ہفتہ : 17 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کرگئی[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا کے سبب عالمی سطح پر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ امریکی جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق اموات کی یہ تعداد کییف، لزبن اور کراکس جیسے کئی بڑے شہروں کی آبادی کے برابر ہے۔ ایک طرف دنیا بھر میں کووڈ انیس کے خلاف ویکسینیشن کی مہم جاری ہے تو دوسری جانب برازیل، بھارت اور فرانس جیسے ممالک کو ایک مرتبہ پھر کورونا کے بڑھتے کیسز کے ساتھ بحرانی صورت حال کا سامنا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اس مہلک وائرس سے یومیہ بارہ ہزار افراد کی موت ہو رہی ہے جبکہ روزانہ سات لاکھ افراد اس انفیکشن کی زد میں آتے ہیں۔

[pullquote]افغانستان: طالبان کے تازہ حملوں میں کم از کم سات افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے دو صوبوں میں طالبان کی طرف سے کیے گئے تازہ حملوں میں حکومت نواز فورسز کے کم از کم سات اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق گزشتہ شب مغربی صوبہ ہرات میں ایک پولیس چوکی پر کار بم دھماکے سے تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ اس حملے میں بچوں سمیت آٹھ شہری زخمی ہوئے۔ دوسری طرف ملک کے شمالی صوبے تخار میں ایک اور چیک پوائنٹ پر طالبان نے حملہ کر دیا جس میں حکومت کی حامی فورسز کے چار اہلکار مارے گئے۔ دریں اثنا افغان وزارت دفاع نے جنوبی صوبے زابل میں ایک ملٹری آپریشن کے بعد بیس فوجی اور پولیس اہلکاروں کو طالبان کی جیل سے رہا کرانے کا اعلان کیا ہے۔ افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کے متعدد مرحلوں کے باوجود پرتشدد کارروائیوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

[pullquote]پرنس فیلپ کی آخری رسومات[/pullquote]

برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کے شوہر پرنس فیلپ کی آخری رسومات آج لندن کے مغربی حصے میں واقع وِنڈسر محل میں ادا کی جارہی ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے سبب پرنس فیلپ کی آخری رسومات کی تقریب میں شاہی خاندان کے ارکان سمیت صرف 30 افراد شریک ہوں گے۔ یہ تقریب ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ پرنس فیلپ نو اپریل کو ننانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ پرنس فیلپ اور الزبتھ ثانی کا ازدواجی بندھن سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط رہا اور انہوں نے بطور ڈیوک آف ایڈنبرا کئی شاہی ذمہ داریوں کو بھی احسن انداز میں نبھایا۔

[pullquote]میانمار: فوجی جنتا کے چیف آسیان اجلاس میں شرکت کریں گے[/pullquote]

میانمار فوجی جنتا کے سربراہ مِن اونگ لائنگ جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق فوجی جنتا کے سربراہ اپنا پہلا غیر ملکی دورہ انڈونیشیا کا کریں گے جہاں دارالحکومت جکارتہ میں چوبیس اپریل کو آسیان اجلاس کا انعقاد ہوگا۔ میانمار کے ہمسایہ ممالک فوج اور سیاسی قیادت کے درمیان مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ تنازعہ کو حل کیا جاسکے۔ میانمار میں یکم فروری کو ہونے والی فوجی بغاوت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں میں 728 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

[pullquote]امریکی صدر اور جاپانی وزیراعظم کی ملاقات، چین کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن اور جاپانی وزیراعظم یوشی ہیڈے سُوگا نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران عالمی سطح پر چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کے خلاف تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ جو بائیڈن نے مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران اس ملاقات کو ’نتیجہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سوگا اور انہوں نے واشنگٹن ٹوکیو اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ایجنڈا میں چین سرفہرست رہا۔ بائیڈن نے بیجنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی کوششوں میں جاپان کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے جیوپولیٹیکل امور کے ساتھ ساتھ بالخصوص آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر بائیڈن کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملکی رہنما کے ساتھ یہ پہلی دو بدو ملاقات تھی۔

[pullquote]بحیرہ روم میں کشتی ڈوبنے سے کم از کم 41 تارکین وطن ہلاک[/pullquote]

بحیرہ روم میں ایک کشتی ڈوب جانے کے نتیجے میں کم از کم 41 افراد ہلاک ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی امدادی تنظیم اور آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کو تیونس کے ساحلی شہر سیدی منصور کے قریبی پانیوں میں پیش آیا تھا۔ اس کشتی میں سوار افریقی تارکین وطن یورپ پہنچنے کی کوشش میں تھے۔ تیونس کے کوسٹ گارڈ نے بتایا ہے کہ تین افراد کو بچا لیا گیا تاہم 41 افراد ڈوب گئے جس میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔

[pullquote]روس کا امریکی پابندیوں کا جواب، دس امریکی سفارت کار ملک بدر[/pullquote]

روس نے امریکا کی جانب سے نئی پابندیوں کے ردعمل میں دس امریکی سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا کہ ملک بدر کیے جانے والے سفارتی اہلکاروں کے علاوہ امریکی سفیر جان سولیوان کو ’سنجیدہ مشاورت‘ کے لیے واشنگٹن واپس جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے نومبر میں امریکی صدارتی انتخابی عمل میں مبینہ مداخلت اور سائبر حملوں کے سبب ایک روز قبل ہی ماسکو پر متعدد پابندیوں کے ساتھ دس روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی جمہوری تحریک کے خلاف فیصلوں پر یورپی یونین کی تنقید[/pullquote]

یورپی یونین نے ہانگ کانگ کی جمہوری تحریک کے نمائندوں کے خلاف فیصلوں پر شدید تنقید کی ہے۔ برسلز میں یورپی یونین کے خارجی امور کے سربراہ جوزیپ بوریل کی خاتون ترجمان نے کہا کہ چین کے زیر انتظام اس خصوصی خطے میں پر امن طریقے سے اپنے شہری حقوق کا استعمال کرنے والے افراد کو طویل قید کی سزائیں دینا بنیادی آزادی کی پامالی ہے اور یہ اقدامات چین کی طرف سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھانے پر سوال اٹھاتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے یورپی یونین اور چین کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

[pullquote]کیوبا میں کاسترو دور کا اختتام[/pullquote]

فیدل کاسترو کے بھائی راؤل کاسترو نے کیوبا کی کمیونسٹ جماعت کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سربراہی چھوڑنے سے قبل اپنی آخری اہم تقریر میں سابق صدر راؤل کاسترو نے امریکا کے ساتھ ’قابل احترام بات چیت‘ کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے بقول کیوبا ہمسایہ ملک کے ساتھ ’نئی نوعیت کے تعلقات‘ قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ نواسی سالہ کاسترو نے پارٹی قیادت سے دستبرداری کی بھی تصدیق کی۔ وہ اور ان کے بھائی پچھلے چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے کیوبا کے سربراہ رہے۔ سن 2016 میں وفات پانے والے فیدل کاسترو نے سن 2006 میں اقتدار راؤل کو سونپا تھا، جس کے بعد سن 2008 میں وہ باضابطہ طور پر صدر منتخب ہوئے تھے۔ تین برس قبل انہوں نے یہ عہدہ میگیل ڈیاز کینیل کو منتقل کیا تھا۔

[pullquote]روسی فوج یوکرائنی سرحد سے پیچھے ہٹ جائے، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرائنی سرحد سے اپنی فوجیں واپس بلائے۔ برلن حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق کشیدگی کم کرنے کا صرف یہی ایک راستہ ہے۔ فرانس کی جانب سے بھی اس مطالبہ کی حمایت کی گئی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں اور یوکرائنی رہنما ولودیمیر زیلینسکی نے ویڈیو کانفرنس کے دوران اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ زیلینسکی کی جانب سے روسی صدر سے ملاقات پر آمادگی کا بھی اظہار کیا گیا۔ مشرقی یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجی اجتماع کے سبب کشیدگی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

[pullquote]جاپان اولمپک گیمز کی میزبانی کرے گا، جاپانی وزیراعظم[/pullquote]

جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا نے اپنے امریکی دورے کے دوران کہا ہے کہ وہ ٹوکیو میں تئیس جولائی کو منعقد ہونے والے آئندہ اولمپک گیمز کی میزبانی کریں گے۔ جاپانی وزیراعظم نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جاپان کورونا وبا کے باوجود اولمپک کھیلوں کے انعقاد کے لیے تمام تر کوششیں کرے گا۔ حال ہی میں جاپانی حکومتی حلقوں میں بھی اولمپک گیمز کے انعقاد کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ اس حوالے سے عوامی تعاون میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے