جمعرات : 31 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس کی یوکرینی شہر ماریوپول اور اس کے گرد و نواح میں فائر بندی کی تجویز[/pullquote]

روس نے یوکرین کے شہر ماریوپول اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں فائر بندی کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اس کا مقصد وہاں سے عام شہریوں کے انخلا کو ممکن بنانا ہے اور اس پر مقامی وقت کے مطابق آج جمعرات کی صبح دس بجے سے عمل درآمد شروع ہو جانا تھا۔ ماسکو کی اس تجویز کے مطابق اس طرح شہری انخلا کے لیے جو راہداری وجود میں آئے گی، اسے بَیردیانسک سے لے کر زاپوریژیا کے شہر تک کی شہری آبادی استعمال کر سکے گی۔ جنوبی یوکرین کا شہر بَیردیانسک روسی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ اس کے برعکس وسطی یوکرینی شہر زاپوریژیا کییف حکومت کے دستوں کے قبضے میں ہے۔ اس سے قبل ماریو پول سے عام شہریوں کے انخلا کے لیے محفوظ راہداری کے قیام کی متعدد کوششیں ناکام ہو گئی تھیں۔

[pullquote]ایران کی طرف سے نئی امریکی پابندیوں کو اپنے خلاف ’بد نیتی کی مظہر‘ قرار دیتے ہوئے مذمت[/pullquote]

ایران نے اپنے خلاف عائد کردہ نئی امریکی پابندیوں کو ’بری نیت سے کیا گیا اقدام‘ قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔ امریکی وزارت خزانہ نے تہران کے خلاف ان نئی پابندیوں کا اعلان کل بدھ کے روز کیا تھا۔ یہ پابندیاں ان ایرانی شخصیات اور اداروں کے خلاف لگائی گئی ہیں، جو امریکہ کے مطابق تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے ساز و سامان کی خریداری کی کوششوں کا حصہ تھے۔ تہران میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج کہا کہ واشنگٹن کی طرف سے یہ نئی پابندیاں اس کی ایرانی عوام سے متعلق ’بدنیتی‘ کا پتہ دیتی ہیں۔

[pullquote]داعش کی حامی دس خواتین اور ان کے درجنوں بچے شام سے واپس جرمنی پہنچ گئے[/pullquote]

کئی ایسی جرمن خواتین اور ان کے بچوں کو شام میں قیدیوں کے ایک کیمپ سے واپس جرمنی پہنچا دیا گیا ہے، جو دہشت گرد تنظیم داعش کی حامی تھیں۔ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے آج جمعرات کے روز برلن میں بتایا کہ کل بدھ کے دن شمالی شام سے ایسی دس خواتین اور ان کے ستائیس بچے واپس جرمنی پہنچ گئے۔ یہ خواتین ماضی میں دہشت گرد تنظیم داعش یا ’اسلامک اسٹیٹ‘ اور اس کے جہادیوں کے ساتھ ہمدردی کی وجہ سے جرمنی سے شام گئی تھیں۔ انہیں جنگ زدہ ملک شام میں روج کے حراستی کیمپ سے بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی لایا گیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ان خواتین کے بچے داعش کے خطرناک نظریات کا شکار ہوئے اور انہیں بھی محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فوجی کارروائی میں دو نوجوان فلسطینی مارے گئے[/pullquote]

مغربی اردن کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فوج کی ایک کارروائی میں دو فلسطینی نوجوان مارے گئے جبکہ تین دیگر کی حالت نازک ہے۔ یہ فوجی کارروائی ویسٹ بینک میں جنین کے ایک مہاجر کیمپ میں کی گئی۔ رملاہ میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مرنے والے فلسطینیوں کی عمریں سترہ اور تیئیس برس تھیں۔ اسرائیلی فوج نے یہ کارروائی ان متعدد حالیہ حملوں کے ردعمل میں کی، جن میں گ‍زشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مجموعی طور پر گیارہ اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں درجہ حرارت میں اضافہ عالمی اوسط سے دگنا، آئی ایم ایف[/pullquote]

مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں 1990 کی دہائی سے لے کر اب تک درجہ حرارت میں اوسطاﹰ ایک اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوا ہے، جو اسی عرصے میں عالمی اوسط کا دوگنا بنتا ہے۔ یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ یہی دونوں خطے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس کا مطلب مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں صحت عامہ، فوڈ سکیورٹی اور غربت سے جڑے مسائل اور تنازعات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں پونے تین سو سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید دو سو اناسی افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ بات برلن میں وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابر‌ٹ‌ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے جمعرات کی صبح بتائی گئی۔ مجموعی طور پر جرمنی میں کووڈ انیس کی وبا کے سبب اب تک ایک لاکھ انتیس ہزار چار سو کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی دوران گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تقریباﹰ پونے تین لاکھ نئی انفیکشنز بھی ریکارڈ کی گئیں اور متاثرین کی مجموعی تعداد دو کروڑ گیارہ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

[pullquote]ایرانی خواتین کے فٹ بال اسٹیڈیم میں داخلے پر دوبارہ پابندی[/pullquote]

ایران میں ایک بار پھر خواتین کو ایک فٹ بال اسٹڈیم میں داخلے سے روک دیا گیا۔ تہران سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ملکی خواتین کو منگل کی رات ہونے والے ایک بین الاقوامی فٹ بال میچ کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔ شہر مشہد کے امام رضا اسٹیڈیم میں یہ میچ لبنانی اور ایرانی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ اسے دیکھنے کے لیے فٹ بال کی شائقین دو ہزار تک خواتین ٹکٹیں خرید کر اسٹیڈیم کے باہر پہنچی تھیں مگر اندر داخل نہ ہو سکیں۔

[pullquote]ہیومن رائٹس واچ کی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور فیفا پر کڑی تنقید[/pullquote]

انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا پر کڑی تنقید کی ہے۔ اس تنظیم کے مطابق آئی او سی اور فیفا اپنی طرف سے کھیلوں کے مختلف بین الاقوامی اور عالمی مقابلوں کی میزبانی کے لیے جس طرح اور جن معیارات کے مطابق میزبان ممالک کا انتخاب کرتے ہیں، وہ قابل مذمت ہیں۔ ہیومن رائتس واچ کے جرمنی میں ملکی ڈائریکٹر وَینسل میخالسکی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کے موقع پر آئی او سی کے سربراہ تھوماس باخ کا رویہ چینی حکومتی کے ترجمان جیسا تھا۔ عرب ریاست قطر اسی سال فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والی ہے اور اس ملک پر بھی انسانی حقوق کی صورت حال کی وجہ سے سخت تنقید کی جاتی ہے۔

[pullquote]ابھرتے ہوئے ’منصفانہ‘ ورلڈ آرڈر کے حصے کے طور پر روس کی طرف سے چین کی ستائش[/pullquote]

یوکرین میں ماسکو کی فوجی مداخلت کے بعد سے پہلی مرتبہ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف اہم اتحادی ملک چین کے اولین دورے پر ہیں۔ چین نے یوکرین پر روسی فوجی حملے کی اب تک کوئی مذمت نہیں کی۔ اس جنگ کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر روس مسلسل الگ تھلگ ہوتا جا رہا ہے مگر چین کی طرف سے روس کی سفارتی تائید و حمایت ابھی تک جاری ہے۔ اس تناظر میں روسی وزیر خارجہ لاوروف نے اپنے دورہ چین کے دوران کہا کہ عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے ایک منصفانہ ورلڈ آرڈر کے حصے کے طور پر چینی کردار قابل تعریف ہے۔ لاوروف افغانستان کے مستقبل سے متعلق بین الاقوامی ملاقاتوں اور علاقائی مشاورت کے لیے ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کے لیے چین گئے ہیں۔

[pullquote]افغانستان ’انتشار سے نظام تک کے عبوری دور‘ میں ہے، چینی صدر کا بیان[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ افغانستان اس وقت ’انتشار سے نظام تک کے عبوری لیکن نازک دور‘ سے گزر رہا ہے۔ چینی صدر نے یہ بات افغانستان سے متعلق بین الاقوامی مشاورت کے دوسرے دن کے مذاکرات سے قبل آج جمعرات کے روز اپنے ایک تحریری بیان میں کہی۔ افغانستان کے مستقبل کے بارے میں یہ بین الاقوامی بات چیت جنوبی چین کے صوبے اَن ہُوئی کے دارالحکومت تُنشی میں جاری ہے۔ صدر شی نے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم، خوشحال اور ترقی کرتا ہوا افغانستان نہ صرف افغان باشندوں کی خواہش ہے بلکہ یہ تمام ممالک کے مفاد میں بھی ہے۔

[pullquote]پیرس دہشت گردانہ حملے: مرکزی ملزم کوئی خود کش بم دھماکہ نہیں کرنا چاہتا تھا[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دو ہزار پندرہ کے دہشت گردانہ حملوں کے ایک مرکزی ملزم نے اپنے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ اس نے ایک خود کش جیکٹ پہنے ہونے کے باوجود کوئی بم دھماکہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پیرس میں بیک وقت کئی مقامات پر کیے گئے ان دہشت گردانہ حملوں میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان حملوں کا واحد زندہ ملزم داعش کا صالح عبدالسلام نامی شدت پسند ہے، جس نے یہ بیان ایک فرانسیسی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔ ملزم عبدالسلام نے کہا کہ اس نے کوئی خود کش بم دھماکہ نہ کرنے کا فیصلہ دانستہ طور پر کیا تھا مگر اپنے ساتھی شدت پسندوں کے ساتھ جھوٹ بولا تھا کہ اس کی جیکٹ میں بھرا ہوا بارودی مواد کوشش کے باوجود نہیں پھٹا تھا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی افغانستان کے لیے تقریباﹰ ساڑھے چار بلین ڈالر کی ریکارڈ مالی مدد کی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے رابطہ دفتر نے افغانستان کے لیے تقریباﹰ ساڑھے چار بلین ڈالر کی ریکارڈ مالی مدد کی اپیل کی ہے۔ اس اپیل کی جرمنی، برطانیہ اور قطر کی طرف سے بھرپور حمایت کی جا رہی ہے۔ یہ عالمی ادارے کے اس دفتر کی طرف سے کسی ایک ملک کی مدد کے لیے آج تک کی جانے والی سب سے بڑی مالی اپیل ہے۔ اس اپیل کے بعد بین الاقوامی برادری کی طرف سے ہندوکش کی اس ریاست کی مالی مدد کے اعلانات آج جمعرات سے شروع ہو جانے کی امید ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے رابطہ دفتر کے سربراہ مارٹن گریفِتھس نے کہا ہے کہ یوکرین کا مسئلہ بھی انتہائی اہم ہے لیکن افغانستان کو بھی فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔

[pullquote]روسی گیس کے لیے یورپی یونین سے آئندہ ادائیگیاں بھی یورو میں، پوٹن متفق[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ممالک روس کو اس کی برآمدی گیس کے لیے ادائیگیاں آئندہ بھی یورو میں ہی کر سکیں گے۔ یہ بات وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولس نے برلن میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یونین کی ریاستیں ماسکو کو گیس کے لیے ادائیگیاں روسی کرنسی روبل میں کرنے کی پابند نہیں ہوں گی۔ چانسلر شولس نے کہا کہ روسی صدر پوٹن نے یہ یقین دہانی انہیں فون پر گفتگو میں کرائی۔ یوکرین پر حملے کے بعد سے روس کو سخت پابندیوں کا سامنا ہے اور ماسکو چاہتا ہے کہ اسے گیس کی قیمتیں روسی کرنسی روبل میں ادا کی جائیں۔ یونین کے ممالک یورو میں ادائیگیاں ایک ایسے روسی بینک کے ذریعے کر سکیں گے، جس پر ابھی پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوتا۔

[pullquote]شمالی کوریا کا ’مونسٹر میزائل‘ کے تجربے کا دعویٰ، جنوبی کوریا کی طرف سے تردید[/pullquote]

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے اس حالیہ دعوے پر شبے کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے کہ کمیونسٹ کوریا نے گزشتہ ہفتے ایک ایسے نئے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، جسے ماہرین نے ’مونسٹر میزائل‘ قرار دیا تھا۔ پیونگ یانگ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک نیا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کر لیا ہے۔ سیول میں جنوبی کوریائی حکومت کے مطابق یہ دراصل وہی میزائل تھا، جس کا تجربہ شمالی کوریا نے سن دو ہزار سترہ میں کیا تھا۔ شمالی کوریا کے ریاستی میڈیا نے اس میزائل کے تجربے کو ’تاریخی واقعہ‘ قرار دیا تھا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے