سیچوان: چین کے صوبے سیچوان کے اسپتال میں ایک خاتون کان میں تکلیف اور مستقل گھنٹی بجنے کی آوازیں سنائی دینے کی شکایت لیے ہوئے آئی۔ ناک، کان اور حلق (ای این ٹی) کے ماہر ڈاکٹر نے تفصیلی معائنے کے بعد جب اسے کان میں درد اور گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دینے کا سبب بتایا تو وہ ششدر رہ گئی۔
ڈاکٹر ہان چنگ لونگ نے اینڈواسکوپی کرتے ہوئے خاتون کو بتایا کہ اس کے دائیں کان میں مکڑی نے گھر بنایا ہوا ہے اور مکڑی کا پورا خاندان اس کے کان میں رہائش پذیر ہے!
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر نے ابتدائی طور پر جب کان کے پردے کا معائنہ کیا تو اسے کوئی غیرمعمولی بات محسوس نہیں ہوئی مگر جب تفصیلی معائنہ کیا تو کان کے پردے کے پیچھے کوئی شے حرکت کرتی دکھائی دی۔بعدازاں ڈاکٹرہان چنگ لونگ نے اینڈو اسکوپی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران ڈاکٹر پر انکشاف ہوا کہ اوپر دکھائی دینے والا پردہ دراصل کان کا پردہ نہیں بلکہ مکڑی کا بنایا گیا جالا تھا۔
جالے کو توڑتے ہی مکڑی نے طیش میں آکر اینڈو اسکوپک ٹیوب پر حملہ بھی کر ڈالا۔ اینڈو اسکوپی اور مکڑی کو اس کے خاندان سمیت ’ کان بدر‘ کرنے کی یہ تمام کارروائی ڈاکٹر نے خصوصی آلے کی مدد سے انجام دی جس پر ویڈیو کیمرا لگا ہوا تھا، یوں یہ تمام کارروائی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی۔
درد ہونے پر خاتون کے کان میں ڈاکٹر ہان چنگ لونگ نے اینڈواسکوپی کرتے ہوئے خاتون کو بتایا کہ اس کے دائیں کان میں مکڑی نے گھر بنایا ہوا ہے اور مکڑی کا پورا خاندان اس کے کان میں رہائش پذیر ہے!#spider #earpain pic.twitter.com/wsm4KgUdOF
— Rabia Syed (@rabiasyed66) April 30, 2023
ڈاکٹر ہانگ چنگ لونگ نے اس کیس کے بارے میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کان کے تفصیلی معائنے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ تکلیف اور گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دینے کا سبب کچھ اور ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مکڑی نے کان کے پردے سے مشابہ جالا تان دیا تھا۔ جب میں نے پہلی بار اینڈواسکوپ کان میں داخل کی تو کوئی غیرمعمولی بات نظر نہیں آئی، مگر قریب سے دیکھنے پر احساس ہوا کہ پردے کے نیچے کوئی شے متحرک ہے۔ جب میں نے جالا ہٹایا تو مکڑی نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر بالآخر یہ پورا ’آپریشن‘ اطمینان بخش طریقے سے انجام پاگیا۔
ڈاکٹر ہانگ چنگ لونگ کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے مکڑی زہریلی نہیں تھی اور خاتون کے کان کو صرف معمولی نقصان پہنچا تھا۔