[pullquote]سعودی عرب کے جدا اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے، حوثی باغی[/pullquote]
یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے پیر کے روز سعودی عرب کے جدا اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی باغیوں کے مطابق یہ حملہ ڈرونز کے ذریعے کیا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں دو گھنٹوں تک ان ایئرپورٹس پر فضائی آمد و رفت معطل رہی۔ تاہم سعودی حکام نے ان حملوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ چند روز پہلے حوثی باغیوں نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک مسافر بردار جہاز کو آگ لگ گئی تھی۔
[pullquote]کرد جنگجوؤں نے تیرہ ترک یرغمالیوں کو قتل کر دیا، ترکی[/pullquote]
ترکی نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) پر عراق میں تیرہ ترک باشندوں کو اغوا کے بعد قتل کر دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ترکی کے وزیر دفاع خلوصی آکار کے مطابق بارہ یرغمالوں کے سر میں گولی ماری گئی تھی جب کہ ایک شخص کے کندھے میں گولی لگی تھی۔ دوسری جانب پی کے کے نے ترک فضائیہ کی کارروائی کو ان اموات کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ امریکا نے اتوار کے روز ان ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سن 2015 اور سن 2016 کے درمیان جن افراد کو اغوا کیا گیا تھا، ان میں چھ فوجی اور دو پولیس افسران بھی شامل تھے۔
[pullquote]انڈونیشیا میں بارشیں اور لینڈ سلائڈنگ، 10 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ[/pullquote]
انڈونیشیا کے مرکزی جزیرے جاوا پر ہونے والی بارشوں اور لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے کم از کم دس افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں، جن کی امدادی کارکن تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز ایک دوسرے علاقے میں بھی مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم اکیس افراد اپنے گھروں میں ہی ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے تھے۔ سترہ ہزار جزائر پر مشتمل انڈونیشیا میں ہر سال بارشوں کی وجہ سے سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
[pullquote]نیٹو کا افغان مشن فی الحال جاری رہے گا، جرمن نیوز ایجنسی[/pullquote]
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے فی الحال افغانستان میں اپنا عسکری مشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق جرمنی اور دیگر اتحادی ممالک اپنے دس ہزار فوجی ابھی افغانستان سے نہیں نکالیں گے۔ قبل ازیں نیٹو کے جنرل سیکریٹری ژینس اشٹولٹن برگ نے قدامت پسند طالبان پر عدم اعتماد کا الزام عائد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو اپنے وعدے کے مطابق تشدد میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ دہشت گرد گروپوں سے روابط ختم کرنا ہوں گے۔
[pullquote]افغان ایران سرحد پر آئل اور گیس ٹینکروں کو لگی آگ 28 گھنٹے بعد بجھا دی گئی[/pullquote]
افغان ایران سرحد پر آئل اور گیس ٹینکروں کو لگی آگ اٹھائیس گھنٹے بعد بجھا دی گئی ہے۔ اتوار کے روز ایک دھماکے سے بہت بڑے پیمانے پر لگنے والی اس آگ سے سینکڑوں ٹرک اور کنٹینر جلنے سے کئی ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ کسٹم حکام کے مطابق صوبہ ہرات کی اسلام قلعہ نامی سرحدی گزر گاہ میں یہ حادثہ ایک تیل سے لدے ٹرک میں دھماکے سے ہوا۔ اس کے بعد یہ آگ جلد ہی وہاں تیل اور گیس سے لدے دیگر پانچ سو ٹرکوں تک پھیل گئی۔ اس حادثے میں سترہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک ہلاکتوں کے بارے میں کوئی واضح اطلاع سامنے نہیں آئی۔
[pullquote]شام، اسرائیلی راکٹوں سے چھ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک[/pullquote]
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی میزائلوں نے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ شامی جنگی حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان حملوں میں کم از کم چھ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو مارے گئے ہیں۔ سنا نیوز ایجنسی کے مطابق مقبوضہ گولان پہاڑیوں سے فائر کیے گئے زیادہ تر اسرائیلی راکٹوں کو ان کے دفاعی نظام نے ہوا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔ اسرائیل ماضی میں بھی ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے خلاف سینکڑوں حملے کر چکا ہے لیکن تل ابیب حکومت کی جانب سے ان کی تصدیق نہیں کی جاتی۔
[pullquote]میانمار، ینگون کی سڑکوں پر فوجی ٹینکوں کا گشت[/pullquote]
میانمار میں فوجی بغاوت کے دو ہفتوں بعد فوج اور احتجاجی مظاہرین میں تصادم کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے برما یا میانمار کے معاشی دارالحکومت ینگون کی سڑکوں پر ٹینک تعینات کر دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ شمالی شہر میتکینیا میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ بھی کی ہے۔ تنظیم نیٹ بلاکس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
[pullquote]پیرو کورونا ویکسین اسکینڈل، خاتون وزیر خارجہ بھی مستعفی[/pullquote]
لاطینی امریکی ملک پیرو میں کورونا ویکسین اسکینڈل وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اب ملکی وزیر خارجہ بھی مستعفی ہو گئی ہیں۔ اس ملک میں متعدد حکومتی سیاستدانوں پر الزام ہے کہ انہوں نے طبی عملے اور عوام کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم شروع ہونے سے پہلے ہی خفیہ طور پر خود ویکیسن لگوا لی تھی۔ خاتون وزیر خارجہ ایلزابتھ اسٹیٹے کا مستعفی ہوتے ہوئے ٹویٹر پر کہنا تھا کہ وہ ایک بڑی غلطی کی مرتکب ہوئی ہیں۔ قبل ازیں جمعے کے روز اس ملک کے وزیر صحت بھی مستعفی ہو گئے تھے۔ پیرو میں گزشتہ منگل کے روز طبی عملے کو ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔
[pullquote]اسپین: کاتالونیا میں علاقائی انتخابات، علیحدگی پسندوں کی سبقت[/pullquote]
اسپین کے صوبے کاتالونیا میں ہونے والے علاقائی پارلیمانی انتخابات میں علیحدگی پسند سبقت لیے ہوئے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق تین بڑی علیحدگی پسند جماعتیں بارسلونا میں حکومت قائم کرتے ہوئے میڈرڈ کی مرکزی حکومت کے خلاف محاذ آرائی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ ابھی تک کے نتائج کے مطابق علیحدگی پسند جماعتوں کو چوہتر فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ مرکزی حکومت کے حامی سوشلسٹ اتحاد کو تینتیس فیصد۔ کاتالونیا میں ایک عرصے سے وسائل کی تقسیم کے مسائل جاری ہیں اور یہ صوبہ اسپین سے علیحدگی چاہتا ہے۔ اس معاملے میں یورپی یونین اسپین کی مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔