منگل : 30 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طیب اردوان نے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کردیا[/pullquote]

استنبول : ترک صدر طیب اردوان نے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کردیا۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے مرکزی بینک کے گورنر کی برطرفی کے بعد اب اچانک ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر نے 2019 میں مرکزی بینک میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اس سے قبل استنبول اسٹاک ایکسچینج میں بھی فرائض انجام دے چکے تھے۔

[pullquote]افغانستان، تین خواتین پولیو ورکر قتل[/pullquote]

افغانستان میں دو مختلف واقعات کے دوران انسداد پولیو مہم میں شامل تین خواتین کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ہے۔ یہ دونوں واقعات جلال آباد میں پیش آئے ہیں۔ افغانستان میں پیر سے پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت افغانستان کے چونتیس میں سے بتیس صوبوں میں تقریبا ساڑھے نو ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانا ہیں۔ افغانستان اور پاکستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں، جہاں ابھی تک پولیو کا صفایا نہیں کیا جا سکا۔ پاکستان میں بھی پیر سے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

[pullquote]تاجکستان میں بھارتی وزیر خارجہ کی افغان صدر سے ملاقات[/pullquote]

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ملاقات میں افغانستان اور اس کے پڑوس میں امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنما تاجکستان میں جاری ’ہارٹ آف ایشیا کانفرنس‘ میں شرکت کررہے ہیں۔ اجلاس میں بھارت اور پاکستان کے علاوہ چین، ایران، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات سمیت پندرہ ممالک شریک ہیں۔ قبل ازیں بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔ ترکی اگلے ماہ افغانستان پر ایک اہم کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔

[pullquote]یورینیم کی 20 فیصد افزودگی فی الحال جاری رہے گی، ایران[/pullquote]

ایران میں حکام کا کہنا ہے کہ جب تک امریکا کی طرف سے تمام پابندیاں ختم نہیں کی جاتیں، ایران میں یورینیم کی بیس فیصد تک افزودگی میں کمی نہیں کی جائے گی۔ حکومت کا یہ موقف ایرانی پریس ٹی وی نے ایک اعلی عہدیدار کا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے نشر کیا۔ ادھر امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنے کے لیے نئی تجاویز پیش کرنے والی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکا تہران حکومت سے یہ مطالبہ کرنے والا ہے کہ جب تک مذاکرات کا باقاعدہ آغاز نہیں ہوتا، وہ اپنی جوہری سرگرمیاں کم کر دے۔

[pullquote]امریکا نے میانمار کے ساتھ تجارتی معاہدہ معطل کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے میانمار میں جاری مظاہروں کے خلاف فوج کی پرتشدد کارروائیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور میانمار کے ساتھ تجارتی معاہدہ معطل کر دیا ہے۔ یہ معاہدہ سن دو ہزار تیرہ میں طے پایا تھا۔ واشنگٹن کے مطابق تجارتی معاہدہ اُس وقت تک معطل رہے گا، جب تک میانمار میں دوبارہ جمہوری حکومت کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا۔ میانمار میں ویک اینڈ پر سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ایک سو سے زائد مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے۔ فوج کی طرف سے یکم فروری کو اقتدار سنبھالنے سے لے کر اب تک ملک میں پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]شام کی حکومت قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے، جرمنی[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے شام کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے۔ برسلز میں شام سے متعلق ایک عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دمشق حکومت اور اس کے اتحادیوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ لڑائی کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کا المیہ کسی صورت اگلے دس برس جاری نہیں رہنا چاہیے۔ اقوام متحدہ کو امید ہے کہ برسلز میں جاری اس کانفرنس میں شام کی فلاح و بہبود کے لیے دنیا بھر سے دس ارب ڈالر کی امداد جمع کی جا سکے گی۔

[pullquote]لیبیا میں تقریبا ایک ہزار تارکین وطن گرفتار[/pullquote]

لیبیا کے کوسٹ گارڈز نے پچھلے دو دنوں میں یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تقریبا ایک ہزار تارکین وطن کو گرفتار کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم) کے مطابق ان افراد کو بدنام زمانہ مہاجر کیمپوں میں زیر حراست رکھا گیا ہے۔ بین الاقوامی تنظیم نے ان مہاجرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ لیبیا کے پناہ گزین کیمیپوں میں تارکین وطن کو غیرانسانی حالات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ہسپانوی امدادی بحری جہاز ’اوپن آرمز‘ نے دو سو انیس تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔ زندہ بچ جانے والوں میں کم از کم چھپن چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔

[pullquote]امریکا کی طرف سے ونڈ انرجی میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان[/pullquote]

امریکا نے سمندری ہواؤں سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق سن دو ہزار تیس تک ونڈ مِلز سے دس ملین سے زائد گھرانوں کو ماحول دوست توانائی فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے بحر اوقیانوس اور بحر الکاہل کے ساحل پر بارہ ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اس منصوبے کے تحت دس ہزار سے زائد ملازمتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ توانائی حاصل کرنے کے اس منصوبے کے تحت امریکا کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کم کرتے ہوئے اٹھہتر ملین ٹن تک لانا چاہتا ہے۔

[pullquote]اطالوی مافیا کا انتہائی اہم لیڈر گرفتار[/pullquote]

اٹلی میں پولیس نے منظم جرائم پیشہ تنظیم ایندراگیتا کے اہم لیڈر کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کلاؤڈ بیارٹ نامی اس مافیا لیڈر کی عمر ترپن برس ہے۔ ان کی گرفتاری کیریبییئن جزائر کے ملک ڈومینیک ریپبلک سے عمل میں آئی۔ وہ چند سال قبل اٹلی سے فرار ہو کر لاطینی امریکا کے ایک ملک میں روپوش ہو گئے تھے اور پھر پانچ سال پہلے ڈومینیک ریپبلک منتقل ہو گئے تھے۔

[pullquote]کورونا وائرس ممکنہ طور پر کسی جانور سے انسان تک منتقل ہوا، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق کورونا کا نیا مہلک وائرس ممکنہ طور پر کسی جانور سے ہی انسان تک منتقل ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ وائرس چمگادڑوں سے کسی جانور کو لگا اور پھر انسان تک پہنچانے کا سبب بنا۔ ماہرین کے مطابق اس بات کے ’امکانات انتہائی کم‘ ہیں کہ یہ وائرس کسی لیبارٹری سے نکلا۔ ڈبلیو ایچ او کے ماہرین نے کورونا وائرس کا منبع جاننے کی تحققیات کا آغاز فروری میں چین کے شہر ووہان سے کیا، جہاں یہ وائرس سب سے پہلے دریافت ہوا تھا۔

[pullquote]نہر سوئز میں مال بردار بحری جہازوں کی نقل و حمل جاری[/pullquote]

نہر سوئز میں کئی روز تک پھنسے رہنے والے مال برداری بحری جہاز ’ایور گیوین ‘ کو نکالنےکے بعد وہاں بحری جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ بین الاقوامی تجارت کا یہ آبی راستہ بند ہو جانے کی وجہ سے تقریبا تین سو ستر مال بردار بحری جہاز پھنس کر رہ گئے تھے۔ چار سو میٹر طویل پھنسے ہوئے بحری جہاز کو نکالنے کے لیے دن رات کام کرتے ہوئے تقریبا تیس لاکھ کیوبک میٹر ریت کو ہٹایا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے