بدھ : 28 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے بھی زیادہ ہو گئی[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب دو لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ملکی ہسپتالوں میں آکسیجن اور ادویات کی قلت ہے، جس کے نتیجے میں اموات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ نئی یومیہ انفیکشنز کی تعداد بھی گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل تین لاکھ سے زیادہ ہی رہتی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں اس وائرس نے مزید تقریباﹰ تین لاکھ اکسٹھ ہزار افراد کو متاثر کیا، جو کسی بھی ملک میں روزانہ بنیادوں پر اضافے کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ یہ وائرس اب تک تقریباﹰ اٹھارہ ملین بھارتی باشندوں کو متاثر کر چکا ہے۔ اسی دوران مزید تین ہزار دو سو ترانوے ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں کووڈ انیس کی وجہ سے اموات کی مجموعی تعداد بھی دو لاکھ ایک ہزار ایک سو ستاسی ہو گئی۔

[pullquote]افغانستان میں تعینات امریکی سفارت کاروں کے انخلا کا فیصلہ[/pullquote]

افغانستان میں سلامتی کی کشیدہ صورت حال کے باعث امریکی وزارت خارجہ نے کابل کے امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں کے انخلا کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق ان تمام امریکی سفارت کاروں پر ہو گا، جو اپنے فرائض دیگر مقامات سے بھی انجام دے سکتے ہوں۔ امریکا اس وقت افغانستان سے اپنے مکمل فوجی انخلا کی تیاریوں میں ہے۔ صدر بائیڈن کہہ چکے ہیں کہ افغانستان سے تمام امریکی فوجی گیارہ ستمبر کو نائن الیون حملوں کے بیس سال مکمل ہونے سے پہلے پہلے واپس بلا لیے جائیں گے۔ جرمنی نے بھی وہاں اپنے فوجیوں کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ افغان طالبان دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر یکم مئی تک تمام غیر ملکی دستے واپس نا گئے، تو وہ ان پر دوبارہ حملے شروع کر دیں گے۔

[pullquote]لیبیا کے ساحل کے قریب سینکڑوں تارکین وطن کو سمندر سے ریسکیو کر لیا گیا[/pullquote]

‘اوشن وائکنگ’ نامی امدادی بحری جہاز کے عملے نے لیبیا کے ساحل کے قریب بحیرہ روم کے پانیوں سے دو سو چھتیس تارکین وطن کو ریسکیو کر لیا۔ یہ مہاجرین شمالی افریقی ملک لیبیا کے مغربی ساحل سے تقریباﹰ پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر کھچا کھچ بھری ہوئی ربڑ کی دو کشتیوں میں سوار یورپ کی طرف سفر میں تھے کہ ان کی کشتیاں بحرانی حالات کا شکار ہو گئی تھیں۔ امدادی تنظیم ’ایس او ایس میڈی ٹیرانے‘ کے مطابق ریسکیو کیے گئے تارکین وطن میں ایک سو چودہ نابالغ افراد بھی شامل ہیں، جو اکیلے ہی سفر کر رہے تھے۔ بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق اس سال اب تک یورپ پہنچنے کی کوشش میں کم از کم بھی چار سو تریپن تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]برلن حکومت کی طرف سے چینی جرمن حکومتی مشاورت کا دفاع[/pullquote]

وفاقی جرمن حکومت نے جرمنی اور چین کے مابین حکومتی مشاورت کا دفاع کیا ہے۔ برلن حکومت کے ترجمان اشٹیفن زائبرٹ نے کہا کہ شہری اور انسانی حقوق سے متعلق جرمن حکومتی موقف ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کوشش یہ ہے کہ بیجنگ کے ساتھ مشاورت سے تحفظ ماحول اور معیشت جیسے اہم شعبوں میں تبادلہ خیال کے ساتھ ٹھوس انداز میں آگے بڑھا جا سکے۔ چینی جرمن حکومتی مشاورت کا چھٹا دور آج بدھ کو ہو رہا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ مشاورت ایک ویڈیو کانفرنس کی صورت میں کی جا رہی ہے۔ اس میں چین اور جرمنی اپنی اپنی کابینہ کے ساتھ شریک ہوں گے اور اس کی صدارت جرمن چانسلر میرکل اور چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ مل کر کریں گے۔

[pullquote]یمنی حوثی باغیوں کا سعودی ملٹری ایئر بیس پر ڈرون حملہ[/pullquote]

یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے جنوبی سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط میں قائم ایک ملٹری ایئر بیس پر ایک نیا ڈرون حملہ کیا ہے۔ یہ بات باغیوں کے ایک ترجمان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہی۔ دوسری طرف یمن کے ان ایران نواز باغیوں کے خلاف عسکری کارروائیاں کرنے والے سعودی فوجی اتحاد کے ذرائع نے کہا ہے کہ اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ حوثی باغی یمن کے زیادہ تر شمالی حصوں پر قابض ہیں اور وہ گ‍زشتہ چند مہینوں سے سعودی عرب کے خلاف اپنے ڈرون حملے تیز تر کر چکے ہیں۔

[pullquote]اطالوی پارلیمان نے کورونا امدادی منصوبے کی منظوری دے دی[/pullquote]

اٹلی میں ملکی پارلیمان نے وزیر اعظم ماریو دراگی کی حکومت کے پیش کردہ کورونا امدادی منصوبے کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کی مالیت دو سو بیس بلین یورو سے زائد ہے۔ پارلیمانی ایوان زیریں کی طرف سے منظوری کے کچھ ہی دیر بعد اطالوی سینیٹ نے بھی اس پلان کی توثیق کر دی۔ اب روم حکومت کو زیادہ سے زیادہ پرسوں جمعے تک برسلز میں یورپی کمیشن کو ملکی معیشت کی بحالی سے متعلق اپنا تفصیلی منصوبہ پیش کرنا ہے۔ اٹلی کا شمار کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ یورپی ممالک میں ہوتا ہے۔ یورپی یونین کے مجموعی طور پر ساڑھے سات سو بلین یورو کے کورونا امدادی پیکج میں سے سب سے زیادہ رقوم اٹلی ہی کو ملیں گی۔

[pullquote]جرمنی میں کووڈ انیس کے مزید تین سو بارہ مریض انتقال کر گئے[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے مزید تین سوبارہ مریضوں کا انتقال ہو گیا،جس کے بعد ملک میں کورونا کی وبا کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بیاسی ہزار دو سو اسی ہو گئی ہے۔ برلن میں وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بتایا کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کی مزید بائیس ہزار دو سو سے زائد نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ یوں جرمنی میں اب کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد تینتیس لاکھ بتیس ہزار پانچ سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔

[pullquote]شمال مشرقی شام میں لڑائی رکوانے کے لیے روسی ملٹری پولیس تعینات[/pullquote]

شام میں تعینات روسی فوجی دستوں نے ملک کے شمال مشرق میں واقع ایک شہر میں جاری لڑائی رکوانے کے لیے مداخلت کر دی ہے۔ روسی فوج کے مصالحتی مرکز کی طرف سے بتایا گیا کہ شامی شہر قامشلی میں دمشق حکومت کے اتحادی جنگجوؤں اور کرد فورسز کے مابین کافی دنوں سے لڑائی جاری ہے۔ اب اس لڑائی کو رکوانے کے لیے وہاں روسی ملٹری پولیس کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ان روسی دستوں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ یہ شامی شہر ترکی کے ساتھ سرحد کے قریب واقع ہے۔

[pullquote]بھارتی ریاست آسام میں زلزلے کے طاقت ور جھٹکے[/pullquote]

بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں آج بدھ کے روز زلزلے کے طاقت ور جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی۔ فوری طور پر کسی بڑے مالی یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔ اس وجہ سے کئی عمارات میں دراڑیں پڑ گئیں۔ زلزلے کا مرکز آسام کے دارالحکومت گوہاٹی سے ایک سو چالیس کلو میٹر شمال کی طرف زمیں میں چونتیس کلو میٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔ ارضیاتی علوم کے یورپی مرکز کے مطابق اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو تھی۔

[pullquote]نیدرلینڈز میں تقریباﹰ چار ماہ بعد سخت لاک ڈاؤن کا خاتمہ[/pullquote]

نیدرلینڈز میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے لگائے گئے سخت لاک ڈاؤن کے تقریباﹰ چار ماہ بعد یہ یورپی ملک کافی حد تک اب واپس معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آیا ہے۔ آج بدھ کے دن سے شہریوں کے لیے کرفیو ختم ہو گیا ہے اور اضافی حفاظتی انتظامات کے تحت دکانیں اور ریستوراں گاہکوں کے لیے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ ڈچ حکومت کو امید ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی قدرے زیادہ شرح عام شہریوں کی تیز رفتار ویکسینیشن کے ساتھ جلد ہی کم ہو جائے گی۔ تقریباﹰ پانچ ملین شہریوں کو کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکا لگایا جا چکا ہے۔ یہ تعداد ملکی آبادی کے تیس فیصد کے قریب بنتی ہے۔

[pullquote]بعد از بریگزٹ تجارتی معاہدہ، یورپی پارلیمان نے توثیق کر دی[/pullquote]

یورپی پارلیمان نے بریگزٹ کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین طے پانے والے تجارتی معاہدے کی کل منگل کی رات اکثریتی رائے سے توثیق کر دی۔ اس پارلیمانی ووٹنگ کے نتائج کی تفصیلات آج بدھ کو جاری کی گئیں۔ اس ڈیل میں برطانیہ اور اس کے اخراج کے بعد یونین کے باقی ستائیس رکن ممالک کے مابین مستقبل کے تجارتی روابط کی بنیادیں طے کی گئی ہیں۔ برطانیہ بریگزٹ سے پہلے سینتالیس برس تک یورپی یونین کا رکن رہا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے