راولپنڈی: بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری کے قریب سیالکوٹ میں چپھرار سیکٹر کے ایک سرحدی گاؤں کنڈان پور میں رات کے اندھیرے میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 5 شہری زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سرحد پر تعینات پنجاب رینجرز نے بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دیا اور بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی متعدد چوکیوں کو تباہ کردیا۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترِ خارجہ طلبی، احتجاجی مراسلہ دے دیا
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا اور انہیں احتجاجی مراسلہ بھی دے دیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں علاقے کے امن اور سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں اور یہ پاکستان کو قابلِ قبول نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جند روٹ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں لائن کمیونیکیشن کی مرمت کے کام میں مصروف پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔
تاہم پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 4 جنوری کو بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر پاکستانی علاقے فروال سیکٹر میں شہری آبادی کو خودکار اسلحے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔
پاک فوج نے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے خلاف بھر پور جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی کردیا تھا۔
خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ نومبر 2017 میں پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام کی ملاقات میں 2003 کے معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف وزری جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی فوجیوں نے 1881 مرتبہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت کل 87 افراد جاں بحق ہوئے۔