کرائے کا خرچہ بچانے کیلئے 3 سال سے گاڑی کے اندر زندگی گزارنے والا شخص

کسی دوسرے شہر میں جاکر کام کرنے والے افراد کی تنخواہ کا بڑا حصہ گھر کے کرائے پر خرچ ہو جاتا ہے۔

مگر چینی دارالحکومت بیجنگ میں کام کرنے والے ایک شخص نے اس سے بچنے کے لیے ایک منفرد حکمت عملی کو اپنایا ہے۔

یہ پیر سے جمعرات تک ہر رات کو گاڑی کے اندر سوتا ہے اور جمعے کو اپنے شہر تیانجن میں واقع گھر چلا جاتا ہے جو بیجنگ کا پڑوسی شہر ہے۔

یان نامی یہ شخص پیر کی صبح ساڑھے 5 بجے تیانجن سے بیجنگ کے لیے نکلتا ہے اور 130 کلومیٹر ڈرائیو کرکے اپنے دفتر پہنچتا ہے۔

جمعے کی سہ پہر کو دفتری امور نمٹانے کے بعد یہ واپس گھر چلا جاتا ہے۔

لگ بھگ 3 سال سے یہ شخص اس طرز زندگی کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور گھر کے کرائے کے خرچے کو بچانے کے لیے اس نے 2022 میں ایک بڑی الیکٹرک گاڑی خریدی تھی۔

اس سے قبل یان نے بیجنگ میں ماہانہ ڈھائی ہزار یوآن کرائے پر ایک فلیٹ لیا تھا مگر اسے یہ خرچہ بہت زیادہ لگا۔

اس کی اہلیہ اور 2 بیٹے تیانجن میں مقیم ہیں اور یان کے مطابق آبائی شہر میں ملازمت کے مواقع محدود ہونے کے باعث اسے بیجنگ میں ملازمت کرنا پڑی۔

یان نے بتایا کہ ‘میں گزشتہ 3 سال سے اپنی گاڑی کے اندر رہ رہا ہوں، جب آپ کی گاڑی میں جگہ موجود ہو اور آپ آسانی سے چارجنگ اسٹیشن تلاش کرسکتے ہوں تو اس میں رہنے کا تجربہ برا نہیں ہوتا’۔

وہ اکثر ایک پارک کے قریب گاڑی کھڑی کرکے سو جاتا ہے اور صبح ساڑھے 6 بجے جاگتا ہے اور پھر پارک میں چہل قدمی کرتا ہے جس کے بعد گاڑی کے اندر ہی ناشتہ تیار کرتا ہے۔

اس نے بتایا کہ ‘کام کے بعد اکثر میں ٹی وی دیکھتا ہوں، گانے گاتا ہوں اور اپنے گھر والوں کو فون کرتا ہے، کئی بار میں کمپیوٹر پروگرام تحریر کرتا ہوں جبکہ عموماً رات 10 یا 11 بجے سو جاتا ہوں’۔

اس کا کہنا تھا کہ ‘ٹوائلٹ کو تلاش کرنے کے علاوہ مجھے کسی اور مشکل کا سامنا نہیں ہوتا’۔

یان نے بتایا کہ گاڑی میں رہنے سے اس کے ماہانہ خرچے میں نمایاں کمی آئی ہے، اب 800 یوآن میں اس کا مہینہ گزر جاتا ہے۔

اس نے بتایا کہ ‘میں اپنے طرز زندگی کے بارے میں دیگر افراد کی رائے پر برا نہیں مناتا’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے