منگل: 05 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنوبی کوریائی بحری جہاز اور اس کے عملے کو یرغمالی نہیں بنایا، ایرانی حکام[/pullquote]

ایرانی حکام نے کہا ہے کہ وہ نا تو کسی جنوبی کوریائی بحری جہاز کو قبضے میں لے کر اسے استعمال کر رہے ہیں اور نہ ہی اس کے عملے کو یرغمال بنایا گیا ہے۔ ایرانی حکام نے جنوبی کوریا کے اس آئل ٹینکر کو کل پیر کے روز آبنائے ہرمز کے علاقے سے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ ناقدین کے مطابق اس کا مقصد بظاہر وہ تقریباﹰ سات بلین ڈالر چھڑوانا تھا، جو جنوبی کوریائی حکومت نے امریکی پابندیوں کی وجہ سے منجمد کر رکھے ہیں۔ ایران نے ابھی تک کھل کر ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ تاہم کئی حلقوں کا دعویٰ ہے کہ تہران نے ایسا سیئول پر دباؤ ڈالنے کے لیے کیا ہے۔ ایرانی حکام کے بقول اس آئل ٹینکر کو ماحولیاتی وجوہات کی بنا پر قبضے میں لیا گیا تھا۔ اس بحری جہاز کا بیس رکنی عملہ بھی ایرانی حکام کی تحویل میں ہے۔

[pullquote]سعودی قطری تنازعے کے خاتمے کی کوششیں، سعودی سرحدیں عنقریب کھول دینے کا فیصلہ[/pullquote]

خلیج فارس کے علاقے میں سعودی عرب اور قطر کے مابین تنازعے کے خاتمے کی کوششیں کامیاب ہوتی نظر آنے لگی ہیں۔ کویتی وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح نے بتایا کہ سعودی عرب قطر کے لیے اپنی فضائی، زمینی اور بحری سرحدیں جلد ہی دوبارہ کھول دے گا۔ کویت گزشتہ تین سال سے جاری اس تنازعے میں ثالثی کے لیے کوشاں ہے۔ دو ہزار سترہ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے خلاف پابندیاں عائد کرتے ہوئے دوحہ کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ ان ممالک کی طرف سے تب قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگایا گیا تھا، جس کی قطر نے ہمیشہ ہی تردید کی ہے۔ دریں اثناء قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی آج منگل کے روز ایک خلیجی عرب سمٹ کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ اس سمٹ میں سعودی قطری تنازعے کے خاتمے کے لیے اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔

[pullquote]خام تیل کی پیداوار سے متعلق اوپیک کے مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے[/pullquote]

تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے ارکان اور ان کے اتحادی ممالک کے مابین ان کی خام تیل کی مجموعی پیداوار سے متعلق مذاکرات آج منگل کے روز بھی جاری رہیں گے۔ یہ بات چیت کل پیر کی شام کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ہی ملتوی کر دی گئی تھی۔ ان مذاکرات میں یہ طے کیا جانا ہے کہ اس سال فروری کے مہینے میں اوپیک کے ارکان اور ان کے اتحادی ممالک کی خام تیل کی مجموعی پیداوار کتنی رہے گی۔ ان مذاکرات میں تیئیس ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں لاک ڈاؤن میں ممکنہ توسیع، میرکل حکومت فیصلہ آج کرے گی[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن میں ممکنہ توسیع کے بارے میں حکومتی فیصلہ آج منگل کے روز کیا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ چانسلر انگیلا میرکل کی صدارت میں ہونے والے ایک آن لائن اجلاس میں کیا جائے گا، جس میں تمام سولہ وفاقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔ موجودہ لاک ڈاؤن کی مدت دس جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔ امکان ہے کہ اس مدت میں اکتیس جنوری تک کے لیے تین ہفتے کی توسیع کر دی جائے گی۔ وبائی امراض کی روک تھام کے نگران جرمن ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی تقریباﹰ گیارہ ہزار نو سو نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں جبکہ کووڈ انیس کے باعث مزید نو سو چوالیس افراد انتقال کر گئے۔

[pullquote]افریقی مہاجرین کی کشتی ہسپانوی جزیرے پر پہنچ گئی، تین مہاجر کشتی میں ہی مر گئے[/pullquote]

درجنوں افریقی مہاجرین کو لے کر آنے والی ایک کشتی اسپین کے جزائر کیناری میں سے ایک جزیرے پر پہنچ گئی لیکن ساحل تک پہنچتے پہنچتے کشتی کے مسافروں میں سے تین ہلاک ہو چکے تھے۔ ہسپانوی حکام نے آج منگل کے روز بتایا کہ مختلف افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے ان تارکین وطن میں سے ایک اور ساحل پر پہنچنے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ اس کشتی پر مجموعی طور پر سینتالیس افراد سوار تھے، جن میں ایک خاتون اور سترہ نابالغ افراد بھی شامل تھے۔ باقی ماندہ تینتالیس مہاجرین خیریت سے ہیں۔ یہ واقعہ نئے سال کے دوران یورپ پہنچنے کی کوشش میں تارکین وطن کی ہلاکتوں کا پہلا واقعہ ہے۔

[pullquote]وسطی افریقی جمہوریہ میں الیکشن، فوسٹین تُوآدیرا ہی ملکی صدر رہیں گے[/pullquote]

وسطی افریقی جمہوریہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق موجودہ سربراہ مملکت فوسٹین تُوآدیرا ہی نئے ملکی صدر ہوں گے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے مطابق ستائیس دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں اس وقت تریسٹھ سالہ تُوآدیرا کو چوّن فیصد عوامی تائید کے ساتھ قطعی اکثریت حاصل ہو گئی۔ اس الیکشن میں عوامی تائید کے لحاظ سے سابق وزیر اعظم اور تُوآدیرا کے حریف صدارتی امیدوار دولوگیلے دوسرے نمبر پر رہے۔ دولوگیلے نے اس الیکشن میں بے قاعدگیوں اور دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں۔ ملکی آئینی عدالت کی طرف سے سے ان انتخابی نتائج کی لازمی تصدیق ابھی باقی ہے۔

[pullquote]جولیان اسانج کو میکسیکو میں سیاسی پناہ دینے کی پیش کش[/pullquote]

میکسیکو کے صدر آندریز لوپیز اوبرادور نے وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو میکسیکو میں سیاسی پناہ دینے کی پیشکش کر دی ہے۔ صدر اوبرادور نے میکسیکو سٹی میں کہا کہ وہ آئندہ بھی یہ کوششیں کرتے رہیں گے کہ جولیان اسانج کو رہا کیا جانا چاہیے۔ کل پیر کے روز ایک برطانوی عدالت نے اسانج کو ممکنہ طور پر ملک بدر کر کے امریکا کے حوالے کرنے کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔ امریکا کی طرف سے انچاس سالہ آسٹریلوی شہری اسانج پر جاسوسی اور سرکاری راز افشا کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔ امریکا میں اسانج کو پونے دو سو سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ ناقدین کے مطابق اسانج کے خلاف عدالتی کارروائی آزادی صحافت کے لیے شدید خطرہ ہو گی۔

[pullquote]بیس فیصد تک افزودہ یورینیم کی تیاری، ایران نے تصدیق کر دی[/pullquote]

ایران نے تصدیق کر دی ہے کہ اس نے اپنی جوہری تنصیبات میں سے ایک میں بیس فیصد تک افزودہ یورینیم کی تیاری شروع کر دی ہے۔ جوہری توانائی کے ایرانی ادارے کے اس موقف کے ساتھ ہی اس بارے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اس حوالے سے اعلان کی بھی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس عالمی ایجنسی کے مطابق ایران کی طرف سے ایسا کیا جانا دو ہزار پندرہ میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ اس سلسلے میں ایٹمی توانائی کے ایرانی ادارے کے ترجمان بہروز کمال وندی نے آج منگل کے دن ٹیلی وژن سے نشر کیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ تہران نے مقامی وقت کے مطابق کل پیر کی شام بیس فیصد تک افزودہ یورینیم کی تیاری کا اپنا ہدف حاصل کر لیا۔

[pullquote]برطانوی حکومت کا انگلینڈ میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کا اعلان[/pullquote]

برطانوی حکومت نے انگلینڈ میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی ریکارڈ تعداد کے باعث انگلینڈ میں دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ میں عام شہریوں کو صرف بہت ضروری کاموں، مثلاﹰ کام پر یا ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔ وزیر اعظم بورس جانسن کے مطابق یہ لاک ڈاؤن اس لیے ناگزیر ہو گیا تھا کہ کورونا وائرس کی میوٹیشن کے بعد بدلی ہوئی قسم نے عام شہریوں کو بہت بڑی تعداد میں متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ نئی پابندیوں کے دوران تمام اسکول بھی بند رہیں گے۔ قبل ازیں برطانیہ کے دیگر حصوں میں بھی علاقائی حکومتوں نے ایسے ہی سخت اقدامات کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]بھارتی کسانوں کا احتجاج جاری رہے گا، حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام[/pullquote]

بھارتی حکومت کے نمائندوں اور احتجاجی کسانوں کے مابین مذاکرات ناکام رہنے کے بعد یہ کسان اپنے مظاہرے اور شاہراہوں کی بندش جاری رکھیں گے۔ یہ مذاکرات کل پیر کی شام ناکام ہو گئے تھے۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت ملک میں زرعی اصلاحات سے متعلق وہ نیا قانون واپس لے، جو کسانوں کے مطابق ان کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہو گا۔ نئی دہلی میں مودی حکومت اب تک اس متنازعہ قانون کی ممکنہ منسوخی سے انکاری ہے۔ ہزارہا بھارتی کسان گزشتہ چالیس دنوں سے اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے نئی دہلی کو جانے والی کئی اہم ہائی ویز بند کر رکھی ہیں۔ فریقین کے مابین بات چیت کا اگلا دور جمعے کے روز ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے