واشنگٹن ڈی سی: مسلمز آف امریکہ اور سکھز آف امریکہ کی جانب سے بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیرِ صحت کھادر فرید کو انسانی خدمات کے اعتراف میں ہیومینٹی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلمز آف امریکہ کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ حقیقی قیادت کا معیار صرف عوامی عہدہ نہیں بلکہ وہ مثبت اثرات ہیں جو کسی رہنما کی خدمات لوگوں کی زندگیوں پر چھوڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اس وقت سب سے زیادہ بامعنی ہوتی ہے جب وہ ہمدردی، عاجزی، رہنمائی اور دوسروں کی زندگی بہتر بنانے کے مخلصانہ جذبے پر مبنی ہو۔
اس موقع پر سکھز آف امریکہ کے چیئرمین ڈاکٹر جسدیپ سنگھ جسی نے کہا کہ ایسے افراد کی خدمات کا اعتراف ضروری ہے جو مذہبی، نسلی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے اسی وقت مضبوط بنتے ہیں جب خدمتِ انسانیت کرنے والوں کو عزت اور پذیرائی دی جائے۔
تقریب سے سٹیٹ سینٹرل کمیٹی، بالٹی مور کی رکن عائشہ خان نے بھی خطاب کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر مسلمز آف امریکہ اور سکھز آف امریکہ کی جانب سے کرناٹک کے وزیرِ صحت کھادر فرید کو انسانی خدمات کے اعتراف میں ہیومینٹی ایوارڈ پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ کھادر فرید کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک سے ہے اور وہ مسلمان رہنما ہیں۔ وہ متعدد انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدواروں کو شکست دے کر منتخب ہوئے اور اس وقت کرناٹک کے وزیرِ صحت کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔