گلگت: استور سے راولپنڈی جانے والی باراتیوں کی بس تھلیچی پل کے قریب دریائے سندھ میں گر گئی، حادثے میں 23 افراد سوار تھے۔ دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ حکومتی ترجمان نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمت کوسٹر میں سوار 21 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کی جانب سے انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مسافروں کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
کمشنر دیامر اور ڈپٹی کمشنر دیامر کی زیر قیادت ریسکیو 1122 کا عملہ جائے وقوعہ پر روانہ ہوچکا ہے اور مختلف ٹیمیں دریا کے کنارے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ فیض اللہ فراق کے مطابق امدادی ٹیموں کو موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مسافروں کو بچانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔