انسان ویسے تو اپنی عام زندگی میں نہایت جذباتی ہوتا ہے، لیکن نیکی کرنے اور برائی چھوڑنے کے معاملے میں اکثر نہایت سست واقع ہوا ہے۔ جب انسان کوئی غلطی کرتا ہے تو بحیثیتِ انسان اس کا ضمیر اسے ملامت کرتا ہے۔ اس ملامت سے بچنے اور اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے وہ خود کو یہ دلاسہ دیتا ہے کہ کوئی بات نہیں، وقت کے ساتھ ساتھ یہ غلطی چھوڑ دوں گا۔ حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے؛ وقت گزرنے کے ساتھ اس کی غلطی ختم ہونے کے بجائے مزید جڑیں پکڑتی اور مضبوط ہوتی چلی جاتی ہے۔
یہاں انسان کی نفسانی خواہشات اس کے ارادے اور عمل کے درمیان رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ حالانکہ منطقی اعتبار سے انسان اس حقیقت سے بخوبی واقف ہوتا ہے کہ اگر آج وہ ایک فٹ کی غلطی چھوڑنے پر آمادہ نہیں تو کل جب یہی غلطی تین میٹر تک پھیل کر اس کی شخصیت کا حصہ بن جائے گی تو اسے چھوڑنا کس قدر مشکل ہوگا؟ بلکہ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ غلطی رفتہ رفتہ اس کی ایسی پختہ عادت بن جائے کہ اس کے بغیر زندگی گزارنا بھی اسے دشوار محسوس ہونے لگے۔
لہٰذا انسان کو اپنی اس نفسیاتی کمزوری کی طرف متوجہ ہونا چاہیے کہ غلطیوں کے معاملے میں وہ جو سستی کرتا ہے، اس کی وجہ نفسانی خواہشات ہوتی ہیں، جبکہ مستقبل میں برائی چھوڑنے کی جو امید انسان رکھتا ہے، وہ محض اپنے ضمیر کو دھوکہ دینے کا ایک طریقہ ہے۔
انسان کو اپنی اس نفسیاتی کمزوری کا ادراک کرتے ہوئے برائیوں کو چھوڑنے کا معاملہ کل پر نہیں چھوڑنا چاہیے، بلکہ برائیوں سے چھٹکارا پانے کے لیے فوری طور پر متحرک ہونا چاہیے۔
جب کسی غلطی کو چھوڑنے کے حوالے سے انسان کے ذہن میں یہ خیال آئے کہ آنے والے وقت میں مَیں اس غلطی کو چھوڑ دوں گا تو اسے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اس سوچ کی پشت پر مستقبل نہیں، بلکہ اس کے اندر پائی جانے والی نفسانی خواہشات ہیں۔ حالانکہ نفسانی خواہشات کا پورا ہونا ممکن نہیں، کیونکہ نفس کبھی نہیں بھرتا۔ جب خواہشات کے پیچھے نفس کارفرما ہو اور نفس کبھی نہ بھرتا ہو تو نفسانی خواہشات کی بنیاد پر غلطی کرنے کی کوئی حد مقرر نہیں رہتی۔ لہٰذا مستقبل کے چکر میں نفس جب ہمیں غلطی چھوڑنے کے حوالے سے الجھاتا ہے تو درحقیقت اس کا مقصود غلطی کو چھوڑنا نہیں، بلکہ اس پر دوام اختیار کرنا ہوتا ہے۔