو مچھلی مارکیٹ میں فروخت ہونے والی یہ دوسری سب سے مہنگی مچھلی ہے۔ اس 276 کلوگرام وزنی مچھلی کو ملک کے شمالی سمندری علاقے سے پکڑا گیا تھا۔ قیمت کے اعتبار سے یہ مچھلی قریب سات لاکھ ین فی کلوگرام ہے۔ اس مچھلی کو خریدے والا ادارہ کیووشھی کِرمورا نامی سوشی ریستوران چین ميں ہے۔ گزشتہ برس بھی اسی ادارے نے ایک ٹيونا مچھلی تین سو تینتیس اعشاریہ چھ ملین ین میں خریدی تھی۔

[pullquote]کمبوڈیا میں عمارت کا انہدام، ہلاکتوں کی تعداد 36 ہو گئی[/pullquote]

کمبوڈیا میں جمعے کے روز ايک عمارت کے انہدام کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ شب اس عمارت کے ملبے تلے دفن مزید ایک درجن لاشیں نکالی گئیں جب کہ حکام نے اس سلسلے میں جاری ریسکیو آپریشن اب ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تیرہ خواتین اور چھ بچے شامل ہیں۔ کیپ صوبے میں اس عمارت کے انہدام کے بعد شروع کیے گئے ریسکیو آپریشن میں 23 افراد کو عمارت کے ملبے سے بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

[pullquote]ترکی کے ساتھ کشیدگی، یونانی وزیراعظم امریکا کے دورے پر[/pullquote]

ترکی کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں یونانی وزیراعظم کیریاکوس مِٹسوتاکِس امریکا جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چھ ماہ قبل وزارت عظمیٰ سنبھالنے والے مٹسوتاکِس سات جنوری کو وائٹ ہاؤس جائیں گے۔ اس دورے میں یونانی وزیراعظم کی یہ کوشش بھی ہو گی کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں کو یونان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں۔ اس کے علاوہ اس دورے میں توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت پر بھی بات چیت ہو گی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں یونانی وزیراعظم نے کہا تھا کہ امریکا اور یونان قریبی دوست ممالک ہیں اور یونان امریکا کا ایک قابل اعتماد اتحادی ہے۔

[pullquote]گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب آج[/pullquote]

ہالی وڈ کے گولڈن گلوب ایواڈز کی تقریب آج اتوار کے روز منعقد ہو رہی ہے۔ برطانوی کامیڈین رِکی کیروایس ریکارڈ پانچویں مرتبہ اس ايوارڈ شو کی میزبانی سرانجام دے رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اس تقریب میں فلم اسٹریمنگ ادارہ نیٹ فلکِس نہایت نمایاں دکھائی دے سکتا ہے۔ نیٹ فلکس کی فلميں 17 مختلف کیٹیریگریز ميں گولڈن گلوب ایوارڈز کی امیدوار ہيں۔ ٹیلی ویژن کے شعبے میں بھی اس ادارے کو قریب اتنی ہی کیٹیگریز میں ایوارڈز کا امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]جنرل سلیمانی کی لاش ایران پہنچ گئی[/pullquote]

ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلمیانی کی لاش اتوار کے روز ایران پہنچ گئی ہے۔ ایران میں اس موقع پر ہزاروں افراد نے سوگواری مارچ میں شرکت کی۔ جنرل قاسم سلیمانی کی لاش عراق سے جنوبی مغربی ایرانی شہر اہوز لائی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آج سلیمانی کی لاش کو مشہد شہر بھی لے جایا جائے گا، جب کہ پیر کے روز تہران اور قم میں ان کی لاش عوامی سوگ کے لیے لے جائی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ انہیں منگل کو ان کے آبائی شہر کرمان میں دفن کیا جائے گا۔

[pullquote]وینیزویلا کے اپوزیشن رہنما مادورو حکومت کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھیں گے[/pullquote]

وینیزویلا کے اپوزیشن رہنما خوان گوآئیڈو کو ممکنہ طور پر اتوار کے روز ایک مرتبہ پھر قومی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر منتخب کر لیا جائے گا۔ 36 سالہ اپوزیشن رہنما نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دوبارہ منتخب ہونے پر صدر نکولاس مادورو کی حکومت کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس خود کو ملک کا ’عبوری صدر‘ قرار دیا تھا، جس کی امریکا سمیت پچاس دیگر ممالک نے حمایت بھی کر دی تھی تاہم تمام تر عوامی اجتماعات اور مستقل متحرک رہنے کے باوجود وہ گزشتہ برس صدر مادورو کو مستعفیٰ ہونے پر مجبور نہ کر سکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے