دل کے انفیکشن سے کوما میں جانے والی طالبہ کالج میں داخلہ ملنے کی خبر سن کر بیدار ہوگئی

چین میں ایک طالبہ دل کے انفیکشن کی وجہ سے کوما میں چلی گئی تھی مگر وہ اس وقت اچانک جاگ گئی جب اس کے سامنے کالج میں داخلے کے خط کو لہرایا گیا۔

جی ہاں واقعی یہ عجیب واقعہ وسطی چین کے صوبے ہینان میں سامنے آیا۔

11 جولائی کو 18 سالہ جیانگ چیننان بخار اور سینے میں کھچاؤ کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچی۔

وہاں جانے سے قبل اس نے جون میں چین میں کالجز کے قومی سطح پر ہونے والا داخلہ امتحان دیا تھا۔

اسپتال میں ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ جیانگ کو دل کے ورم fulminant myocarditis کا سامنا ہے۔

یہ ایسا عارضہ ہے جو زیادہ عام نہیں، جس کے دوران دل میں ورم اچانک بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے جس سے اکثر مریض انتقال کر جاتے ہیں، جیانگ کو اس کا سامنا کیوں ہوا یہ ڈاکٹر ابھی تک جان نہیں سکے۔

اکثر اس کا سامنا وائرل انفیکشنز، جذباتی تناؤ اور ناقص طرز زندگی کے باعث ہوتا ہے۔

ڈاکٹروں کی تشخیص کے بعد جیانگ کو ایک اور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کوما میں چلی گئی اور آئی سی یو میں اسے مشینوں کے ذریعے زندہ رکھا گیا۔

جیانگ کی بہن نے بتایا کہ ہمارے خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، والد 2023 میں ایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے اور ان پر بھاری قرضہ ہے، اب بھی انہیں چلنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث وہ گھر تک محدود ہوگئے ہیں۔

جیانگ کی والدہ گلیوں میں غذائی اشیا فروخت کرکے گھر کو چلاتی ہیں جبکہ چھوٹا بھائی ابھی اسکول میں ہے۔

اس خاندان نے متعدد ذرائع سے قرضہ حاصل کرکے جیانگ کے علاج کے اخراجات ادا کیے جو ابھی 2 لاکھ یوآن سے زائد ہوچکے ہیں۔

کوما کے 8 ویں دن جیانگ کے والد کو کالج کا خط موصول ہوا جس میں بتایا گیا تھا کہ جیانگ کو داخلہ دیا جا رہا ہے۔

وہ اس خط کو اسپتال لے گئے اور بیٹی کو کہا کہ ‘ہم سب بہت خوش ہیں، تمہیں یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے’۔

جیانگ کے والد کے مطابق انہوں نے اس موقع پر طالبہ کی آنکھوں کو حرکت کرتے دیکھا۔

اگلے دن جیانگ کرشماتی طور پر جاگ گئی اور اپنے والدین سے ویڈیو کال پر بات کی۔

والد کے مطابق اگرچہ جیانگ بیدار ہوچکی ہے مگر اب بھی اسے بات کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق جیانگ ایک خوش قسمت اور کرشماتی لڑکی ہے کیونکہ اس کا دل اب مکمل طور پر ٹھیک ہوچکا ہے اور حالت بھی مستحکم ہے۔

ابھی تک وہ یہ نہیں جان سکے کہ وہ اچانک کیسے کوما سے بیدار ہوگئی۔

اب اسے آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ ستمبر میں وہ کالج جانے کے قابل ہو جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے